ماہنامہ "الشریعہ" میں غالباً سنہ 2002ء میں مولانا عیسیٰ منصوری ندوی کا ایک مضمون چھپا تھا جس میں برطانیہ کے دو شہروں میں موجود ردِ قادیانیت کا کام کرنے والی شاید 29 جماعتوں کی نام بنام فہرست تھی۔ یہ فہرست لکھنے کے بعد انھوں نے خواہش ظاہر کی کہ خدا ان تمام جماعتوں کو اکٹھے ہو کر کام کرنے کی توفیق دے تو یہ فتنہ برطانیہ سے ختم ہوجائے۔
یہ مضمون چھپے ایک آدھ سال ہوا تھا کہ مولانا موصوف پاکستان تشریف لائے تو ان سے ملاقات ہوئی۔ نہایت نستعلیق آدمی تھے۔ اس مضمون کے حوالے سے بات ہوئی تو میں نے دریافت کیا کہ اب کیا صورت حال ہے؟ فرمایا کہ ہنوز روز اول ہے۔ مسلمان کسی کام کے لیے متحد ہوتے ہی نہیں۔ عرض کیا کہ جب تک ان 29 جماعتوں کا بنک اکاؤنٹ ایک نہیں ہوگا تب تک یہ الگ ہی رہیں گی۔ مولانا بہت ہنسے اور بار بار تحسین کرتے رہے۔
آج فلسطین میں جاری انسانی المیے پر پاکستان کے ہر شہر میں ہر مذہبی و نیم مذہبی جماعت کے نکلنے والے الگ الگ جلوسوں کو دیکھ کر یہ دو دہائیاں پرانی بات بے طرح یاد آ رہی ہے۔
ربع صدی قبل مولانا عیسیٰ منصوری سے اس ملاقات کا اچانک موقع بنا جس کا نقش آج تک بالکل تازہ ہے۔ وہ ان دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے تھے۔ اس سے پہلے سے ان سے فون پر بہت رابطہ رہا تھا جو ملفوظات مولانا محمد الیاس کے انگریزی ترجمے کے دنوں میں ہوا۔ یہ ترجمہ Words & Reflections of Molana Muhammad Ilyas کے نام سے 2001ء میں شائع ہوا۔ مولانا نے اس ترجمے کو بالاستیعاب دیکھا تھا اور کئی اہم رائیں مرحمت فرمائی تھیں۔ ان دنوں وہ تبلیغی مرکز ڈیوزبری کی مسجد کے امام و خطیب تھے۔
آج کچھ دیر پہلے مولانا عیسیٰ منصوری اپنی مہلتِ عمل پوری کر کے سفرِ آخرت پہ روانہ ہوگئے۔ خدا ان کے درجات بلند کرے اور اپنے شایانِ شان ان کا استقبال فرمائے۔ آمین۔




















