شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد القدوس قارن دنیا فانی سے کوچ کر گئے
گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر) شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد القدوس قارن دنیا فانی سے کوچ کر گئے۔ مرحوم کی نماز جنازہ جامعہ نصرت العلوم میں ادا کی گئی جس میں علماء، سیاسی رہنماؤں، ان کے لاکھوں شاگردوں، اہلِ علاقہ کے علاوہ ہر طبقہ و فکر سے تعلق رکھنے والوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مولانا عبد القدوس قارن کے جسدِ خاکی کو قبرستان کلاں میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ مولانا عبد القدوس قارن امام اہلِ سنت حضرت مولانا سرفراز خان صفدر رحمۃ اللہ علیہ کے فرزند ارجمند اور مفکر اسلام مولانا زاہد الراشدی کے چھوٹے بھائی تھے۔ ان کی وفات کی خبر ملک بھر میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی۔ مولانا عبد القدوس قارن نماز جمعہ کی تیاری میں مصروف تھے کہ اچانک طبعیت بگڑنے پر اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ ان کی وفات مکتبِ اہل سنت کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ ساری زندگی عاجزی، انکساری، محبت اور خلوص کے ساتھ اللہ کے دین کا کام کیا اور لاکھوں طلباء کو دینی علوم سے آراستہ کیا جو ان کے لیے بہترین صدقہ جاریہ ہیں۔ ان کی نماز جنازہ کے موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ عوام کا ایک جمِ غفیر اشکبار تھا جو ان کی ساری زندگی درس و تدریس سے وابستہ رہنے کا چرچہ کرتے رہے۔ انہوں نے اپنی ساری زندگی سادگی میں گزاری۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے ایک اچھے انسان، عالمِ باعمل کی کامل بخشش و مغفرت فرمائے۔
(روزنامہ تصویرِ گوجرانوالہ، گوجرانوالہ۔ ۱۶ اگست ۲۰۲۵ء)
(روزنامہ سلطنت، گوجرانوالہ۔ ۱۶ اگست ۲۰۲۵ء)
مولانا زاہد الراشدی کے بھائی مولانا عبد القدوس خان قارن کے انتقال پر مذہبی رہنماؤں کی طرف سے اظہارِ تعزیت
گکھڑ منڈی (نامہ نگار) مولانا عبد القدوس خان قارن کا انتقال، علمی و دینی دنیا سوگوار۔ اہلِ سنت کے علمی و دینی حلقوں کو ایک عظیم سانحے کا سامنا ہے۔ جامعہ نصرت العلوم گوجرانوالہ کے سینئر استاد جید محدث و محقق حضرت مولانا سرفراز خان صفدر کے فرزندِ ارجمند اور امیر مرکزیہ پاکستان شریعت کونسل مولانا زاہد الراشدی کے چھوٹے بھائی مولانا عبد القدوس خان قارن کے انتقال پر مذہبی رہنماؤں کی تعزیت۔ قاری محمد فیصل محمود قاسمی، محمد شریف طاہر، قاری محمد شعیب، مولانا محمد شاہد سرور، محمد طلحہ افضل، حاجی محمد اکمل طاہر، محمد اویس، محمد عابد بلال، محمد عظیم و دیگر نے دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبدالقدوس خان قارن نہ صرف علم و تقویٰ کا پیکر تھے بلکہ اہلِ حق کے نمائندہ بزرگوں میں سے تھے۔ ہم ان کے خاندان، شاگردوں اور متعلقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
(روزنامہ جمہوریہ پاکستان، گوجرانوالہ۔ ۱۹ اگست ۲۰۲۵ء)
حضرت مولانا عبد القدوس خان قارن کا انتقال، علمی و دینی دنیا سوگوار، خدماتِ دینیہ کی ایک روشن مثال
گکھڑ منڈی (محمد گلشاد سلیمی) حضرت مولانا عبد القدوس خان قارن کا انتقال، علمی و دینی دنیا سوگوار۔ اہلِ سنت کے علمی و حلقوں کو ایک عظیم سانحے کا سامنا ہے۔ جامعہ نصرت العلوم گوجرانوالہ کے سینئر استاد جید محدث و محقق امام اہل سنت حضرت مولانا سرفراز خان صفدر کے فرزندِ ارجمند اور امیر مرکزیہ پاکستان شریعت کونسل جانشینِ امام اہلِ سنت شیخ الحدیث حضرت مولانا زاہد الراشدی کے چھوٹے بھائی حضرت مولانا عبد القدوس خان قارن اپنے خالقِ حقیقی سے جا ملے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ مرحوم کی وفات کی خبر سے ملک بھر کے علمی، دینی، تدریسی و طلبہ حلقوں میں گہرا رنج و غم پایا جا رہا ہے۔ حضرت نے تمام عمر درس و تدریس، علومِ حدیث کی اشاعت اور دینی رہنمائی میں گزاری۔ ان کی سادگی، اخلاص، تواضع، علمی استقامت اور خدماتِ دینیہ ایک روشن مثال ہیں۔
