۲۳ مارچ ۱۹۹۵ء کو شاہ ولی اللہ یونیورسٹی میں الشریعہ اکیڈمی کے زیر اہتمام منعقد ہونے والی سالانہ تعلیمی کانفرنس میں الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حافظ محمد الیاس نے مندرجہ ذیل خطاب کیا۔
نحمدہ ونصلی علیٰ رسولہ الکریم۔ اہلِ علم و دانش کے اس اجتماع سے مخاطب ہو کر کچھ معروضات پیش کرنا جہاں میرے لیے انتہائی فخر اور سعادت کی بات ہے، وہاں مجھے اپنی کم مائیگی کا احساس بھی دلاتا ہے، اس لیے گفتگو کو کسی تفصیل میں لے جائے بغیر صرف الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے قیام کے بارے میں آپ حضرات کی خدمت میں کچھ گزارشات پیش کرنے پر اکتفا کروں گا۔
محترم دوستو! آج ہم عالمی اور قومی سطح پر جس ذہنی اور معاشرتی افراتفری کا شکار ہیں، اس کی ایک بڑی وجہ ہمارے تعلیمی اور تربیتی نظام کا صحیح خطوط پر منظم نہ ہونا ہے، اور کم و بیش سب اہلِ علم و دانش اس بات پر متفق ہیں کہ تعلیم و تربیت کا نظام درست کیے بغیر ہم اپنی ملی و قومی زندگی میں اصلاح کے کسی عمل کو آگے نہیں بڑھا سکتے۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں فکر و احساس رکھنے والے حضرات تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے اپنے اپنے ذوق کے مطابق جدوجہد میں مصروف ہیں اور ہمارے شہر گوجرانوالہ میں شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے نام سے عظیم تعلیمی منصوبہ بھی اسی سلسلہ کی ایک اہم کڑی ہے۔
شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے منصوبے کے آغاز کے بعد سے ہی اس امر کی ضرورت شدت سے محسوس کی جا رہی تھی کہ تعلیمی نظام کی اصلاح اور دینی و عصری تعلیم کو یکجا کرنے کے اس پروگرام کو یونیورسٹی اور کالج کی سطح سے ہٹ کر اسکول کی سطح پر منظم کرنا بھی انتہائی صروری ہے۔ اور اسی مقصد کو پورا کرنے کے لیے الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس کے تحت الشریعہ اکیڈمی کو منظم طریقہ سے چلایا جائے گا۔
ہمارا پروگرام یہ ہے کہ اس سال ہم مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ میں کلاس کا آغاز کر رہے ہیں جو چار سال کی کلاس ہو گی اور اس میں حافظ قرآن یا پرائمری پاس طلبہ شریک ہو سکیں گے۔ ہم ان طلبہ کو چار سال میں میٹرک کا امتحان دلائیں گے، حافظ طلبہ کو تجوید کا کورس پڑھائیں گے، غیر حافظ طلبہ کو قرآن کریم ناظرہ کے ساتھ آخری دو پارے حفظ کرائیں گے، تمام طلبہ کو عربی گرائمر کے ساتھ قران کریم کا ترجمہ پڑھائیں گے اور کمپیوٹر کی ٹریننگ دیں گے، ان شاء اللہ تعالیٰ۔
اگلے سال سے ہمارا پروگرام درسِ نظامی کی کلاس شروع کرنے کا ہے اور اس پروگرام کے تحت درس نظامی کا مکمل نصاب اس ترتیب کے ساتھ پڑھایا جائے گا کہ طلبہ دورہ حدیث تک پہنچنے سے پہلے میٹرک، ایف اے اور بی اے کا باضابطہ امتحان دیں اور اس کے بعد دورہ حدیث میں شریک ہوں۔
محترم حضرات! اس وقت ہماری تعلیمی سرگرمیاں مرکزی جامع مسجد شیرانوالہ باغ گوجرانوالہ میں جاری ہیں، اور اس سال میٹرک کی کلاس بھی وہیں ہو گی، جبکہ الشریعہ اکیڈمی کے باقاعدہ قیام کے لیے شاہ ولی اللہ ٹرسٹ نے ہمیں شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے ساتھ چار کنال بطور عطیہ دی ہے جس کے لیے ہم ٹرسٹ کے چیئرمین الحاج میاں محمد رفیق اور ان کے رفقاء کے شکرگزار ہیں۔ ہماری کوشش یہ ہو گی کہ رمضان المبارک سے قبل ضرورت کے مطابق عمارت کی تعمیر کر کے اگلے تعلیمی سال کا آغاز اکیڈمی کی اپنی عمارت میں کریں، ان شاء اللہ تعالیٰ۔ اس کے لیے ہم آپ سب دوستوں سے تعاون کے خواستگار ہیں۔ یہ تعاون مالی صورت میں بھی ہو سکتا ہے اور مشورہ اور راہنمائی کی صورت میں بھی، کیونکہ اس عظیم تعلیمی منصوبہ کی تکمیل کے لیے دونوں کی یکساں اہمیت و ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس منصوبہ کو خیر و کامیابی کے ساتھ مکمل کرنے کی توفیق سے نوازیں، آمین ثم آمین۔
آخر میں الشریعہ ایجوکیشنل ویلفیئر سوسائٹی کے عہدہ داروں اور ارکان کے اسماء گرامی سے آپ کو آگاہ کرنا ضروری سمجھتا ہوں:
سرپرست | شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر | |
سرپرست | حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی | |
چیئرمین | مولانا زاہد الراشدی | مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ |
ڈپٹی چیئرمین | جناب زین الدین | شاہ ولی اللہ یونیورسٹی گوجرانوالہ |
ڈپٹی چیئرمین | جناب عثمان عمر ہاشمی | پیپلز کالونی گوجرانوالہ |
سیکرٹری جنرل | ڈاکٹر حافظ محمد الیاس | سیٹلائیٹ ٹاؤن گوجرانوالہ |
ڈپٹی سیکرٹری جنرل | ڈاکٹر فضل الرحمٰن | گوجرانوالہ |
رابطہ سیکرٹری | حافظ محمد یحیٰی میر | بازار تھانے والا گوجرانوالہ |
سیکرٹری تعلیم | حافظ محمد عمار خان ناصر | مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ |
سیکرٹری اطلاعات | حافظ محمد شفیق | گوجرانوالہ |
رکن | محمد عاصم بٹ | گوجرانوالہ |
رکن | محمد لقمان میر | گوجرانوالہ |
رکن | محمد تبسم شفیق | گوجرانوالہ |
رکن | حافظ نفیس الرحمٰن | گوجرانوالہ |
رکن | جناب فضل الرحمٰن چغتائی | گوجرانوالہ |