قارئین کی اطلاع کے لیے عرض ہے کہ گزشتہ ماہ ’’اردو تراجمِ قرآن پر ایک نظر‘‘ کا باقاعدہ سلسلہ مکمل ہو گیا ہے۔ ہماری اس گزارش کے جواب میں کہ ’’کچھ اختتامی کلمات لکھ دیں تو ایک طرح سے ’تتمہ‘ ہو جائے گا اور یہ سلسلہ بخیر و خوبی پایۂ تکمیل تک پہنچ جائے گا ان شاء اللہ تعالیٰ‘‘، جناب ابوالاعلیٰ سید سبحانی صاحب نے درج ذیل پیغام ارسال کیا ہے:
’’وعلیکم السلام ورحمۃ اللہ وبرکاتہ
امید کہ بخیر وعافیت ہوں گے
بہت بہت شکریہ آپ حضرات کا کہ دس سال سے زیادہ عرصے تک اس سلسلے کو اپنے موقر رسالے میں جگہ دی۔ سلسلے کی ابھی تکمیل نہیں ہوئی ہے۔ باقی ماندہ وقفے وقفے سے آتا رہے گا۔ باقی بکھرے نکات کو تلاش کرنا اپنے آپ میں ایک بڑا کام ہے۔
جزاکم اللہ خیرا‘‘
ہم محترم ڈاکٹر صاحب اور جناب سید سبحانی صاحب کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے ہمارے قارئین کو اردو تراجمِ قرآن کے تنوع اور ترجمہ کے دقیق اصولوں سے متعارف کرانے کا یہ علمی سلسلہ قائم رکھا۔ یہ تقابلی جائزہ نہ صرف مترجمین کی تعبیراتی ترجیحات کو واضح کرتا ہے بلکہ قرآن کریم کے معانی تک رسائی میں زبان اور اسلوب کی اہمیت کو بھی اجاگر کرتا ہے۔ اس سلسلہ کی موصول ہونے والی مزید اقساط ان شاء اللہ قارئین کی خدمت میں پیش کی جاتی رہیں گی۔
ادارہ الشریعہ