بھارت کے جنگی جنون اور پاکستان پر مسلط کردہ جنگ کا بالواسطہ چین کو بہت فائدہ ہوا ہے، اس کے جدید ترین جنگی طیارے JF-17 اور J10-C اور PL-15 میزائل جو ابھی تک کسی جنگ میں ٹیسٹ نہیں ہوئے تھے، پاکستان پر اس مسلط کردہ جنگ میں کامیابی کے ساتھ اپنا ٹیسٹ پاس کر چکے ہیں۔ اور اس میں ہمارے ہوا بازوں اور مسلح افواج کے جوانوں کی پیشہ وارانہ مہارت، حاضر دماغی، جرأت و استقامت اور اللہ تعالیٰ کی غیبی نصرت کا بڑا دخل ہے۔
واضح رہے JF-17 تھنڈر چین اور پاکستان کی مشترکہ کاوش ہے اور اس میں پاکستانی انجینئروں اور ماہرین کی مہارت بھی شامل ہے۔
انگریزی کا محاورہ ہے It's not the guns but the men behind the guns یہ محاورہ درست ثابت ہوا۔ یعنی اسلحے کی اہمیت یقیناً مسلّم ہے، لیکن اصل اہمیت اس دل و دماغ اور ان ہاتھوں کی ہے جو اپنے ہدف پر اسلحے کو بروقت کسی جھجھک کے بغیر چلاتے ہیں۔
چین کو چاہیے کہ اپنا جدید ترین سٹیلتھ جیٹ فائٹر J35-A اور مزید جدید ترین میزائل بھی پاکستانی مسلح افواج کے سپرد کرے تاکہ انہیں بھی جنگی میدان میں ٹیسٹ کر لیا جائے۔ اس طرح بھارت سمیت دنیا پر اس کی دھاک بیٹھ جائے گی اور اس کے حربی سامان کی مارکیٹ اوپر چلی جائے گی۔
۱۰ مئی ۲۰۲۵ء