اس موقع پر محمد شریف طاہر جالندھری صاحب اور قاری محمد فیصل محمود قاسمی (نائب صدر / جنرل سیکرٹری مدرسہ قاسم العلوم حنفیہ رجسٹرڈ ساروکی) نے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا: مولانا عبد القدوس خان قارن کا وصال ایک ایسا صدمہ ہے جس کی تلافی ممکن نہیں، وہ نہ صرف علم و تقویٰ کا پیکر تھے بلکہ اہلِ حق کے نمائندہ بزرگوں میں سے تھے۔ ہم ان کے خاندان، شاگردوں اور متعلقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
اس موقع پر قاری محمد شعیب مہتمم مدرسہ قاسم العلوم، مولانا محمد شاہد سرور، ممتاز کالم نگار محمد طلحہ افضل، حاجی محمد اکمل طاہر، محمد اویس، محمد عابد بلال، محمد عظیم و دیگر نے بھی دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حضرت کی وفات سے دینی و تعلیمی دنیا ایک عظیم استاد، مربی اور مشفق راہنما سے محروم ہو گئی ہے۔ ان کا علمی و روحانی فیضان ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
مرحوم کی نمازِ جنازہ میں ملک بھر سے جید علماء کرام، طلبا، دینی شخصیات، اداروں کے نمائندگان اور عام عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان و متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے آمین یا رب العالمین۔
(روزنامہ شیرِ پاکستان، لاہور۔ ۱۹ اگست ۲۰۲۵ء)
(روزنامہ سیاسی تقدیر، لاہور۔ ۱۹ اگست ۲۰۲۵ء)
جمعیت علماء اسلام ضلع خوشاب
امام اہلسنت حضرت شیخ سرفراز خان صفدر رحمہ اللّہ کے فرزند ارجمند اور مفکر اسلام حضرت مولانا زاہد الراشدی مدظلہ کے چھوٹے بھائی استاذ العلماء شیخ الحدیث مولانا عبدالقدوس قارن مرحوم کی وفات اسلامیان پاکستان کے لیے عظیم سانحہ ہے۔
ان خیالات کا اظہار جمعیت علماء اسلام ضلع خوشاب کے امیر مولانا عبداللہ احمد اور جنرل سیکرٹری مولانا حسین علی بلوچ اور عاملہ کے دیگر اراکین نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا۔ مولانا عبدالقدوس قارن رحمہ اللّہ دینی درسگاہ مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالا کی رونق و زینت تھے۔ سینکڑوں علماء کے استاذ اور ہزاروں دینی کارکنان کے مربی تھے، علمِ تفسیر و حدیث اور فقہ میں خاص مہارت رکھتے تھے اور کئی بہترین کتابوں کے مصنف تھے۔ حضرت مرحوم کی وفات سے امت کا ناقابلِ تلافی نقصان ہوا ہے۔ دعاگو ہیں کہ اللہ کریم ان کی مغفرت فرمائیں اور درجات بلند فرمائیں۔
منجانب: قاری فیصل احمد، سیکرٹری اطلاعات جمعیۃ علماء اسلام ضلع خوشاب
صابری نیوز
گکھڑ سٹی (صابری نیوز) امیدوار حلقہ NA66 بلال فاروق تارڑ کی علامہ زاہد الراشدی سے بھائی کی وفات پر تعزیت پسماندگان کو صبر جمیل اور مرحوم کی بلندی درجات کیلئے دعا گزشتہ روز گوجرانوالہ کے معروف عالم دین شیخ الحدیث مولانا عبد القدوس قارن کی بروز جمعہ اچانک وفات اور انتقال پر جی ٹی روڈ گکھڑ جامع مسجد اہل سنت والجماعت المعروف بوہڑ والی میں NA 66 کے متوقع ضمنی انتخابات میں امیدوار بلال فاروق تارڑ نے عالمی اسلامی اسکالر حضرت مولانا علامہ زاہد الراشدی، مرحوم کے صاحبزادوں اور بھائیوں قاری حماد الزہراوی اور منہاج الحق خاں راشد سے ملاقات کر کے دلی دکھ اور تعزیت کے ساتھ اظہار افسوس کیا اور مرحوم کی کامل بخشش و مغفرت کے ساتھ ساتھ پسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دعا کی تھی۔
ان کے ساتھ اظہار افسوس کرنے والوں میں نوجوان معروف عالم دین مولانا خالد محمود سرفرازی، چیئرمین وسیم یعقوب بٹ، عرفان مقبول بٹ، عبد الوحید بٹ، ریحان مقبول بٹ کے علاوہ قاری محمود اختر عابد اور کثیر تعداد میں شہری موجود تھے۔
علامہ زاہد الراشدی، بھائی مولانا عبد القدوس قارن مرحوم کی وفات پر خصوصی طور پر آبائی گھر گکھڑ تشریف لائے جو مغرب تک موجود رہے جہاں پر تعزیت کیلئے آنے والوں کا سلسلہ جاری تھا۔
عبد المجید توحیدی
چونیاں (سٹاف رپورٹر مفتی طاہر مبین نفیس) عبد المجید توحیدی الازہری صاحب صوبائی سالار جے یو آئی پنجاب نے مولانا عبد القدوس خان قارن صاحب کی وفات پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ استاذ الحدیث حضرت مولانا عبد القدوس خان قارن صاحب کی وفات علمی و روحانی دنیا کا عظیم نقصان ہے۔ انہوں نے عمر بھر علم و دین کی خدمت اور طلبہ کی تربیت میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ ان کا زہد، تقویٰ، علمی مقام اور نسبت مشائخ سے وابستگی ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ اللہ تعالیٰ حضرت کی مغفرت فرمائے، پسماندگان کو صبر جمیل عطاء فرمائے۔