▲ ☰

مولانا محمد عیسیٰ منصوری: ایک عالم، ایک مفکر اور ایک صاحبِ بصیرت دانشور

برصغیر کے نامور عالمِ دین ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ، جو کئی دہائیوں سے لندن (برطانیہ) میں مقیم تھے اور وہیں اپنی دینی و علمی خدمات انجام دے رہے تھے، آج 7 نومبر 2026ء کو اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

مولانا منصوریؒ محض ایک عالمِ دین ہی نہیں، بلکہ ایک صاحبِ فکر، مفکر اور دانشور بھی تھے۔ ان کے خطابات اور بیانات میں غیر معمولی توازن، سنجیدگی اور وسعتِ نظر پائی جاتی تھی۔ وہ فرقہ بندی اور مسلکی تعصب کی محدود فضا سے اوپر اٹھ کر پوری ملت کے مفاد میں سوچنے والے ان اہلِ علم میں سے تھے جن کی فکر میں اعتدال، بصیرت اور اخلاص نمایاں تھا۔

مولانا سے میری واقفیت اور ان کی علمی و فکری شخصیت سے آشنائی کا ایک خاص پس منظر ہے۔ بہار کے معروف عالمِ دین حضرت مولانا مفتی محفوظ الرحمٰن عثمانی رحمۃ اللہ علیہ، بانی جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ، سپول، کے توسط سے مجھے مولانا منصورپوریؒ کو قریب سے جاننے اور ان کے علمی مقام و مرتبے کو سمجھنے کا موقع ملا۔ مفتی صاحب مرحوم ان کی علمی صلاحیتوں اور فکری پختگی کے قدر دان تھے اور ہندوستان میں ان کی شخصیت کو متعارف کرانے اور ان کے علمی افکار سے لوگوں کو روشناس کرانے میں بھی ان کا اہم کردار رہا۔

مجھے یاد ہے کہ مفتی صاحب کے ذریعے ہی پہلی مرتبہ مولانا منصوریؒ کا تعارف حاصل ہوا تھا۔ اس کے بعد ان کے خطابات، تحریروں اور علمی و فکری مباحث کے مطالعے سے ان کی شخصیت کے مختلف پہلو سامنے آتے گئے۔ ان کی گفتگو میں جو اعتدال، ملی درد اور فکری وسعت نظر آتی تھی، وہ مجھے ہمیشہ متاثر کرتی رہی۔ وہ ایسے اہلِ علم میں سے تھے جو محض اپنے مسلک یا حلقے کی نمائندگی نہیں کرتے، بلکہ پوری ملت کے اجتماعی مسائل پر غور و فکر کرتے اور وسیع تر تناظر میں اپنی بات رکھتے تھے۔

ہندوستان اور پاکستان کے معیاری اخبارات و جرائد میں ملکی، عالمی اور ملی حالات و مسائل پر ان کے جامع اور فکر انگیز مضامین شائع ہوتے رہے ہیں۔ ان تحریروں سے ان کی علمی گہرائی، حالاتِ حاضرہ پر گہری نظر اور مسائل کو وسیع تناظر میں دیکھنے کی صلاحیت کا اندازہ ہوتا تھا۔

ایک دور میں وہ ہندوستان میں بھی خاصے سرگرم رہے۔ ملک کی مختلف ریاستوں کے تعلیمی اداروں میں ان کے متعدد علمی و فکری اجلاس منعقد ہوئے۔ ان کی گفتگو سننے اور ان کے افکار سے استفادہ کرنے والوں میں اہلِ علم کے ساتھ عام پڑھے لکھے لوگ بھی شامل تھے۔

میرے لیے مولانا کی رحلت صرف ایک معروف عالمِ دین کی وفات کی خبر نہیں، بلکہ اس علمی و فکری شخصیت کے دنیا سے اٹھ جانے کا صدمہ ہے جس سے میری واقفیت ایک ایسی علمی شخصیت کے توسط سے ہوئی تھی جن کا اپنا تعلق بھی علم و فکر اور ملی رہنمائی سے تھا۔ مفتی محفوظ الرحمٰن عثمانیؒ کے ذریعے ہونے والی یہ شناسائی میرے لیے ایک علمی نسبت کی حیثیت رکھتی ہے، جسے میں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتا رہوں گا۔

