مولانا عیسیٰ منصوریؒ سفرِ آخرت پر روانہ ہو گئے۔ اللہ ان کی حسنات کو قبول فرمائے اور درجات بلند کرے۔ آمین۔ ماہ نامہ الشریعہ کے ذریعے ان کی تحریریں مطالعے میں آئیں جن میں مطالعے کی وسعت، عصری تقاضوں پر نظر، برصغیر کے بزرگوں کے تراث پر گہری نظر اور اپنی روایت کے ساتھ مضبوط تمسک وغیرہ جیسی خصوصیات عیاں ہوتی تھیں۔ ہندوستان سے ان کا تعلق تھا اور مولانا یوسفؒ، مولانا زکریاؒ اور دیگر بزرگوں سے مستفید تھے۔
ان کی ایک خصوصیت جو کم لوگوں میں ہوتی ہے، اپنوں کے لیے بھی بعض اوقات بے لاگ احتساب کی بات کرنا تھا۔ چناں چہ الشریعہ میں ان کا ایک مقالہ مشیخت کے دینی مفاسد کے حوالے سے شائع ہوا تھا جس میں دیوبندی حلقے میں تصوف کے حوالے سے شخصیت پرستی کی بعض خرابیوں پر تنقید کی گئی تھی حالاں کہ، جیسا کہ ذکر ہوا، وہ خود تبلیغ و تصوف دونوں سے وابستہ رہے۔ خود احتسابی کی آواز وہی لوگ اٹھاتے ہیں جنھیں کسی حلقے میں اپنے عقیدت مند بڑھانے کی خواہش نہ ہو اور دل سے اصلاح کے آرزومند ہوں۔
لندن میں ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین تھے اور دیارِ مغرب میں رہ کر دین کا بہت سا کام کیا۔ الشریعہ کے مقالات کے علاوہ ان کی فکر سے شناسائی ان کی زیر نظر کتاب سے بھی ہوئی، جو ان کے ایک ماہرِ تعلیم اور زمانے کے نبض شناس محقق ہونے کا پتا دیتی ہے۔
امام شاہ ولی اللہؒ کی فکر سے شناسا ہونے کے ناتے وہ اس بات پر زور دیتے ہیں کہ علما زندگی کے تمام دائروں میں دین کے احکام سے آشنا اور ان کی عملی جدوجہد کرنے والے ہوں۔ اس کتاب (برصغیر کے دینی مدارس: نصاب و نظام کا ایک جائزہ) میں درس نظامی پر عالمانہ نظر ڈالی گئی ہے اور اس کی زمانے کے تقاضوں کے مطابق اصلاح کی آرا دی ہیں اور یہ چیز کسی خود رائی کے بجائے اکابر کی فکر کی روشنی میں مبرہن کی ہے۔
احمد جاوید صاحب کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ اربابِ تصوف پر تنقید کر رہے ہیں کہ یہاں اپنی تعریف سننے کا رجحان ہے، حبِ جاہ ہے وغیرہ۔ احمد جاوید صاحب کی گفت گو میں شاید مبالغہ بھی ہے لیکن بعض لوگ اس پر نہایت شدید تبصرے کر رہے ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ گروہی تعصبات پر ضرب پڑنے سے انسان کی انا کس قدر زخمی ہو جاتی ہے۔ احمد جاوید صاحب کوئی باہر کے آدمی نہیں بلکہ مولانا حسین احمد مدنیؒ کے تلمیذ سید اصلح الحسینیؒ کے مرید ہیں اور تصوف کے ذوق آشنا شخصیت ہیں۔
ہمارے ہاں موجودہ مشیخت میں جو خرابیاں پیدا ہو چکی ہیں ان پر انڈیا کے ایک دیوبندی عالم مولانا عیسیٰ منصوریؒ (جو تبلیغ و تصوف کی جامع شخصیت ہیں) نے ایک سخت تنقید لکھی تھی جو ماہ نامہ الشریعہ میں شائع ہوئی تھی۔ اس میں شک نہیں کہ تصوف کی راہ میں اخلاص کے چراغ بھی جل رہے ہیں لیکن بیش تر صورتوں میں معاملہ "منظور تھی تعداد مریدوں کی بڑھانی" والا ہے۔ کئی پیروں کی نظر تو امرا کے سوا کسی معمولی آدمی پر نہیں ٹکتی۔ جتنا تسلط اس ادارے پر جہلا کا ہو چکا ہے، شاید ہی کسی ادارے پر ہو گا۔
اس لیے تعمیری تنقید اس ادارے کی تطہیر کے لیے ضروری ہے اور احمد جاوید صاحب جیسے بزرگوں کی تنقید کو اس سلسلے میں نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ تعریف سن کر انسان خوش ہی ہوتا ہے جب کہ نفس کے کس بل تنقید سے نکلتے ہیں۔




















