تعارف و تبصرہ

ادارہ

’’معجزات پیغمبر ﷺ‘‘

معروف محقق اور مناظر حضرت مولانا عبد اللطیف مسعود نے جناب نبی اکرم ﷺ کے معجزات پر قلم اٹھایا ہے اور معجزہ کی نوعیت ومقصد کی وضاحت کے ساتھ ساتھ معجزہ اور سحر کے فرق کوواضح کرنے کے علاوہ جناب نبی اکرم ﷺ کی بعثت کے بارے میں کتب سماویہ کی پیش گوئیوں نیز مہاتما بدھ اور ویدکی پیش گوئیوں کا بھی باحوالہ تذکرہ کیا ہے۔ مولانا عبد اللطیف مسعود مسیحیت کے محققین میں شمار ہوتے ہیں اور جناب نبی اکرم ﷺ کے بارے میں انجیل کی پیش گوئیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے مسیحی علما نے جو حربے اختیار کیے ہیں، اس کتاب میں ان کا بھی پردہ چاک کیا گیا ہے۔

۳۰۰ سے زائد صفحات کی یہ خوب صورت اور مجلد کتاب دار العلوم مدنیہ ڈسکہ کلاں ضلع سیالکوٹ نے شائع کی ہے اور عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، حضوری باغ روڈ ملتان سے بھی طلب کی جا سکتی ہے۔ کتاب کی قیمت ۱۵۰ روپے ہے۔

’’دلیل قصص النبیین‘‘

دار العلم آب پارہ اسلام آباد کے مدیر مولانا محمد بشیر ایک عرصہ سے عربی زبان کی ترویج اور تعلیمی اداروں میں عصر حاضر کے تقاضوں کی روشنی میں عربی کی تعلیم کے لیے نصاب ونظام کی تدوین میں سرگرم عمل ہیں اور اس سلسلے میں ان کی مختلف علمی کاوشیں سامنے آ چکی ہیں۔

مفکر اسلام مولانا سید ابو الحسن علی ندوی قدس اللہ سرہ العزیز نے بچوں کی دینی تعلیم وتربیت اور ان میں عربی کا ذوق پیدا کرنے کے لیے ’’قصص النبیین‘‘ پانچ حصوں میں تصنیف فرمائی تھی جو بہت سے تعلیمی اداروں کے نصاب میں شامل ہے۔ مولانا محمد بشیر نے اساتذہ کے لیے ’’قصص النبیین‘‘ کی گائیڈ کے طور پر اس کے ہر حصے کے بارے میں الگ کتابچہ شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور پہلے دو حصوں سے متعلقہ کتابچے اس وقت ہمارے سامنے ہیں جو بالترتیب ۵۶ اور ۶۴ صفحات پر مشتمل ہیں۔ ان میں مصنف نے بڑی محنت اور عرق ریزی کے ساتھ ’قصص النبیین‘ کے اصل اسباق کے ساتھ ضروری مشقیں مرتب کی ہیں اور اساتذہ کی راہ نمائی کے لیے طریق کار کی وضاحت بھی کر دی ہے۔

ہمارے ہاں دینی تعلیم کے نظام میں ایک بڑی کمی یہ ہے کہ اساتذہ کی تربیت اور راہ نمائی کا کوئی مناسب نظام اور ماحول موجود نہیں ہے جس کی وجہ سے عربی ودینی مدارس کے تعلیمی نظام میں محنت، خلوص اور لگن کے باوجود مطلوبہ مقاصد پوری طرح حاصل نہیں ہو رہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ مولانا محمد بشیر کی یہ کوشش اس خلا کو کسی حد تک پر کرنے کی ایک کامیاب کوشش ہے۔ دینی مدارس میں عربی کی تعلیم دینے والے اساتذہ کے لیے ان کتابچوں کا مطالعہ اور ان سے استفادہ بے حد افادیت کا حامل ہوگا۔ ان کی قیمت بالترتیب ۲۰ روپے اور ۲۵ روپے ہے اور یہ دار العلم ۶۹۹ آب پارہ مارکیٹ اسلام آباد نے شائع کیے ہیں۔