آج جب مولانا منصوریؒ کے انتقال کی خبر ملی تو ان کی علمی شخصیت، ان کے متوازن افکار اور مفتی صاحب کے توسط سے حاصل ہونے والی ان سے پہلی واقفیت کی یادیں تازہ ہوگئیں۔ وقت کے ساتھ بہت سی شخصیات نگاہوں سے اوجھل ہو جاتی ہیں، لیکن ان کے افکار، علمی خدمات اور اچھے نقوش دیر تک باقی رہتے ہیں۔

اللہ رب العزت مولانا مرحوم کی دینی و علمی خدمات کو شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کی لغزشوں سے درگزر فرمائے، انہیں اپنی جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور ان کے اہلِ خانہ، متعلقین اور تمام شاگردوں و محبین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔

fb.com/share/p/1FP8dRJ4g3

مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ کا وطن اگرچہ گجرات (ہندوستان) تھا، لیکن وہ گزشتہ تقریباً پچاس برسوں سے لندن (برطانیہ) میں مقیم تھے اور وہیں انہوں نے اپنی زندگی کی آخری سانس لی۔

گزشتہ مضمون میں، میں نے ہندوستان میں ان کی بعض علمی و فکری سرگرمیوں کا ذکر کیا تھا اور یہ بتانے کی کوشش کی تھی کہ ہندوستان کے نوجوان اسکالروں اور اہلِ علم سے ان کی شناسائی اور ان کے افکار کو متعارف کرانے میں حضرت مولانا مفتی محفوظ الرحمن عثمانیؒ، ان کے رفیقِ کار مرحوم مولانا عبدالقادر شمس (سینئر صحافی و مصنف) اور ان کی ٹیم کے دیگر اہلِ علم نے اہم کردار ادا کیا۔ ماضی میں مولانا منصوریؒ کے ہندوستان، بالخصوص تبلیغی مرکز کے اکابر علما سے جو روابط رہے، وہ یقیناً ان کی زندگی کا ایک اہم اور تاریخی باب ہیں، تاہم اس حوالے سے میری معلومات محدود ہیں۔

2000ء کے بعد جب مولانا منصوریؒ کے دہلی اور ہندوستان کی مختلف ریاستوں کے علمی دورے ہوئے تو ان مواقع پر لندن میں قائم ان کی تنظیم ’ورلڈ اسلامک فورم‘ کا تذکرہ بھی ہونے لگا۔ بعد ازاں مفتی محفوظ الرحمٰن عثمانیؒ کے مشورے سے ورلڈ اسلامک فورم کا ایک تعارفی کتابچہ مرتب کیا گیا اور اسے مفتی صاحب نے ہی اپنے ادارہ سے خوبصورت و دیدہ زیب ٹائٹل کے ساتھ شائع بھی کیا گیا۔

مولانا منصوریؒ نے ۱۹۹۲ء میں برطانیہ میں اپنے چند رفقا کے ساتھ اس فورم کی بنیاد رکھی تھی۔ اس کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والے پروگراموں میں ہندوستان اور پاکستان کی اہم علمی شخصیات نے شرکت کی۔ ورلڈ اسلامک فورم کے تعارفی کتابچے میں درج تفصیلات کے مطابق، فورم کا پہلا اجلاس 5 اگست 1993ء کو لندن میں منعقد ہوا تھا، جس میں ہندوستان کے معروف عالمِ دین اور آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ کے سابق صدر حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ نے مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی تھی۔ اس اجلاس کی ایک نمایاں خصوصیت یہ تھی کہ اس میں مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے اور مختلف مکاتبِ فکر کی نمائندگی کرنے والے علما، دانش وروں اور اہلِ علم نے شرکت کی۔ اس سے فورم کے قیام کے وقت ہی اس کے وسیع تر فکری اور ملی وژن کا اظہار ہوتا ہے، جس کے تحت مختلف علمی و فکری حلقوں کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔

تاہم یہ وضاحت ضروری ہے کہ فورم کی سرگرمیاں بنیادی طور پر برطانیہ ہی تک محدود رہیں؛ ہندوستان میں اس کے نام سے کوئی باقاعدہ اور مستقل تنظیمی سرگرمی نہیں رہی، جس کا الگ سے ذکر کیا جا سکے۔

