حضرت مولانا محمد عیسیٰ منصوری رحمۃ اللہ علیہ کی جو شخصیت تھی، الحمد للہ، ہم سب اس سے واقف ہیں۔ ان کے اندر ایک گہری فکری سوچ اور تجدیدی فکر پائی جاتی تھی۔ اسی حوالے سے انہوں نے بلا خوف و خطر اپنے کام کو آگے بڑھایا اور اپنے نظریات و افکار کا اظہار کیا۔
حضرت مولانا سے میرا ابتدا ہی سے کافی قریبی تعلق رہا۔ یہاں ابتدا سے میری مراد 1980ء کی دہائی کے بعد کا زمانہ ہے۔ 1990ء کی دہائی اور اس کے بعد بھی ہمارا رابطہ رہا۔ پھر 2010ء کے بعد میری کام کی مصروفیات کی وجہ سے رابطہ نسبتاً کم ہو گیا۔ اس لیے میں یہ دعویٰ نہیں کروں گا کہ میں ہمیشہ ان کے بہت قریب رہا ہوں۔ تقریباً 2010ء تک ان سے قربت اور رابطہ رہا؛ اس کے بعد کبھی ملاقات ہو جاتی تو الحمد للہ ملاقات کا موقع مل جاتا تھا۔
مولانا کا جو مشن تھا، اس کے لیے انہیں شاید اس انداز کے افراد میسر نہیں آ سکے جو پوری طرح اسے آگے بڑھا سکتے۔ اس کے باوجود انہوں نے تنہا یا چند مخلص اور مضبوط ساتھیوں کے ساتھ مل کر ایسے کارنامے انجام دیے جن میں سے بہت سی چیزیں ہمارے سامنے ہیں، جبکہ بہت سی ایسی بھی ہیں جن سے ہم ابھی پوری طرح واقف نہیں۔
جس زمانے میں اخبارات کا دور تھا، خصوصاً روزنامہ جنگ اور نوائے وقت وغیرہ، اس زمانے میں مولانا نے ان اخبارات کے ذریعے اپنے فکری کام کو آگے بڑھایا۔ پاکستان، ہندوستان اور عرب ممالک کے حالات، مختلف شخصیات سے متعلق معاملات اور سماجی مسائل کو انہوں نے اپنے قلم کا موضوع بنایا اور کھل کر اظہار خیال کیا۔
اکابرین اور بزرگانِ دین سے بھی ان کے گہرے روابط تھے۔ ان کے ساتھ ہونے والی گفتگو میں وہ کھل کر اپنے خیالات کا اظہار کرتے اور بعض اہم معاملات پر تحریری طور پر بھی بات کرتے تھے۔ اس سلسلے میں چند خطوط میں نے بھی ان کے کہنے پر تحریر کیے۔ حضرت حاجی عبدالوہاب صاحب کے نام ایک دو مواقع پر خطوط میں نے لکھے۔ اسی طرح حضرت مولانا محمد منظور چنیوٹی صاحب اور حضرت مولانا محمد حفیظ مکی صاحب کے نام بھی خطوط تحریر کرنے کا موقع ملا۔ اس تجربے سے مجھے بہت کچھ سیکھنے اور تحریر کا سلیقہ حاصل کرنے کا موقع ملا۔
ایک ذاتی واقعہ آپ کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔ غالباً 1985ء کا واقعہ ہے۔ میرے چچا کا انتقال ہو گیا۔ وہ ہمارے خاندان کے بہترین قاری تھے۔ ان کی آواز بہت خوبصورت تھی اور نفاست و نظافت کے اعتبار سے بھی وہ ہمارے تمام چچاؤں اور رشتہ داروں میں ممتاز تھے۔ وہ صرف پچیس سال کی عمر میں بمبئی کے تبلیغی مرکز کے امام مقرر ہو گئے تھے۔ اس زمانے میں، یعنی 1979ء کے آس پاس، انہیں مسقط وغیرہ سے بھی بلایا جاتا تھا۔ ان کا انتقال صرف اٹھائیس سال کی عمر میں ہو گیا۔ میرے پاس الفاظ نہیں تھے کہ میں اپنے دادا کو کس طرح خط لکھوں اور ان کے بیٹے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کروں۔ اس وقت میری عمر صرف پندرہ سولہ سال تھی۔ حضرت مولانا منصوری رحمۃ اللہ علیہ اس زمانے میں ڈیوزبری تشریف لائے ہوئے تھے اور میں بھی اسی زمانے میں وہاں داخل ہوا تھا۔ اس اعتبار سے یہ ان سے میری دوسری یا تیسری ملاقات تھی۔ میں نے ان سے درخواست کی کہ میرے چچا کا انتقال ہو گیا ہے اور مجھے سمجھ نہیں آ رہا کہ اپنے دادا کو کس طرح خط لکھوں۔ انہوں نے میری حالت دیکھی کہ میں آنسوؤں میں تھا۔ پوچھا: کیا ہوا بیٹا؟ میں نے بتایا تو فرمایا: کوئی بات نہیں، آؤ بیٹھو، میں تمہیں لکھواتا ہوں۔ پہلے انہوں نے میرے چچا کے حالات، میرے دادا اور خاندان کے بارے میں تفصیل سے پوچھا، پھر خط لکھوانا شروع کیا۔
آپ کو تعجب ہوگا کہ وہ تقریباً ایک گھنٹے سے زیادہ وقت تک اپنے تمام کام چھوڑ کر میرے جیسے کم عمر طالب علم کے ساتھ بیٹھے رہے۔ اس وقت وہاں شاید ماہانہ مشورہ تھا یا کوئی جوڑ تھا، مجھے پوری طرح یاد نہیں، کیونکہ میں ڈیوزبری میں نیا نیا داخل ہوا تھا۔ لیکن انہوں نے تمام مصروفیات چھوڑ کر میری بات سنی اور ایسا شاندار تعزیتی خط لکھوایا کہ اس کا اثر آج بھی میرے ذہن میں محفوظ ہے۔
میرے دادا نے اپنی زندگی کے آخری وقت تک یہ بات کہی کہ ایسا خط مجھے آج تک زندگی میں کسی نے نہیں لکھا۔ انہوں نے اس خط کو باقاعدہ فریم کروا کر اپنے پاس محفوظ رکھا ہوا تھا۔ یہ حضرت مولانا کی شفقت، توجہ اور انفرادی تعلقات کی ایک مثال ہے۔ انہوں نے ہم میں سے بہت سے لوگوں پر انفرادی طور پر بھی احسانات کیے اور اجتماعی سطح پر بھی ایسی خدمات انجام دیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔
اب ضروری بات یہ ہے کہ حضرت مولانا محمد عیسیٰ منصوری رحمۃ اللہ علیہ کے مشن کو آگے بڑھایا جائے۔ میری گزارش ہے کہ حضرت مولانا زاہد الراشدی صاحب دامت برکاتہم العالیہ کی سرپرستی میں اس مشن کو مزید آگے بڑھانے کا اہتمام کیا جائے۔ خصوصاً وہ حضرات جو پہلے سے ورلڈ اسلامک فورم کے ساتھ وابستہ ہیں، ان کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اس کام کو آگے لے کر چلیں۔ اب وقت آ گیا ہے کہ اس مشن کو نئے انداز اور نئے تقاضوں کے مطابق آگے بڑھایا جائے، تاکہ حضرت مولانا کی فکری اور علمی جدوجہد کا تسلسل برقرار رہے۔
میری تجویز ہے کہ اس موضوع پر ایک مستقل نشست بھی منعقد کی جائے کہ ورلڈ اسلامک فورم کو آئندہ کس طرح چلانا ہے، اس کے کام کو کس طرح منظم کرنا ہے اور اس کے مشن کو کس طرح وسعت دینی ہے۔ میری رائے میں اس کام کی ذمہ داری بنیادی طور پر انہی ساتھیوں کو ادا کرنی چاہیے جو پہلے سے اس فورم کے ساتھ وابستہ اور اس کام میں مصروف رہے ہیں۔ انہی تجربہ کار ساتھیوں کو ساتھ رکھتے ہوئے اس کام کو منظم انداز میں آگے بڑھایا جائے۔




