’’انسان نے لکھنا کیسے سیکھا؟‘‘

ندوۃ العلما لکھنو کے حلقہ کے علماء کرام میں مولانا ابو الجلال ندویؒ ایک معروف محقق عالم گزرے ہیں جن کے تحقیقی وعلمی مضامین ایک عرصہ تک دینی جرائد میں شائع ہوتے رہے ہیں اور وہ کچھ عرصہ حضرت مولانا سید سلیمان ندویؒ کے ہمراہ دار المصنفین اعظم گڑھ کے علمی جریدہ ’’معارف‘‘ کی ادارت کی خدمات بھی سرانجام دیتے رہے ہیں۔ 

’’ابو الجلال ندوی اکیڈمی‘‘ ۲۴۳ النور چیمبرز، پریڈی اسٹریٹ کراچی نے مولانا مرحوم کے مضامین ومقالات کی اشاعت کا بیڑا اٹھایا ہے جو بلاشبہ ایک بڑی علمی خدمت ہے۔ اس سلسلے میں فن تحریر کی تاریخ کے حوالے سے مولانا ابو الجلال ندویؒ کا مضمون ’’انسان نے لکھنا کیسے سیکھا؟‘‘ کے عنوان سے شائع کیا گیا ہے جو اس وقت ہمارے سامنے ہے اور بیس صفحے کا یہ مضمون اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے گراں قدر تحفہ ہے جس کا ہدیہ ۱۰ روپے ہے۔

’’ادارہ اشاعت الاسلام مانچسٹر کے چند رسائل‘‘

ماہنامہ ’’الاسلام‘‘ گلاسٹر یوکے کے مدیر الحاج ابراہیم یوسف باوا اور ان کے لائق فرزند حافظ محمد اقبال رنگونی علمی ودینی حلقوں میں تعارف کے محتاج نہیں ہیں اور ایک عرصہ سے دینی جرائد میں مختلف موضوعات پر ان کی نگارشات عام لوگوں کی راہ نمائی کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے مانچسٹر میں ’’ادارہ اشاعت الاسلام‘‘ قائم کر کے مختلف دینی عنوانات پر لٹریچر کی اشاعت کا آغاز کیا ہے اور خوبصورت معیاری انداز میں چند کتابچے شائع کیے ہیں جن میں سے مندرجہ ذیل کتابچے اس وقت ہمارے پیش نظر ہیں:

۱۔ بیماری اور اس کا علاج از الحاج ابراہیم یوسف باوا۔ صفحات ۳۲

اس میں قرآن وحدیث کی روشنی میں بیماری اور اس کے علاج کے سلسلے میں راہ نمائی کی گئی ہے۔ 

۲۔ معارف الہام از حافظ محمد اقبال رنگونی۔ صفحات ۳۲

اس میں الہام کی حقیقت اور اس کی مختلف صورتوں اور احکام کا قرآن وسنت کی روشنی میں جائزہ لیا گیا ہے۔

۳۔ معارف کشف از حافظ محمد اقبال رنگونی ۔صفحات ۴۸

یہ رسالہ کشف کی نوعیت اور اس کے شرعی احکام کے حوالے سے ترتیب دیا گیا ہے۔

۴۔ حیات عیسیٰ علیہ السلام از حافظ محمد اقبال رنگونی۔ صفحات ۷۲

اس میں سیدنا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کی حیات مبارکہ، آپ کے ارشادات وتعلیمات اور رفع ونزول کے بارے میں مستند معلومات یکجا کی گئی ہیں۔

پاکستان میں یہ کتابچے مکتبہ الفاروق ، ۱۹سلطان پورہ روڈ، لاہور ۳۹ سے طلب کیے جا سکتے ہیں۔

تعارف و تبصرہ

(اپریل ۲۰۰۲ء)

تلاش

Flag Counter