البتہ مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ کی علمی و فکری شخصیت، ان کا وسیع مطالعہ اور اتحادِ ملت کے لیے ان کے دل میں موجود درد ہر ملاقات اور ہر علمی مجلس میں نمایاں ہوتا تھا۔ وہ مسلمانوں میں فکری بیداری پیدا کرنے اور انہیں عصرِ حاضر کے تقاضوں اور عالمی حالات کا شعور دینے کے لیے مسلسل کوشاں رہتے تھے۔ دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کو نشانہ بنائے جانے کے واقعات انہیں بے چین رکھتے تھے۔ انسانی حقوق کی پامالی اور مظلوم اقوام کے ساتھ روا رکھے جانے والے امتیازی سلوک پر وہ گہری تشویش کا اظہار کرتے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، اس پر عالمی اداروں کی خاموشی محض بے حسی نہیں، بلکہ یہ خاموشی ظلم کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ وہ سوال اٹھاتے تھے کہ آخر مسلمانوں اور دیگر مظلوم اقوام سے جینے کا حق کیوں چھینا جا رہا ہے؟ دنیا کو اس صورتِ حال پر ٹھنڈے دل و دماغ سے غور کرنا چاہیے اور انسانی حقوق کے دعووں کو محض نعروں تک محدود رکھنے کے بجائے عملی طور پر مظلوموں کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

تاہم ان کے فکر و نظر میں مایوسی کا کوئی پہلو نہیں تھا۔ حالات کی سنگینی اور اسلام و مسلمانوں کے خلاف جاری پروپیگنڈے کے باوجود وہ اسلام کے روشن مستقبل کے حوالے سے پُرامید رہتے تھے۔ ان کا یقین تھا کہ اسلام کو بدنام کرنے اور مسلمانوں کو کمزور کرنے کی تمام کوششوں کے باوجود اسلام کی نشاۃِ ثانیہ ہو کر رہے گی۔ یہی امید، یہی فکری بیداری اور یہی دردِ ملت ان کی گفتگو اور تحریروں کا نمایاں وصف تھا۔

fb.com/share/p/1Bx8cecBjt

مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ ایک صاحبِ طرز قلم کار اور کہنہ مشق کالم نگار تھے۔ ان کے مضامین ہندوپاک کے معیاری اخبارات و رسائل، بالخصوص روزنامہ جنگ کراچی میں کثرت سے شائع ہوتے رہے۔ انہوں نے جس موضوع پر بھی قلم اٹھایا، اس کا حق ادا کر دیا۔ سیرت النبی ﷺ سے انہیں خاص لگاؤ تھا۔ جب اس موضوع پر گفتگو کرتے تو سامعین ہمہ تن گوش ہو جاتے۔ کسی بھی موضوع پر لکھنے یا خطاب کرنے سے قبل گہرا مطالعہ کرتے، اس کے بعد ہی اپنا مضمون مکمل کرتے تھے۔ ان کی تحریروں کے دیگر زبانوں میں تراجم بھی ہوئے ہیں۔

ایک زمانے میں مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ تبلیغی جماعت سے کافی قریب رہے اور مرکز نظام الدین، نئی دہلی میں امامت کے فرائض بھی انجام دیے۔ بعد ازاں ایک وقت ایسا آیا کہ حضرت جی مولانا محمد انعام الحسن کاندھلویؒ (پیدائش: ۲۰ فروری ۱۹۱۸ء، وفات: ۱۰ جون ۱۹۹۵ء)، جو تبلیغی جماعت کے تیسرے امیر تھے، کے حکم کی تعمیل میں لندن کے تبلیغی مرکز میں امامت کی ذمہ داری سنبھالی۔ یہ کوئی معمولی بات نہیں تھی۔ اس سے ان کی دینی و علمی استعداد اور صلاحیت کا بخوبی اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ مولانا نے اس مرکز میں ایک دہائی سے زائد عرصے تک امامت و خطابت کے فرائض انجام دیے۔

