▲ ☰

مولانا عیسیٰ منصوری کی چند یادیں

مرحوم چچا خداداد نے حکم دیا کہ مولانا کو ان کی مرضی کے مطابق اسلام آباد کی سیر کرا لاؤ۔ عرض کیا: "لیکن میرے پاس موٹر سائیکل ہے جو معزز مہمان کے شایان شان نہیں ہے"۔ دھاڑ کر بولے: "یہ "معزز مہمان" تمہاری کسی یونیورسٹی کے پروفیسر نہیں ہیں۔ یہ بوریا نشین اللہ والے مقصد پر نظر رکھتے ہیں, اسباب پر نہیں۔ چلو جاؤ"۔ یہ کہہ کر انہوں نے مولانا عیسیٰ منصوری کو میرے سپرد کر دیا۔ ویسٹرج راولپنڈی سے ہم چلے تو عرض کیا: "جی مولانا, اب آپ اپنی مرضی بتلائیے"۔ بولے: "دیکھیے ملک صاحب (چچا خداداد) کے گرجنے برسنے کو چھوڑیے۔ سر فہرست لال مسجد کے مولانا عبداللہ سے ملاقات پیش نظر ہے۔ جمعہ کا دن ہے، جمعہ وہی پڑھ لیتے ہیں۔ اس سے قبل اور بعد میں آپ مجھے یونیورسٹی کے اپنے ساتھیوں سے ملوا دیجیے"۔

90 کی دہائی کا کوئی سال تھا۔ یہ یاد نہیں کہ ہم کس کس سے ملے تھے۔ یہ البتہ یاد ہے کہ ہر کسی سے مختصر سی ملاقات کے بعد ہم اگلی منزل کی طرف چل پڑتے تاکہ زیادہ سے زیادہ احباب سے ملاقات ممکن ہو۔ مولانا کی خواہش پر ملاقاتوں کا آغاز میں نے مرشدی ڈاکٹر محمود احمد غازی رحمہ اللہ ڈائریکٹر جنرل دعوہ اکیڈمی سے کیا، بڑے تپاک سے ملے۔ ملاقات ان کے دفتر میں تھی۔ انہوں نے مولانا کو اکیڈمی کی کچھ کتابیں تحفتاً دیں۔ یاد پڑتا ہے کہ ہمارا اگلا پڑاؤ استاد مکرم ڈاکٹر سہیل حسن صاحب کے ہاں تھا۔ اگر میں غلطی پر نہیں ہوں تو عالی مقام مفتی تقی عثمانی کے تب کے ایک نائب مفتی منیب احمد سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔ میرے یہ ہم جھولی ان دنوں اسلامی یونیورسٹی میں تھے اور آج کل آسٹریلیا میں اشاعت دین کا کام پوری دلجمعی سے کر رہے ہیں۔

جمعہ کا وقت ہوا تو ہم نے اسلام آباد کی مشہور زمانہ لال مسجد کا رخ کیا۔ خطبہ شروع ہونے سے چند منٹ قبل ہم نے مولانا عبداللہ رحمہ اللہ کا دروازہ کھٹکھٹایا تو وہ خود باہر آ گئے۔ ہم دونوں ان کے لیے انجان تھے۔ میں نے چچا کی نسبت سے اپنا اور مولانا عیسیٰ منصوری کا تعارف کرایا تو مولانا کھل اٹھے۔ وہیں کھڑے کھڑے ہمیں ایک ایسا حکم دیا جو ہم دونوں کے لیے ناقابل عمل اور باعث تعجب تھا۔

دینی طبقے کے یہ تمام اللہ والے فرشتے تو نہیں ہوتے لیکن دیگر سبھی سے بالکل مختلف اور انسانی فطرت پر قائم ہوتے ہیں۔ بھٹو مرحوم مولانا عبداللہ مرحوم کی تقریروں سے بہت نالاں تھے۔ ایک دن کسی خفیہ ایجنسی کا ایک شخص مولانا کے گھر آ کر بولا "مولانا، پنڈی میں ایک نکاح پڑھانا ہے، ذرا زحمت کیجئے میرے ساتھ چلیے"۔ جان نہ پہچان اور مولانا چل پڑے۔ بھٹو نے انہیں کافی عرصہ غائب رکھا۔ ایک روایت کے مطابق، دروغ بھر گردن راوی مولانا بدنام زمانہ دلائی کیمپ میں بھی رکھے گئے۔

معلوم ہوا آج لگ بھگ دو عشرے بعد مولانا وہیں کے وہیں کھڑے ہیں اور ویسے کے ویسے ہیں۔ مولانا عیسیٰ منصوریؒ بھارتی شہری تھے۔ ان دنوں نوے کی اس دہائی میں جہاد کشمیر طاقت پکڑ چکا تھا۔ ہم دو ملاقاتی اور وہ بھی پہلی ملاقات کرنے والے اصلاً‌ کون ہیں، کہاں سے آئے ہیں، اس پر غور کیے بغیر اور یہ جانتے ہوئے کہ مولانا عیسیٰ منصوریؒ بھارتی شہری ہیں، مولانا عبداللہ مرحوم نے ہم دونوں کو یوں دعوت دی: "جناب آج جمعہ کے باعث وقت کم ہے۔ کئی ملاقاتیں پہلے سے طے ہیں۔ کل صبح میں آزاد کشمیر میں ایک جہادی تقریب کے لیے جا رہا ہوں۔ آپ دونوں میرے ساتھ چلیے، راستے میں آتے جاتے گپ شپ رہے گی"۔

