▲ ☰

مولانا منصوریؒ سے میرا تعلق اور چند یادیں

سب سے پہلے میں حضرت مولانا محمد عیسیٰ منصوری رحمۃ اللہ علیہ کے تمام اہلِ خانہ، متعلقین اور خاص وابستگان کی خدمت میں تعزیت پیش کرنا چاہتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند فرمائے، تمام پسماندگان کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے، اور ہمیں حضرت مولانا کے کام، ان کے مشن اور ان کے مخصوص فکری نظریات کو آگے بڑھانے کی توفیق عطا فرمائے۔

حضرت مولانا سے میرا بہت قدیم تعلق تھا۔ تقریباً بیس سال سے مولانا کا یہاں کاندھلہ آنے کا معمول تھا۔ جب بھی وہ ہندوستان تشریف لاتے تو یہاں ضرور آتے اور عموماً ایک رات قیام فرماتے تھے۔ کبھی کبھار دو راتیں بھی ٹھہرتے تھے، بلکہ ایک مرتبہ ان کا قیام تین دن تک رہا۔ مولانا جب تک یہاں قیام فرماتے، اپنی علمی اور فکری مشغولیات میں مصروف رہتے تھے۔ بہت سے لوگوں کو جب معلوم ہوتا کہ مولانا یہاں تشریف فرما ہیں تو وہ ان سے ملاقات کے لیے آتے۔ دہلی، دیوبند، سہارنپور اور دیگر مقامات سے لوگ آتے، اپنے معاملات میں مشورہ کرتے اور رہنمائی حاصل کرتے تھے۔ مولانا ہر شخص کو اچھا مشورہ دیتے تھے۔ ان کی فکری پرواز میرے خیال میں عام لوگوں سے کہیں زیادہ بلند تھی، لیکن مجھے یہ احساس ہوتا ہے کہ ان کی فکری صلاحیتیں اور خیالات نہ پوری طرح قلم بند ہو سکے اور نہ باقاعدہ مرتب کیے جا سکے۔

ان سے علمی، فکری، مدارس، ملت کی سیاست اور ہندوستان و پاکستان میں جاری مختلف اختلافات و مباحث پر گفتگو ہوتی تھی۔ تبلیغی جماعت کے ساتھ ان کا خاص قلبی تعلق تھا، کیونکہ وہ نوجوانی ہی میں تبلیغی جماعت سے وابستہ ہو گئے تھے اور نظام الدین آنا جانا شروع کر دیا تھا۔ حضرت مولانا محمد یوسف صاحب کے دور میں بھی یہ تعلق قائم رہا۔

مولانا منصوری صاحب کے لندن جانے اور وہاں قیام اختیار کرنے کے سلسلے میں بھی حضرت مولانا کا مشورہ اور تعاون شامل تھا۔ وہ حضرت مولانا کی رائے اور مشورے کے مطابق انگلینڈ گئے تھے اور پھر وہیں کے ہو کر رہ گئے۔ آپ سب جانتے ہیں کہ مولانا نے وہاں بھی علمی اعتبار سے خاصا کام کیا۔ خصوصاً ان کا قائم کردہ ادارہ ان کی ایک بڑی یادگار ہے۔ اس ادارے کو آگے بڑھانا اور ترقی دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

مولانا کی تحریری علمی کاوشیں، جہاں تک مجھے معلوم ہے، بہت زیادہ نہیں ہیں، لیکن ان کی جو چند تحریریں میری نظر سے گزری ہیں، ان میں ان کے بنیادی نظریات نمایاں ہوتے ہیں۔ ضرورت ہے کہ ان نظریات کو آگے بڑھایا جائے اور ان پر مزید کام کیا جائے۔ کتابوں کا مطالعہ کرنا، ان پر تبصرہ کرنا، دنیا بھر میں مسلمانوں کے حالات پر نظر رکھنا اور ان معاملات پر اظہار خیال کرنا ان کے مزاج کا اہم حصہ تھا۔ آج اس طرح کا کام بہت کم رہ گیا ہے، حالانکہ اس کی بہت ضرورت ہے۔

ہندوستان میں ان کا سب سے زیادہ تعلق غالباً حضرت مولانا سلمان حسینی ندوی رحمۃ اللہ علیہ سے تھا۔ وہ ان کے پاس کافی وقت گزارتے، ان کے منصوبوں، کاموں اور مشوروں میں شریک رہتے اور ان کے ساتھ سفر بھی کرتے تھے۔ بعض اسفار میں مجھے بھی شرکت کی دعوت دی گئی، لیکن میں نے بعض وجوہ کی بنا پر شرکت مناسب نہیں سمجھی۔ بہرحال ان کے ذریعے ہمیں معلوم ہوتا رہتا تھا کہ یہ حضرات کیا کام کر رہے ہیں، ان کے منصوبے کیا ہیں اور ان کے اسفار کے مقاصد کیا ہیں۔

