مولانا عیسیٰ منصوری بھی رخصت ہوئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔ ان کا نام پہلے پہل ماہ نامہ الشریعہ گجرانوالہ کے صفحات میں نظر سے گزرا، وقفے وقفے سے اس زمانے میں وہ کچھ نہ کچھ لکھتے رہتے تھے، اور پاکستان میں ان کی تحریریں عام طور پر الشریعہ کی ہی زینت بنا کرتی تھیں۔ بعض صورتوں میں ان کی بعض تحریریں بعد میں دوسری جگہ بھی شائع ہوا کرتی تھی۔ کچھ عرصے کے بعد دینی مدارس کے حوالے سے ان کی کتاب سامنے آئی، یہ کتاب بھی الشریعہ اکادمی گجرانوالہ سے ہی ہم دست ہوئی، کتاب کے اسلوب کی وجہ سے کتاب سے زیادہ صاحبِ کتاب سے دل چسپی پیدا ہوئی۔ پھر ان کی مزید کچھ تحریریں بھی دیکھنے کو ملیں۔
اسی دوران غالباً 2010ء یا 2011ء کی بات ہے کہ مولانا کراچی تشریف لائے، وہ اس سے پہلے سے پاکستان کے سفر پر تھے۔ مولانا زاہد الراشدی صاحب نے ہمیں اطلاع بھی فراہم کی اور یہ بھی کہا کہ انہیں کراچی کے کچھ اہم اداروں میں لے جانا اور کچھ اہم شخصیات سے ملوانا ہے۔ کراچی آنے کے بعد وہ اتنا مصروف ہوئے کہ خود ہم سے ملاقات مشکل ہو گئی۔ پھر ایک روز ان کے میزبانوں کی طرف سے فون آیا کہ مولانا ملنا چاہ رہے ہیں اور وقت کم ہے۔ اس اطلاع کے بعد صرف 25 منٹ کے لیے تشریف لائے، میں نے تھوڑا سا شکایت بھی کی، انہوں نے کہا میں مصروف رہا، اب ایک دن پہلے مولانا زاہد الراشدی نے مجھے سخت الفاظ میں تنبیہ کی ہے کہ تم فلاں فلاں اداروں میں کیوں نہیں گئے۔ یہ مولانا عیسیٰ منصوری کے اپنے الفاظ تھے۔ پھر جب ان سے کچھ گپ شپ ہوئی اور ہمارے مختصر سے کام کا کچھ تعارف ہوا۔ انھوں نے کچھ چیزیں دیکھیں تو اسی بات کا اظہار کیا کہ مجھے واقعی یہاں زیادہ وقت دینا چاہیے تھا۔ ڈاکٹر محمود احمد غازی رحمہ اللہ سے ان کو کافی عقیدت سی تھی، ان کی کچھ ہی کتابیں اس وقت ہمارے ہاں سے شائع ہوئی تھیں، اگرچہ چند ہی کتب تھیں، لیکن وہ میں نے آپ کے سامنے پیش کیں، السیرہ کے چند شمارے ان کے سامنے رکھے، بہت ہی دل چسپ اظہار کیا اور جانے کے بعد اپنے تاثرات میں بھی ایک سے زائد مرتبہ ہماری اس چھوٹی سی بیٹھک کا اظہار ایسے کیا گویا کہ کسی بڑے ادارے سے وہ متعارف ہوئے ہوں۔ اس کا ایک خاص سبب تھا اور وہ خاص سبب ان کی افتادِ طبع تھی، وہ عام دینی اداروں سے زیادہ تحقیقی مزاج کے افراد اور اداروں سے ملنے میں مسرت محسوس کرتے تھے، ہم سے انسیت کا سبب بھی یہی تھا۔ پھر ان سے مستقل رابطہ قائم ہو گیا، یہ رابطہ ان ہی کی طرف سے تھا اور فون کی صورت میں تھا، ہر مہینے دو مہینے بعد فون کرتے تھے اور اپنے جذبات کا اظہار کرتے۔
