تعارف و تبصرہ

ادارہ

’’صحبتے با اہلِ حق‘‘

افادات: شیخ الحدیث مولانا عبد الحقؒ

ترتیب و تصنیف: مولانا عبد القیوم حقانی

کتابت و طباعت معیاری۔صفحات ۴۰۶ قیمت مجلد ۷۵ روپے

ناشر: مؤتمر المصنفین دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک ضلع پشاور

شیخ الحدیث حضرت مولانا عبد الحق نور اللہ مرقدہ کا شمار ہمارے دور کے ان جلیل القدر بزرگوں میں ہوتا ہے جنہیں اللہ تعالیٰ نے اسلام کی تبلیغ و اشاعت اور دینی علوم کی ترویج کے میدان میں افادۂ عام کا ذریعہ بنایا اور ملتِ اسلامیہ کے ایک بڑے حصے نے ان سے استفادہ کیا۔ حضرت مولانا عبد الحقؒ کا اٹھنا بیٹھنا اور اوڑھنا بچھونا ہی تعلیم و تبلیغ اور دعوت و ارشاد تھا اور ان کی عام اور نجی مجلسیں بھی علمی استفادہ سے بھرپور ہوتی تھیں۔ مولانا عبد القیوم حقانی نے اپنے شفیق استاذ کی ایسی ہی مجلسوں کے افادات کا احاطہ کرنے کی کامیاب کوشش کی ہے اور ’’صحبتے با اہلِ حق‘‘ کے نام سے حضرت مولانا عبد الحقؒ کے متنوع ارشادات و فیوضات حسنِ ترتیب کے ساتھ جمع کر کے علوم و معارف کا ایک حسین گلدستہ بنا دیا ہے، اللہ تعالیٰ انہیں جزائے خیر دیں اور علماء اور طلباء کو ان کی اس محنت سے فیضیاب ہونے کی توفیق بخشیں، آمین یا رب العالمین۔

’’کشمیر ۔ بارہ کروڑ انسانوں کی زندگی اور موت کا مسئلہ‘‘

تحریر: ریٹائرڈ بریگیڈیر محمد شفیع خان

ناشر: کشمیر اسٹڈیز سنٹر لاہور

صفحات: ۲۴ قیمت دس روپے

ملنے کا پتہ: انسٹیٹیوٹ آف پالیسی اسٹڈیز

کشمیر کا مسئلہ ۱۹۴۷ء سے پاکستان اور بھارت کے درمیان متنازعہ چلا آ رہا ہے اور بھارت اقوامِ متحدہ میں کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کو تسلیم کرنے کے باوجود انہیں عملاً‌ یہ حق دینے کے لیے تیار نہیں ہے اور بھارت کی اس ہٹ دھرمی کے خلاف کشمیری حریت پسندوں کی جدوجہد مسلسل جاری ہے۔ مسئلہ کشمیر کے ساتھ پاکستانی عوام کی جذباتی وابستگی اظہر من الشمس ہے جس کا متعدد مواقع پر پرجوش اظہار ہوتا رہتا ہے لیکن مسئلہ کشمیر کے تاریخی پس منظر اور اس نازک مسئلہ کے بارے میں حقائق و واقعات سے واقفیت کا رجحان عام نہیں ہے جو ہماری ایک اجتماعی کمزوری ہے۔ جناب محمد شفیع خان نے اپنے اس مضمون کے ذریعے اس کمی کو پورا کرنے کی کوشش کی ہے۔ مسئلہ کشمیر کے بارے میں پائی جانے والی موجودہ بیداری کے ماحول میں اس کی زیادہ سے زیادہ اشاعت کی ضرورت ہے۔