بعد کے زمانے میں مغربی فلسفے اور ثقافت کا ناقدانہ جائزہ اور دینی مدارس کے نصاب و نظام میں عصری تقاضوں کی روشنی میں ضروری اصلاحات و ترامیم ان کی دلچسپی کے دو اہم موضوعات بن گئے۔ ان دونوں موضوعات پر ان کے مضامین کے مجموعے بھی شائع ہوچکے ہیں۔ اس حوالے سے آگے چل کر تفصیل سے گفتگو ہوگی، کیوں کہ مولانا مرحوم کا بہت سا قیمتی علمی و تحقیقی مواد میرے پاس موجود ہے، جو انہوں نے حضرت مولانا مفتی محفوظ الرحمٰن عثمانیؒ، بانی جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ، سپول، بہار (ہندوستان) کے سپرد کیا تھا اور اسے کمپوز کرا کر کتابی شکل میں شائع کرنے کی ہدایت دی تھی۔

حضرت مفتی صاحب نے ایک تھیلے میں ان کے تمام مضامین کے تراشے میرے حوالے کرتے ہوئے فرمایا تھا کہ آپ انہیں دیکھ لیں۔ میں نے ان مضامین کی ٹائپنگ اور سیٹنگ کروا کر مولانا مرحوم کو بھیج دی تھی۔ اب ان میں سے کتنے مضامین ان کی کتاب ’’مقالاتِ منصوری‘‘ میں شامل ہیں، جو پڑوسی ملک پاکستان سے شائع ہوئی ہے، اس کا مجھے علم نہیں، کیوں کہ یہ کتاب فی الحال میرے پاس دستیاب نہیں ہے۔ البتہ میرے پاس جو مواد محفوظ ہے، وہ پانچ سو صفحات سے زائد پر مشتمل ہے۔ ان مضامین و مقالات پر ان شاء اللہ الگ سے تفصیل کے ساتھ گفتگو کروں گا۔

فی الحال مولانا کے ہندوستان کے مختلف دوروں اور اس موقع پر منعقد ہونے والے اجلاسوں اور کانفرنسوں میں ان کی شرکت کا ذکر کرنا چاہتا ہوں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ مجھے ان کے ساتھ متعدد اجلاسوں اور کانفرنسوں میں بحیثیت سامع شرکت کا موقع ملا۔ پھر ایک وقت ایسا بھی آیا جب میری کتاب ’’متاعِ زندگی‘‘، جو حضرت مفتی محفوظ الرحمٰن عثمانیؒ کی جدوجہد اور خدمات پر مشتمل ہے، کی رسمِ اجرا بھی ان کے ہاتھوں پٹنہ میں انجام پائی۔ اس تقریب میں ہندوستان کے اکابر علما، دانش وروں اور ملی و سماجی رہنماؤں کے علاوہ بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار بھی شریک ہوئے تھے۔ اس اجلاس کی اپنی ایک الگ اہمیت ہے، جس پر گفتگو کروں گا تو مضمون طویل ہو جائے گا۔

اس وقت یہ بتانا مقصود ہے کہ مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ نے ورلڈ اسلامک فورم کے بینر تلے ہندوستان میں منعقد ہونے والی کئی علمی و فکری کانفرنسوں میں شرکت کی اور اپنے خیالات و افکار کے ذریعے لوگوں کو بیدار کرنے کی کوشش کی۔ وہ علماے کرام اور اہلِ علم و نظر سے خصوصی توقعات رکھتے تھے اور اس مقصد کے لیے آخری سانس تک اپنی کوششیں جاری رکھیں۔

ان کا خیال تھا کہ علماے کرام کے لیے موجودہ حالات و واقعات سے باخبر رہنا ناگزیر ہے۔ بدلتی ہوئی عالمی صورتِ حال سے بے خبری کسی بھی طرح درست نہیں۔ اسلام اور مسلمانوں کے خلاف جہاں کہیں شرانگیزی اور فکری یلغار ہو رہی ہو، اس کا مقابلہ علم، شعور اور آگاہی کے ذریعے کیا جانا چاہیے۔ وہ اس بات پر سخت مضطرب اور پریشان رہتے تھے کہ ہم مسلمانوں اور بالخصوص دینی حلقوں نے نسلِ انسانی کے اجتماعی مسائل پر غور و فکر کرنا کیوں چھوڑ دیا ہے؟ ہم اپنے محدود حلقوں تک کیوں سمٹ کر رہ گئے ہیں اور اسی پر قناعت کر کے کیوں بیٹھ گئے ہیں؟