جمعہ پڑھ کر میں نے موٹر سائیکل کا رخ جمعہ بازار کی طرف کر دیا۔ پھلوں بھرے دو بڑے بڑے تھیلے آگے موٹر سائیکل کے ہینڈل سے لٹکائے۔ کچھ سامان پیچھے کیریئر پر رکھا۔ موسم گرما تھا۔ تربوز، آم اور خربوزے خوب وافر مقدار میں لیے۔ گھر پہنچ کر دسترخوان پر بیٹھے تو مولانا نے وہ سوال کر ڈالا جو اپنے بر صغیر، اور شاید دنیا بھر، میں معیوب سمجھا جاتا ہے۔ لیکن انہوں نے مناسب تمہیدی اضافہ کیا جس سے سوال کی ناگواریت ختم ہو گئی۔ بولے: "جناب، میں یہاں آپ کے ملک میں بہت حیرت زدہ ہو کر یہ بات پوچھ رہا ہوں، براہ کرم برا مت مانیے۔ یہ بتائیے کہ آپ کی تنخواہ کتنی ہے"۔

میرے جواب کے بعد انہوں نے اپنے اس استفسار کی یوں وضاحت کی: "جناب، دراصل چند دن قبل میں ایک بھارتی ریاست کے وزیر اعلیٰ کا مہمان تھا۔ اگر میں تب اور اب میں ہلکا سا موازنہ کروں تو آپ سمیت آپ کے لیکچرر اور پروفیسر رفقائے کار کا رہن سہن، کھانا پینا، مہمان نوازی، گھروں کی ترتیب اور فرنیچر وغیرہ میں نے اپنے اس وزیر اعلیٰ کے ہاں بھی نہیں دیکھے۔ آپ لوگ جو خود کھاتے ہیں، اس سے کہیں زیادہ اپنے مہمان کو بہ اصرار اتنا کھلاتے ہیں کہ مہمان کو اگلے دو وقت کا کھانا چھوڑنا پڑتا ہے۔ تنخواہ کے بارے میں میں نے اس لیے سوال کیا کہ آپ لوگوں کی تنخواہیں ہمارے وزیراعلی سے شاید کچھ زیادہ ہوں گی"۔

برطانیہ کے شہر ڈربی میں چچا خداداد مرحوم کی مسند ان کے صاحبزادے اور میرے بہنوئی عبدالسلام نے سنبھال رکھی ہے۔ ان کا گھر آج بھی اسی طرح اہل نظر کا مرکز ہے جیسے چچا کے زمانے میں ہوا کرتا تھا۔ 2004 میں میں وہاں ان کے گھر اترا ہی تھا کہ سب سے پہلے ملاقاتی ایک مولانا مٹھائی کا خوان لیے آ پہنچے۔ یہ تو بہت بعد کی باتیں ہیں۔ میری بہن نے بتایا: "عشروں قبل یعنی پچپن میں عبدالسلام (ان کے شوہر، میرے بہنوئی) اپنی ماں کے بعد سب سے زیادہ مولانا عیسیٰ منصوری مرحوم کی بیگم کے قریب تھے۔ مولانا مرحوم کی بیوہ خالہ نہ ہوتے ہوئے بھی ہماری خالہ ہیں"۔

مولانا مرحوم کے پاکستان کے اسی مذکورہ سفر میں میری بہن، جن کی ابھی شادی نہیں ہوئی تھی، آبائی قصبے سے میرے گھر اسلام آباد آئیں تو اتفاق سے مولانا اپنی بیگم کے ہمراہ میرے چچا کے گھر راولپنڈی میں مقیم تھے۔ میری چچا زاد کو اپنی چچا زاد کی آمد کی اطلاع ملی تو آؤ دیکھا نہ تاؤ وہ مولانا منصوری کی بیگم کو لیے ہمارے گھر آ دھمکی کہ: "خالہ، ہماری اپنی ماں تو اللہ کو پیاری ہو گئی ہیں، اب آپ ہی ہماری سب کچھ ہیں، چلیں میں آپ کو اپنی ہونے والی بھابی دکھا لاؤں"۔ میری اہلیہ کا بیان ہے کہ بیگم منصوری نے میری بہن اور ہم سب کو خوب دعاؤں سے نوازا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

اپنے اسی 2004 کے برطانیہ کے سفر میں مولانا عیسیٰ منصوری کا پتا کیا تو معلوم ہوا، وہ شہر سے باہر کہیں سفر پر ہیں۔ غالباً وہ ان دنوں لندن میں مقیم تھے۔ خواہش کے باوجود ملاقات نہ ہو سکی۔ تاہم میں اپنے ہفتہ وار اخباری مضامین انہیں ان کے تادم رحلت بھیجتا رہا۔ کرونائی ہیجان کے ایام میں ان سے دو ایک دفعہ فون پر بات بھی ہوئی۔

