’’آثار السنن (اردو ترجمہ)‘‘
گزشتہ صدی کے نامور محدث حضرت علامہ محمد بن علی النیمویؒ المتوفی ۱۳۲۲ھ نے آثار السنن کے نام سے احادیث و آثار کے اس ذخیرہ کو مرتب کرنا شروع کیا تھا جو فقہ حنفی کی فروع و جزئیات کی بنیاد ہیں۔ یہ ایک وقیع علمی خدمت تھی جس سے بعض حضرات کے پھیلائے ہوئے ان شکوک و شبہات کا ازالہ بھی مقصود تھا کہ فقہ حنفی کا مدار حدیث کی بجائے اس کے مقابلہ میں محض قیاس پر ہے۔ علامہ نیمویؒ اس مجموعہ احادیث کے ذریعہ اپنے مقصد میں کافی حد تک کامیاب رہے اور علمی حلقوں سے خراجِ تحسین وصول کیا۔ لیکن زندگی کی بے وفائی نے کتاب الطہارت اور کتاب الصلوٰۃ سے آگے جانے کا موقع نہ دیا، تاہم کتاب الطہارت اور کتاب الصلوٰۃ پر مشتمل یہ علمی ذخیرہ اہلِ علم کے لیے نعمتِ غیر مترقبہ ثابت ہوا۔
مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کے استاذ محترم مولانا محمد اشرف صاحب نے اس کا اردو ترجمہ کیا ہے اور اصل کتاب کو ترجمہ کے ساتھ خوبصورت انداز سے شائع کیا ہے۔ معیاری کتابت و طباعت اور مضبوط جلد کے ساتھ پونے سات سو صفحات پر مشتمل یہ ذخیرۂ احادیث ایک سو پچاس روپے میں مکتبہ حسینیہ قذافی روڈ گرجاکھ گوجرانوالہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’حضرت عیسٰی علیہ السلام کی حیات و نزول کا عقیدہ‘‘
دورِ حاضر کے نامور محقق مولانا محمد یوسف لدھیانوی نے سیدنا حضرت عیسٰی علیہ السلام کی حیات و نزول کے بارے میں اہلِ اسلام کے اجماعی عقیدہ کو دلائل کے ساتھ اس کتاب میں واضح کیا ہے اور تیرہ سو سال کے اجماع پر علماء کے ارشادات نقل کیے ہیں۔ اڑھائی سو صفحات پر مشتمل یہ کتاب معیاری کتابت و طباعت کے ساتھ عالمی مجلسِ تحفظِ ختمِ نبوت حضوری باغ روڈ ملتان نے شائع کی ہے اور اس پر قیمت درج نہیں ہے۔
’’صدائے محراب‘‘
مجلسِ احرار اسلام اور تحریکِ ختمِ نبوت کے پرجوش مقررین میں حضرت مولانا تاج محمود رحمہ اللہ تعالیٰ کو یہ امتیازی حیثیت حاصل تھی کہ وہ اپنی بھرپور شعلہ نوائی کے ذریعہ سامعین کے جذبات سے کھیلنے کے ساتھ ساتھ ان کے ذہن و دماغ کو بھی گرفت میں رکھتے تھے۔ مولانا مرحوم کے فرزند و جانشین صاحبزادہ طارق محمود نے اس روایت کو قائم رکھنے کی کافی حد تک کامیاب کوشش کی ہے۔ زیر نظر کتاب صاحبزادہ صاحب موصوف کے سال بھر خطبات جمعہ کا مجموعہ ہے جو ان کے ذوقِ مطالعہ اور حسنِ ترتیب کا غماز ہے۔ ان خطبات میں مواد بھی ہے اور بیان کا سلیقہ بھی، جو بلاشبہ نوخیز خطباء کے لیے گراں قدر تحفہ ہے۔
چھ سو صفحات پر مشتمل اس مجموعہ خطبات کی قیمت ڈیڑھ سو روپے ہے اور اسے مکتبہ لولاک جامع مسجد محمود ریلے کالونی فیصل آباد سے حاصل کیا جا سکتا ہے۔
’’تذکرۂ سیدنا معاویہؓ‘‘
محترم جناب قاری قیام الدین الحسینی نے امیر المومنین حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کے حالاتِ زندگی اور ان کے بارے میں اہل سنت کے مسلّمہ عقیدہ و نظریہ کو اس کتاب میں مدلل طور پر بیان کیا ہے۔ کتابت و طباعت عمدہ، خوبصورت جلد، صفحات ۲۴۰ قیمت ۷۵ روپے اور ملنے کا پتہ ہے ادارہ اسلامیات پنڈ دادنخان ضلع جہلم۔