مجھے یاد ہے کہ ایک بار رمضان المبارک میں ان کے ہاں افطار کا وقت ہوگا، نماز مغرب سے فارغ ہو کر انہوں نے مجھے فون کیا، ہمارے ہاں شاید تراویح کے بعد کا وقت تھا، پاکستان اور انگلینڈ کے اوقات کا بھی کافی فرق ہوتا ہے، وہ اس بات پر سخت شاکی تھے کہ پاکستان اور ہندوستان کے مدارس کے حضرات بالکل پاکستان ہندوستان کے انداز میں انگلینڈ کے مختلف شہروں میں، مختلف مساجد میں، خصوصاً مغرب کی نماز اور تراویح کے بعد اسی انداز میں اپنے کندھے پر ڈالے جانے والے رومال سڑک پر بچھا کر بیٹھے ہوئے ہیں اور آنے جانے والوں سے امداد کا تقاضا کر رہے ہیں، وہ سخت شاکی تھے کہ مسلمانوں کی طرف سے خود پاکستان کی کون سی شکل گوروں کے سامنے رکھی جا رہی ہے؟ یہاں کے دینی طبقے کا کیا تصور قائم ہو رہا ہوگا؟ اور یہاں کے دینی اداروں کے بارے میں وہ لوگ کیا رائے قائم کر رہے ہوں گے؟
مولانا کا تعلق ہندوستان سے تھا اور ان ابتدائی لوگوں میں سے تھے جو انگلینڈ میں مرکز نظام الدین کی طرف سے مامور کیے گئے تھے تاکہ وہاں تبلیغی جماعت کے کام کو منظم کیا جا سکے۔ مولانا ابو الحسن علی ندوی رحمہ اللہ سے بہت متاثر بھی تھے اور ان کے انتہائی قدردان بھی۔ ان کا ذکر عام طور پر ان کے بیان اور تحریر کا حصہ ہوتا۔ اسی طرح مولانا علی میاں کے بعد مولانا رابع ندوی سے ان کا تعلق استوار رہا۔ ہندوستان کے بہت سی اہم اور متحرک شخصیات سے ان کے قریبی روابط رہے، ملاقاتیں تو وہ جی بھر کے کیا کرتے اور کسی سے بھی ملنے میں انہیں ادنیٰ تامل نہیں ہوتا تھا۔ یوں کہا جا سکتا ہے کہ ایک بھرپور دعوتی مزاج کے حامل تھے۔
جیسا کہ عرض کیا گیا کہ ان سے فون پر ہی رابطہ رہتا اور اکثر یہ ہوتا کہ وہ کوئی گھنٹہ گھنٹہ یا 25 منٹ سے لے کر 45 منٹ تک گفت گو فرماتے اور مسلسل گفت گو فرماتے اور آخر میں یہ کہتے کہ اچھا ان شاء اللہ پھر بات ہوگی اور فون بند کر دیتے۔ درمیان میں کم کم ایسا موقع ہوتا کہ میں کچھ کہتا، ورنہ عموما ہم "ہوں" "ہاں" سے ہم کام چلاتے اور جی اور ہاں کی نوبت بھی کئی کئی منٹ کے بعد ہی محسوس ہوتی۔ کچھ عرصے پہلے جب ان کی علالت میں شدت ہوئی تب ان سے پھر فون کا یہ رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
بھلے آدمی تھے، متحرک اور سرگرم ہونے کے ساتھ ساتھ نہایت تحریکی شخصیت، تحریکی شخصیت کی ایک خوبی یا مزاج کا خاصا یہ بھی ہوتا ہے کہ وہ نچلا بیٹھا نہیں جانتا، ان کے فیصلے کہاں کہاں درست ثابت ہوئے اور ان کی طبیعت نے خود انہیں کہاں اور کیا نقصان پہنچایا، یہ ان کے منتسبین جانیں، یا ان کے قریب رہنے والے افراد، لیکن زندگی بھر جب تک ان کے ہاتھ پیر چلتے رہے کچھ نہ کچھ کرتے رہے۔ یہ غیر معمولی بات ہے، خاص طور سے ہم جیسے سست اور کاہل لوگوں کے لیے، جو اس قدر آرام پسند ہیں کہ اگر ہمیں دو وقت کا کھانا ملتا رہے تو ہم سمجھتے ہیں کہ دنیا بھر کی ذمے داریاں ہم پوری کر چکے ہیں۔
اللہ تعالیٰ ان کی بال بال مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، ان کی حسنات کو قبول فرمائے اور ان کے اچھائیاں بعد آنے والے لوگوں کو عطا فرمائے۔




