محض ایک روزہ رفاقت سے کسی شخص کے متعلق بھرپور رائے دینا ممکن نہیں ہوتا لیکن چند بنیادی چیزیں بہرحال پتا چل جاتی ہیں۔ مولانا منصوری مرحوم سے متعلق ان چند بنیادی باتوں کا بیان یوں ہے کہ شخصی اعتبار سے میں نے مولانا عیسیٰ منصوری مرحوم کو اس ایک دن کی ہم جلیسی میں صلح کل اور مرنجان مرنج پایا۔ میرا یہ مشاہدہ رہا کہ وہ اتنی ہی گفتگو کرتے رہے جتنی کی ضرورت ہوتی۔ اس ایک دن میں انہوں نے غیر ضروری مباحث سے اپنا دامن کلیتا بچائے رکھا۔ اس کے باوجود میں پورے یقین کے ساتھ کہتا ہوں کہ توسع اور عالی ظرفی کے باب میں وہ اپنے مولانا زاہد الراشدی کے ہم مشرب تھے۔

وہ عام مسلمانوں اور ہر مسلک کے علماء کو محترم خیال کرتے تھے۔ مستقل پاک بھارت آویزش پر ہم نے کوئی بات نہیں کی۔ حالانکہ ان ایام میں جہاد کشمیر جوبن پر تھا جسے پاکستان کی بھرپور سفارتی اور اخلاقی تائید حاصل تھی۔ مولانا مرحوم، جیسا کہ میں نے انہیں پایا، عالمگیر مسلم قومیت کے شہری اور داعی تھے۔ بلاشبہ وہ بھارت کے شہری تھے لیکن ہم پاکستانیوں کے سامنے انہوں نے خود کو ہمیشہ مسلمان ظاہر کیا۔ اللہ سے دلی دعا ہے کہ وہ ان کی حسنات قبول فرمائے، سیئات سے درگزر فرمائے اور ان کے جملہ لواحقین کو صبر عطا فرمائے آمین۔

(اشاعت بیاد مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ)

اشاعت بیاد مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ

اشاعت بیاد مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ
اداریہ

ورلڈ اسلامک فورم کا خصوصی تعزیتی ریفرنس
مفتی عمیر ذوالفقار

مولانا منصوریؒ کا مشن آگے بڑھانے کی ضرورت
مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

مولانا منصوریؒ سے میرا تعلق اور چند یادیں
مولانا نور الحسن راشد کاندھلوی

مولانا منصوریؒ کی فکری و علمی جدوجہد اور مشفقانہ مزاج
حضرت مولانا قاسم رشید

آہ! مولانا عیسیٰ منصوری رحمۃ اللہ علیہ
ڈاکٹر محمد اکرم ندوی

مولانا محمد عیسیٰ منصوری: ایک عالم، ایک مفکر اور ایک صاحبِ بصیرت دانشور
ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی

حضرت مولانا عیسیٰ منصوری رحمۃ اللہ علیہ
مولانا رضاء الحق سیاکھوی

مولانا عیسیٰ منصوری کی چند یادیں
ڈاکٹر شہزاد اقبال شام

مولانا عیسیٰ منصوریؒ کی افتادِ طبع
ڈاکٹر حافظ سید عزیز الرحمٰن

برطانیہ میں ایک اور مخلص و فعال عالم دین چل بسے
محمد غزالی خان

مولانا منصوریؒ کی علمی و دعوتی خدمات کو خراجِ عقیدت
مولانا شہزاد انوری
سہیل احمد بلالی

مولانا منصوریؒ کی زندگی پر ایک طائرانہ نظر
مولانا ابوحذیفہ قاسمی

مولانا عیسیٰ منصوریؒ — امیرِ شریعتؒ کے شہر میں!
مولانا حافظ سید محمد کفیل بخاری

مولانا منصوریؒ اور مسلمانوں کا اتحاد
ڈاکٹر حافظ صفوان محمد چوہان

خود احتسابی کی آواز اٹھانے والی شخصیت
مولانا سید متین احمد

حضرت مولانا عیسیٰ منصوری صاحب رحمہ اللہ کی وفات
مولانا مختار عالم سہرساوی

مولانا منصوریؒ سے ایک مختصر ملاقات
مولانا محسن خان ندوی

عالمِ اسلام ایک ممتاز عالم، صاحب قلم اور مفکر سے محروم ہوگیا
ڈاکٹر پرنس فیروز احمد منصوری

مولانا منصوریؒ کی وفات — فکری اور دعوتی خسارہ
مولانا محمد عرباض خان سواتی

مولانا عیسیٰ منصوریؒ کی رحلت
مفتی نہال عالم ندوی

ایک صاحب علم و فکر کا سانحۂ ارتحال
مفتی سعید ندوی

مختصر تعزیتی پیغامات و تاثرات
میڈیا

تلاش

شماریات