’’میری علمی و مطالعاتی زندگی‘‘
دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کے مہتمم مولانا سمیع الحق نے کچھ عرصہ قبل اپنے دور کے نامور اہلِ علم سے ان کی علمی و مطالعاتی زندگی اور تجربات کے بارے میں ایک سوالنامہ کی صورت میں استفسار کیا تھا۔ زیر نظر کتاب اس سوالنامہ کے جوابات پر مشتمل ہے جن میں ممتاز علماء اور دانشوروں نے اپنے علمی و مطالعاتی تجربات و مشاہدات بیان کیے ہیں۔ دارالعلوم حقانیہ کے فاضل استاذ مولانا عبد القیوم حقانی نے یہ مجموعہ مرتب کر دیا ہے۔ تین سو ساٹھ صفحات کی یہ کتاب مؤتمر المصنفین دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک ضلع پشاور سے حاصل کی جا سکتی ہے، قیمت درج نہیں ہے۔
’’شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندیؒ ۔ ایک سیاسی مطالعہ‘‘
محترم ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہان پوری نے اس کتابچہ میں شیخ الہند مولانا محمود حسن دیوبندیؒ کے متعدد خطبات و فتاویٰ اور خطوط و پیغامات کو مرتب کیا ہے جن سے اس دور کے سیاسی حالات اور حضرت شیخ الہندؒ کی جدوجہد کو بہتر طور پر سمجھا جا سکتا ہے۔ ابتداء میں شیخ الہندؒ کے حالات اور خدمات پر ایک مضمون بھی شامل ہے۔ صفحات ۱۶۸، قیمت ۵۱ روپے، ملنے کا پتہ: مجلس یادگار شیخ الاسلام قاری منزل مراد سٹریٹ پاکستان چوک کراچی ۱۔
’’انجمن خدامِ کعبہ ۔ تاریخِ قیام اور مقاصد و خدمات‘‘
خلافتِ عثمانیہ کے خلاف یورپین اقوام کی سازشوں میں اضافہ ہوا تو برصغیر کے مسلمانوں میں خلافت کے ساتھ ہمدردی و عقیدت اور خلافت کے زیر انتظام حرمین شریفین کے تقدس و ناموس کے تحفظ کے جذبات بیدار ہوئے اور مولانا عبد الباری فرنگی محلیؒ اور مولانا محمد علی جوہرؒ جیسے اکابر نے ’’انجمن خدام کعبہ‘‘ کے نام سے ایک تنظیم کی بنیاد رکھی۔ زیر نظر کتابچہ میں جناب ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہانپوری نے انجمن خدام کعبہ کے حالات و خدمات کا تذکرہ کیا ہے جو ہماری آزادی کی جدوجہد کا ایک اہم باب ہے۔ صفحات ۱۱۲، قیمت ۴۰ روپے، ملنے کا پتہ: ادارہ تصنیف و تحقیق ۹/۱ علیگڑھ کالونی، کراچی ۴۱۔
’’قطعات تاریخ‘‘
دورِ حاضر کے متعدد نامور اہلِ قلم و دانش کی وفات پر جناب شان الحق حقی نے قطعاتِ تاریخ لکھے جنہیں زیرنظر کتابچہ میں جمع کر دیا گیا ہے۔ ان میں جگر مراد آبادی، احسان دانش، بابائے اردو مولوی عبد الحق اور جوش ملیح آبادی جیسے ممتاز حضرات بھی شامل ہیں۔ صفحات ۴۸ قیمت ۱۰ روپے، ملنے کا پتہ: مکتبہ شاہد علیگڑھ کالونی کراچی ۴۱۔
’’ماہِ محرم اور مسلمان‘‘
ہفت روزہ الاعتصام لاہور کے فاضل مدیر جناب حافظ صلاح الدین یوسف نے ماہ محرم کے بارے میں ہمارے معاشرے میں پائی جانے والی بے سروپا روایات اور بدعات و رسوم پر مختلف اسلامی مضامین لکھے جو زیر نظر کتابچہ میں یکجا کر دیے گئے ہیں۔ صفحات ۹۰، ناشر مکتبہ ضیاء الحدیث مصطفیٰ، لاہور۔