شاہ ولی اللہؒ ایک ایسے خاندان میں پیدا ہوئے جو گو خود بڑا صاحبِ مال و جائیداد نہ تھا لیکن شاہی اور جاگیردارانہ نظام کے بچے کھچے حصے کا وارث وہ ضرور تھا، اس لیے قدرتاً شاہ صاحب کے ہاں میانہ روی اور اعتدال ہے۔ آج میں اپنے نوجوانوں کو انقلاب کے اس درجے پر لانا چاہتا ہوں، موجودہ حالات میں جن سے آج ہم دو چار ہیں، انتہاپسندی بڑی خطرناک ہے اور پھر یہ مصلحتِ زمانہ کے بھی خلاف ہے، ہاں اگر کوئی اس سے آگے جانا چاہتا ہے تو میرا یقین ہے کہ قرآن اس کو اس منزل تک بھی لے جا سکتا ہے۔ میرے نزدیک آج اشتراکیت، جو اعلٰی فکر دینے کا دعوٰی کرتی ہے، قرآن کا فکر اس سے بھی بلند ہے، اس لیے قرآن آج بھی ترقی پسند انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہو سکتا ہے۔
شاہ ولی اللہؒ سلطنت کے امراء و اکابر کے ذریعے انقلاب لانا چاہتے تھے، اس میں وہ ناکام رہے لیکن ان کا انقلابی فکر ایک جماعت میں راسخ ہو گیا۔ ان کے بعد ان کے صاحبزادے شاہ عبد العزیزؒ نے قوم کے متوسط طبقے کو اپنا مخاطب بنایا اور ان کی تربیت کر کے مسلمانوں کی سلطنت کی گرتی ہوئی عمارت کو تھامنے کی کوشش کی، بالاکوٹ میں ان کی کوششوں کا جو انجام ہوا وہ سامنے ہے۔ اس کے بعد دہلی اور صادق پور (پٹنہ) سے دو تحریکیں شروع ہوئیں اور دونوں ناکام ہوئیں۔
اب وہ سوسائٹی جسے شاہ ولی اللہ رحمہ اللہ تعالیٰ اور ان کے سلسلے کے بزرگ اصلاحی تدبیروں سے بچانا چاہتے تھے بالکل ٹوٹ چکی ہے۔ اب ضرورت ہے بالکل نئی سوسائٹی کی اور اس کی تشکیل میں میرے نزدیک ہمیں شاہ صاحب کے پیش کردہ عمومی اصولوں سے مدد مل سکتی ہے، ہمارے مخاطب اب عوام اور نچلے متوسط طبقے ہونے چاہئیں۔
(ملفوظات و طیبات مولانا سندھیؒ ۔ ص ۲۳۶)