ان کا استدلال تھا کہ حضرات انبیائے کرام علیہم السلام نے انسان کا تعلق اپنے خالق و مالک سے جوڑنے کے ساتھ ساتھ اسے انسانوں کی جھوٹی خدائی سے نجات دلانے اور انسانی معاشرے کو ظلم و استحصال سے چھٹکارا دلانے کے لیے بھی جدوجہد کی۔ آج جب کہ پوری نسلِ انسانی استحصال، ظلم، ناانصافی اور جھوٹے خداؤں کی چیرہ دستیوں کا شکار ہے، تو اس کے خلاف آواز بلند کرنے کے لیے اب کوئی نبی نہیں آئے گا۔ یہ ذمہ داری اب انہی لوگوں پر عائد ہوتی ہے جو انبیائے کرام کے وارث کہلاتے ہیں۔

علماے کرام کے نام ان کا پیغام تھا کہ وہ پوری نسلِ انسانی کو سامنے رکھ کر اپنی جدوجہد کی ترجیحات متعین کریں اور اسی طرح تمام انسانوں کو اپنا مخاطب بنائیں جس طرح پیغمبرِ اسلام حضرت محمد رسول اللہ ﷺ نے پوری انسانیت کو مخاطب کیا تھا۔

مولانا مرحوم ورلڈ اسلامک فورم کے توسط سے دنیا بھر کے علما اور دانشوروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے اس اہم موضوع پر سنجیدہ غور و فکر کی طرف متوجہ کرتے تھے۔ ہندوستان میں فورم کا جو تعارفی کتابچہ شائع ہوا، اس کے پہلے ہی پیراگراف میں مولانا نے فورم کے بنیادی مقاصد اور فکری ترجیحات کو ان الفاظ میں واضح کیا ہے:

’’اسلام کے غلبہ و نفاذ کی جدوجہد میں مؤثر پیش قدمی کے لیے ضروری ہے کہ عالمِ اسلام کے حوالے سے مغربی فکر و فلسفے کا مکمل ادراک حاصل کیا جائے، مغرب کے چیلنج کی نوعیت اور سنگینی کو پوری طرح سمجھا جائے اور مغربی میڈیا کے مزاج اور طریقۂ واردات سے کماحقہ واقفیت حاصل کی جائے، کیوں کہ مغربی فکر و فلسفہ پوری قوت کے ساتھ اسلام پر حملہ آور ہے۔

جنگی تکنیک اور ہتھیاروں سے واقفیت حاصل کیے بغیر محض جزئیات کے سہارے خم ٹھونک کر میدان میں کود پڑنے کا نتیجہ ہلاکت کے سوا کچھ نہیں ہوگا۔ اس لیے فورم کا بنیادی مقصد دینی تحریکات کے قائدین، علماے کرام اور مسلم دانشوروں میں عصری فکر و فلسفے کا احساس اجاگر کر کے فکری کام کو منظم کرنا ہے۔ اس کام کے لیے سب سے موزوں جگہ لندن ہے۔ اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ لندن مغربی فلسفے، تہذیب اور میڈیا کا مرکز ہے، اور دوسری وجہ یہ کہ دنیا کے مختلف ممالک اور اقوام کے ساتھ رابطے کے لیے یہ ایک بہترین مقام ہے۔ عالمِ اسلام کے عصری شعور رکھنے والے علما کافی عرصے سے اس ضرورت کو محسوس کر رہے تھے کہ اسلام اور مسلمانوں کے بارے میں مغربی میڈیا اور اسلام دشمن نظریاتی لابیوں کے معاندانہ پروپیگنڈے کا سائنسی انداز میں جائزہ لیا جائے اور اس کے توڑ کے لیے منظم کام شروع کیا جائے۔‘‘