میرے خیال میں مولانا محمد عیسیٰ منصوری جیسے لوگ بہت کم ہوتے ہیں۔ ایسے افراد کم نظر آتے ہیں جو مسلمانوں کے معاملات اور مسائل پر اس انداز سے توجہ دیں، ان پر لکھیں، متعلقہ اہلِ معاملہ کو متوجہ کریں اور امت کے اجتماعی مسائل کے بارے میں مسلسل فکر مند رہیں۔ ایسے لوگوں اور اس طرح کے کام کی آج بہت ضرورت ہے۔ ضروری ہے کہ ہم مولانا کے اس مزاج اور طرز فکر کو آگے بڑھائیں، اور یہ کام باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر کریں۔ اختلافِ رائے ایک فطری امر ہے، لیکن اختلافِ رائے اور مخالفت دو الگ چیزیں ہیں۔ بدقسمتی سے ہمارے ہاں اختلافِ رائے کے بجائے مخالفتیں شروع ہو جاتی ہیں اور ہم ایک دوسرے کے مقابل آ کر شدت اختیار کر لیتے ہیں۔ یہ طرز عمل مولانا کو ناپسند تھا۔ میرے نزدیک یہ محض ناپسندیدہ نہیں بلکہ شریعت کے مزاج اور تعلیمات کے بھی خلاف ہے۔

مولانا کا ایک معتدل اور متوازن راستہ تھا۔ وہ مختلف لوگوں اور گروہوں سے بات کرتے، ان سے ملاقات کرتے، ان کے خیالات سنتے اور ان سے دعوت و خطاب کا تعلق رکھتے تھے۔ ہمیں بھی یہی رویہ اختیار کرنا چاہیے: اختلافات کے باوجود رابطہ رکھنا، گفتگو کرنا، دوسروں کے خیالات سمجھنا اور مشترکہ دینی و ملی مقاصد کے لیے کام کرنا۔

مولانا کے ساتھ میرا تحریری رابطہ بھی رہتا تھا۔ وہ کبھی کبھار مجھے خطوط لکھا کرتے تھے، اگرچہ خطوط کی تعداد زیادہ نہیں تھی۔ البتہ ٹیلی فون پر رابطہ رہتا تھا۔ تقریباً ہر ڈیڑھ ماہ میں ایک مرتبہ گفتگو ہو جاتی تھی۔ کبھی میں بھی انہیں فون کر لیتا تھا اور ان گفتگوؤں میں طویل بات چیت ہوتی تھی۔

آخر میں دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ حضرت مولانا محمد عیسیٰ منصوری رحمۃ اللہ علیہ کی مغفرت فرمائے۔ انہوں نے اپنی سمجھ، فکر اور اخلاص کے مطابق دین و ملت کے لیے کام کیا۔ کسی کو ان کی کوششوں سے اتفاق ہو یا اختلاف، ہم انہیں ایک مخلص انسان سمجھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ انہیں بہترین بدلہ عطا فرمائے، آخرت میں ان کے درجات بلند فرمائے اور جو کام وہ چھوڑ گئے ہیں اسے مکمل کرنے اور آگے بڑھانے کی ہم سب کو توفیق عطا فرمائے۔

(اشاعت بیاد مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ)

اشاعت بیاد مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ

اشاعت بیاد مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ
اداریہ

ورلڈ اسلامک فورم کا خصوصی تعزیتی ریفرنس
مفتی عمیر ذوالفقار

مولانا منصوریؒ کا مشن آگے بڑھانے کی ضرورت
مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

مولانا منصوریؒ سے میرا تعلق اور چند یادیں
مولانا نور الحسن راشد کاندھلوی

مولانا منصوریؒ کی فکری و علمی جدوجہد اور مشفقانہ مزاج
حضرت مولانا قاسم رشید

آہ! مولانا عیسیٰ منصوری رحمۃ اللہ علیہ
ڈاکٹر محمد اکرم ندوی

مولانا محمد عیسیٰ منصوری: ایک عالم، ایک مفکر اور ایک صاحبِ بصیرت دانشور
ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی

حضرت مولانا عیسیٰ منصوری رحمۃ اللہ علیہ
مولانا رضاء الحق سیاکھوی

مولانا عیسیٰ منصوری کی چند یادیں
ڈاکٹر شہزاد اقبال شام

مولانا عیسیٰ منصوریؒ کی افتادِ طبع
ڈاکٹر حافظ سید عزیز الرحمٰن

برطانیہ میں ایک اور مخلص و فعال عالم دین چل بسے
محمد غزالی خان

مولانا منصوریؒ کی علمی و دعوتی خدمات کو خراجِ عقیدت
مولانا شہزاد انوری
سہیل احمد بلالی

مولانا منصوریؒ کی زندگی پر ایک طائرانہ نظر
مولانا ابوحذیفہ قاسمی

مولانا عیسیٰ منصوریؒ — امیرِ شریعتؒ کے شہر میں!
مولانا حافظ سید محمد کفیل بخاری

مولانا منصوریؒ اور مسلمانوں کا اتحاد
ڈاکٹر حافظ صفوان محمد چوہان

خود احتسابی کی آواز اٹھانے والی شخصیت
مولانا سید متین احمد

حضرت مولانا عیسیٰ منصوری صاحب رحمہ اللہ کی وفات
مولانا مختار عالم سہرساوی

مولانا منصوریؒ سے ایک مختصر ملاقات
مولانا محسن خان ندوی

عالمِ اسلام ایک ممتاز عالم، صاحب قلم اور مفکر سے محروم ہوگیا
ڈاکٹر پرنس فیروز احمد منصوری

مولانا منصوریؒ کی وفات — فکری اور دعوتی خسارہ
مولانا محمد عرباض خان سواتی

مولانا عیسیٰ منصوریؒ کی رحلت
مفتی نہال عالم ندوی

ایک صاحب علم و فکر کا سانحۂ ارتحال
مفتی سعید ندوی

مختصر تعزیتی پیغامات و تاثرات
میڈیا

تلاش

شماریات