برطانیہ کے ممتاز عالم دین، صاحب قلم، داعی دین اور ورلڈ اسلامک فورم کے بانی و چیئرمین حضرت مولانا محمد عیسیٰ منصوری صاحبؒ کے انتقال کی خبر انتہائی رنج و غم اور افسوس کے ساتھ موصول ہوئی۔
مولانا کے سانحۂ ارتحال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ حضرت مولانا کی وفات عالم اسلام، بالخصوص برطانیہ کی دینی، علمی اور دعوتی فضا کے لیے ایک بڑا خسارہ ہے۔ ان کی زندگی علم و فکر، دعوت و تبلیغ، اصلاح معاشرہ اور ملت اسلامیہ کی فکری رہنمائی کے لیے وقف تھی۔
مولانا منصوریؒ ان اہل علم میں سے تھے جنہوں نے دین کی خدمت کو کسی ایک خطے یا محدود دائرے تک محصور نہیں رکھا، بلکہ عالمی تناظر میں امت مسلمہ کے مسائل، فکری چیلنجز اور دعوت دین کے تقاضوں کو سمجھنے اور ان کے مؤثر حل کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔ برطانیہ میں اسلامی دعوت کے فروغ، مسلمانوں کی دینی و فکری تربیت اور مغربی تہذیب کے فکری چیلنجز کے مقابلے میں علمی و تحقیقی رہنمائی فراہم کرنے میں ان کا نمایاں کردار رہا۔
حضرت مولانا عیسیٰ منصوریؒ مشرقی لندن کے تبلیغی مرکز کے ابتدائی ائمہ میں شامل رہے۔ حضرت مولانا انعام الحسن کاندھلویؒ کے مشورے سے برطانیہ تشریف لے گئے اور طویل عرصے تک دعوت و تبلیغ اور دینی رہنمائی کے فرائض انجام دیتے رہے۔ آپ نے ورلڈ اسلامک فورم کے قیام کے ذریعے عالمی سطح پر علمی، فکری اور دعوتی سرگرمیوں کو منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ آپ ایک صاحب مطالعہ دانش ور، صاحب قلم اور صاحب فکر عالم تھے۔ آپ کے سینکڑوں مضامین اور متعدد علمی و فکری تصانیف اس بات کی گواہ ہیں کہ آپ کو عصر حاضر کے مسائل اور امت مسلمہ کے حالات سے گہری دلچسپی تھی۔
مولانا شہزاد انوری نے حضرت مولانا سے اپنی یادگار ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی علمی و روحانی شخصیات سے ملاقات انسان کے لیے محض ایک رسمی ملاقات نہیں ہوتی، بلکہ ان کے علمی وقار، دینی درد، خلوص اور امت کے تئیں فکر و تشویش سے بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ حضرت مولانا کی شخصیت میں علمی متانت، فکری پختگی، دعوتی جذبہ اور ملت کا درد نمایاں تھا۔ ان سے ملاقات کی یادیں ہمیشہ دل و دماغ میں محفوظ رہیں گی۔
انھوں نے حضرت مولانا کے اہل خانہ، متعلقین، تلامذہ، رفقاء اور تمام محبین کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس غم کی گھڑی میں ہم سب ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ اللہ تعالی تمام پس ماندگان کو صبر جمیل، اجر عظیم عطا فرمائے اور اس عظیم صدمے کو برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے آمین۔
تغمدہ اللہ بغفرانہ۔




