fb.com/share/p/1E2h6F2zC6

مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ کے قائم کردہ ’’ورلڈ اسلامک فورم‘‘ کے بنیادی مقاصد کیا تھے، اس پر میں اپنی گزشتہ تحریر میں تفصیل سے روشنی ڈال چکا ہوں۔ اس ادارے کے قیام کا اصل مقصد دنیا بھر کے علماء، اصحابِ فکر اور دانش وروں میں عصری فکر و فلسفے کا شعور بیدار کرنا اور اس بات کی ضرورت اجاگر کرنا تھا کہ اسلام کے خلاف جاری پروپیگنڈے اور بے بنیاد الزامات کا علمی، فکری اور مدلل جواب دیا جائے۔ ساتھ ہی اسلام کی حقیقی تعلیمات کی روشنی میں انسانیت، امن، محبت اور رواداری کا پیغام عام کیا جائے، تاکہ مخالفین تک اسلام اور پیغمبرِ اسلام صلی اللہ علیہ وسلم کی حقیقی تعلیمات پہنچ سکیں، ان کی غلط فہمیوں کا ازالہ ہو اور جو لوگ اسلام کو سمجھنے کی خواہش رکھتے ہیں، ان کا خیر مقدم کیا جا سکے۔

مولانا مرحوم نے ورلڈ اسلامک فورم کے قیام کے لیے لندن کا انتخاب کیوں کیا؟ اس کی وضاحت انہوں نے خود اپنے الفاظ میں کی ہے۔ وہ لکھتے ہیں:

’’فورم کا بنیادی مقصد علماء کرام اور مسلم دانش وروں میں عصری فکر و فلسفے کا احساس اجاگر کر کے فکری کام کو منظم کرنا ہے اور اس کام کے لیے سب سے موزوں جگہ لندن ہے، اس لیے کہ لندن مغربی فلسفہ و تہذیب اور میڈیا کا ہیڈ کوارٹر ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک اور اقوام کے ساتھ رابطے کے لیے بھی یہ بہترین مرکز ہے۔‘‘

آگے وہ لکھتے ہیں:

’’فورم کی یہ بھی کوشش ہے کہ ہر ملک میں عصرِ حاضر میں انسانیت کو درپیش مسائل پر گفتگو کے لیے قرآن و سنت کی روشنی میں اسلام کی تعلیمات اور ان مسائل کے حل کو پیش کرنے والی ایک ٹیم تیار کی جائے، جو ملکی اور بین الاقوامی مجالس اور پلیٹ فارم پر صحیح طور پر اسلام کی نمائندگی کرے اور پرنٹ میڈیا میں تحریری طور پر قرآن و سنت کی روشنی میں درپیش مسائل کا حل پیش کرے۔‘‘

ان مقاصد سے واضح ہوتا ہے کہ مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ اسلام کے دفاع کو محض ردِعمل یا جذباتی بیانات تک محدود نہیں رکھنا چاہتے تھے، بلکہ ان کے پیشِ نظر ایک منظم فکری تحریک تھی۔ وہ چاہتے تھے کہ مسلمان جدید دنیا کے فکری رجحانات، فلسفے، تہذیب، میڈیا اور انسانی مسائل سے واقف ہوں اور ان میدانوں میں اپنی علمی صلاحیتوں کے ساتھ اسلام کی نمائندگی کریں۔ پوری انسانیت تک اسلام کا پیغام پہنچانا اس جدوجہد کا بنیادی حصہ تھا۔

انہی مقاصد کی تکمیل کے لیے لندن سمیت کئی ممالک میں ورلڈ اسلامک فورم کے چھوٹے بڑے اجلاس منعقد کیے گئے۔ لندن میں فورم کا پہلا سالانہ بین الاقوامی سیمینار 15 اگست 1993ء کو کانوے ہال، ریڈ لائن اسکوائر، لندن میں منعقد ہوا، جس میں مختلف مکاتبِ فکر اور متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے علماء کرام اور دانش وروں نے شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اس اجلاس کی ایک خاص بات یہ تھی کہ اس میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ (۱۹۳۶ء۔۲۰۰۲ء) نے شرکت فرمائی۔ آپ کا فکر انگیز خطاب نہ صرف اس زمانے کے حالات کے تناظر میں اہم تھا، بلکہ اس میں پیش کیے گئے افکار و خیالات آج بھی غیر معمولی معنویت رکھتے ہیں۔ آپ کے خطاب کے چند اقتباسات ملاحظہ فرمائیں:

(۱) ’’آج انسانیت جن مسائل و مشکلات سے دوچار ہے، ان کا حل اسلام کے علاوہ اور کسی کے پاس نہیں ہے۔ دنیائے کفر کے دانش ور اسلام کے خلاف متحد اور متحرک ہوگئے ہیں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ وہ اسلام کی قوت اور قرآن کریم کی انقلابی صلاحیت سے آگاہ ہیں اور اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ اسلام ہی ایک ایسی قوت ہے جو دنیا میں ہمہ گیر انقلاب برپا کر سکتی ہے، لیکن بدقسمتی سے خود مسلمان اس حقیقت سے باخبر نہیں ہیں۔ اس کی مثال ایسی ہے جیسے کسی شخص کی جیب میں کروڑوں روپے کا چیک پڑا ہو، لیکن اسے اس چیک کی اہمیت کا علم نہ ہو۔ اس کے نزدیک وہ محض کاغذ کا ایک ٹکڑا ہے، مگر جو لوگ چیک کی اہمیت کو جانتے ہیں، وہی اس کی صحیح قدر و قیمت کا اندازہ کر سکتے ہیں۔‘‘

(۲) ’’جناب رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کے آخری نبی ہیں، ان کے بعد قیامت تک کوئی نیا نبی نہیں آسکتا۔ اس لیے اسلام کی دعوت امتِ مسلمہ کی ذمہ داری بن گئی ہے اور اسلام کے پیغام کو دنیا کے ہر انسان تک پہنچانا ہمارے فرائض میں شامل ہے۔

(۳) ’’آج دنیائے انسانیت کو مادی کشمکش اور نسلی فرق و امتیاز نے پھر جاہلیت کے دور میں پہنچا دیا ہے اور اسے اضطراب اور بے چینی سے نکالنے کا نسخہ آج بھی وہی ہے کہ اس کا تعلق خدائے وحدہٗ لا شریک کے ساتھ جوڑ دیا جائے اور اسے جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ پیغام پھر سے سنایا جائے کہ کسی انسان کو دوسرے انسان پر رنگ، نسل اور زبان کی وجہ سے برتری حاصل نہیں ہے اور شرف و فضیلت کی بنیاد صرف تقویٰ اور کردار ہے، کیونکہ تمام انسان حضرت آدم علیہ السلام کی اولاد ہیں اور آدم کا وجود مٹی سے تخلیق کیا گیا ہے۔‘‘

حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ نے اپنے خطاب کے اختتام پر ورلڈ اسلامک فورم کو یہ اہم مشورہ بھی دیا کہ وہ تمام انسانوں تک اسلام کا پیغام پہنچانے کو اپنے مقاصد اور پروگرام کا مستقل حصہ بنائے، تاکہ اس کی جدوجہد مکمل ہو اور اس کی برکات سے ملتِ اسلامیہ کو فائدہ پہنچے۔

آپ نے جدید علوم کے حوالے سے بھی نہایت اہم بات کہی۔ فرمایا کہ کوئی علم غیر اسلامی نہیں ہے اور نہ ہی کسی علم پر کسی کی اجارہ داری ہے۔ آج کے جدید علوم بھی اسلام کے خادم اور معاون بن سکتے ہیں، ضرورت صرف اس بات کی ہے کہ مسلمان انہیں اپنائیں، ان میں مہارت حاصل کریں اور ان علوم کو اسلام کی تعلیمات کی روشنی میں بروئے کار لائیں۔مسلمانوں کو ترغیب دی کہ وہ جدید علوم کے میدان میں آگے بڑھیں اور ذہانت و مہارت کے ساتھ ان میں دسترس اور بالاتری حاصل کریں۔ قرآن کریم انسانی زندگی کے تمام شعبوں میں انسانیت کی رہنمائی کرتا ہے۔ اس میں نفسیات کے اصول بھی موجود ہیں اور معیشت کے قوانین بھی، لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ ان تعلیمات کو گہرائی سے سمجھا جائے اور عصرِ حاضر کی زبان، اسلوب اور فکری تقاضوں کے مطابق دنیا کے سامنے پیش کیا جائے۔

مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ کا یہ خطاب دراصل اس فکری ضرورت کی نشان دہی کرتا ہے جسے مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ نے ورلڈ اسلامک فورم کے قیام کے ذریعے ایک منظم تحریک کی شکل دینے کی کوشش کی تھی۔ دونوں بزرگوں کے افکار میں یہ بات مشترک نظر آتی ہے کہ اسلام کو سمجھنے اور سمجھانے کے لیے صرف روایتی انداز کافی نہیں، بلکہ عصرِ حاضر کے فکری، علمی اور تہذیبی چیلنجوں سے واقفیت بھی ضروری ہے۔

مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ کی فکر کا ایک اہم پہلو یہ تھا کہ مسلمان دنیا کے بدلتے ہوئے حالات سے بے خبر نہ رہیں۔ وہ مغربی تہذیب، فلسفے، میڈیا اور جدید علوم کو سمجھیں، ان سے مکالمہ کریں اور اسلام کی تعلیمات کو ایسی زبان میں پیش کریں جو موجودہ دور کے انسان کے ذہن و دل تک پہنچ سکے۔ وہ چاہتے تھے کہ علماء اور مسلم دانش ور صرف اپنے اپنے دائرے میں محدود نہ رہیں، بلکہ عالمی سطح پر انسانی مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔ آج جب دنیا مختلف فکری، تہذیبی، معاشی اور انسانی بحرانوں سے گزر رہی ہے، ایسے میں مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمیؒ کے خطاب پر غور کرنے کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔

fb.com/share/p/1AByicPdKL

(جاری)

(اشاعت بیاد مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ)

اشاعت بیاد مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ

اشاعت بیاد مولانا محمد عیسیٰ منصوریؒ
اداریہ

ورلڈ اسلامک فورم کا خصوصی تعزیتی ریفرنس
مفتی عمیر ذوالفقار

مولانا منصوریؒ کا مشن آگے بڑھانے کی ضرورت
مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

مولانا منصوریؒ سے میرا تعلق اور چند یادیں
مولانا نور الحسن راشد کاندھلوی

مولانا منصوریؒ کی فکری و علمی جدوجہد اور مشفقانہ مزاج
حضرت مولانا قاسم رشید

آہ! مولانا عیسیٰ منصوری رحمۃ اللہ علیہ
ڈاکٹر محمد اکرم ندوی

مولانا محمد عیسیٰ منصوری: ایک عالم، ایک مفکر اور ایک صاحبِ بصیرت دانشور
ڈاکٹر شہاب الدین ثاقب قاسمی

حضرت مولانا عیسیٰ منصوری رحمۃ اللہ علیہ
مولانا رضاء الحق سیاکھوی

مولانا عیسیٰ منصوری کی چند یادیں
ڈاکٹر شہزاد اقبال شام

مولانا عیسیٰ منصوریؒ کی افتادِ طبع
ڈاکٹر حافظ سید عزیز الرحمٰن

برطانیہ میں ایک اور مخلص و فعال عالم دین چل بسے
محمد غزالی خان

مولانا منصوریؒ کی علمی و دعوتی خدمات کو خراجِ عقیدت
مولانا شہزاد انوری
سہیل احمد بلالی

مولانا منصوریؒ کی زندگی پر ایک طائرانہ نظر
مولانا ابوحذیفہ قاسمی

مولانا عیسیٰ منصوریؒ — امیرِ شریعتؒ کے شہر میں!
مولانا حافظ سید محمد کفیل بخاری

مولانا منصوریؒ اور مسلمانوں کا اتحاد
ڈاکٹر حافظ صفوان محمد چوہان

خود احتسابی کی آواز اٹھانے والی شخصیت
مولانا سید متین احمد

حضرت مولانا عیسیٰ منصوری صاحب رحمہ اللہ کی وفات
مولانا مختار عالم سہرساوی

مولانا منصوریؒ سے ایک مختصر ملاقات
مولانا محسن خان ندوی

عالمِ اسلام ایک ممتاز عالم، صاحب قلم اور مفکر سے محروم ہوگیا
ڈاکٹر پرنس فیروز احمد منصوری

مولانا منصوریؒ کی وفات — فکری اور دعوتی خسارہ
مولانا محمد عرباض خان سواتی

مولانا عیسیٰ منصوریؒ کی رحلت
مفتی نہال عالم ندوی

ایک صاحب علم و فکر کا سانحۂ ارتحال
مفتی سعید ندوی

مختصر تعزیتی پیغامات و تاثرات
میڈیا

تلاش

شماریات