’’سیرتِ سیدنا ابوہریرہؓ‘‘

مولف: حافظ محمد اقبال رنگونی

صفحات: ۱۴۴ قیمت ۱۲ روپے

ناشر: دارالمعارف الفضل مارکیٹ اردو بازار لاہور

سیدنا حضرت ابوہریرہؓ تاریخِ اسلام کی وہ عظیم شخصیت ہیں جنہوں نے جناب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے دستِ اقدس پر بیعت کرنے کے بعد رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کے ارشادات و فرمودات کو ہی اپنا وظیفۂ حیات بنا لیا اور پھر اس ذوق اور محنت کے ساتھ فرموداتِ نبویؐ کو اپنے سینے میں محفوظ کیا کہ چند سال میں حدیث رسولؐ کے سب سے بڑے راوی کی حیثیت حاصل کر لی۔ حضرت ابوہریرہؓ کی زندگی طلبِ علم اور اشاعتِ دین سے عبارت ہے اور ان کے مجاہدات میدانِ عمل کے راہروؤں کے لیے بلاشبہ سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں۔

اسلامک اکیڈمی مانچسٹر برطانیہ کے ڈپٹی ڈائریکٹر مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی نے انہی نشانہائے راہ کو اس کتابچہ میں یکجا کیا ہے اور حضرت علامہ ڈاکٹر خالد محمود صاحب کے وقیع مقدمہ نے کتابچہ کی اہمیت و افادیت کو دوچند کر دیا ہے۔

’’مسلمان کسے کہتے ہیں؟‘‘

مؤلف: مولانا حافظ مہر محمد

صفحات: ۱۰۰ قیمت ۱۰ روپے

ناشر: جامعۃ العلوم الاسلامیۃ، ایف ٹو، میر پور، آزاد کشمیر

آج کے دور میں اس امر کی سب سے زیادہ ضرورت ہے کہ اسلام کے عقائد و اعمال اور اخلاقی احکام و مسائل کو عام فہم انداز میں مختصر طور پر تحریر کیا جائے تاکہ عام پڑھے لکھے لوگ اسلامی احکام و مسائل سے بآسانی واقفیت  حاصل کر سکیں۔ مولانا حافظ مہر محمد نے اس ضرورت کے پیشِ نظر یہ رسالہ مرتب کیا ہے جو اپنے مقاصد کے لیے خاصا مفید ہے اور دینی معلومات کو عام لوگوں تک صحیح طور پر پہنچانے کے لیے اس کی زیادہ سے زیادہ اشاعت کی ضرورت ہے۔

’’ماہنامہ المذاہب لاہور‘‘

مدیر: جناب محمد اسلم رانا

زرتعاون: سالانہ چالیس روپے

خط و کتابت: ایڈیٹر ماہنامہ المذاہب، ملک پارک، شاہدرہ، لاہور

جناب محمد اسلم رانا کو اللہ تعالیٰ نے عیسائیت کے مطالعہ اور تحقیق و تجزیہ کے خصوصی ذوق سے نوازا ہے اور وہ ایک عرصہ سے مختلف جرائد و رسائل کے ذریعے اپنے اس ذوق کا اظہار کرتے آ رہے ہیں اور ان دنوں ماہنامہ ’’المذاہب‘‘ کے نام سے ایک مستقل ماہنامہ کی اشاعت کی ذمہ داری نباہ رہے ہیں۔ عیسائی مشنریاں مختلف عنوانات کے ساتھ اور متنوع پروگراموں کے ذریعے پاکستان کے سادہ لوح عوام کو اپنے جال میں پھنسانے کی جو مسلسل کوشش کر رہی ہیں ان سے عوامی اور دینی حلقوں کی بے خبری بلکہ بے حسی ایک مستقل المیہ ہے جو جناب محمد اسلم رانا کو بے چین کیے ہوئے ہے اور انہوں نے بے سروسامانی کے باوجود اس سلسلہ میں علماء اور عوام کو بیدار کرنے کا مشن سنبھال رکھا ہے۔

’’المذاہب‘‘ کے مضامین علمی اور تحقیقی ذوق کے آئینہ دار اور عیسائیت کے بارے میں معلومات افزا ہوتے ہیں۔ ہم علماء کرام اور طلبہ سے بالخصوص گزارش کریں گے کہ وہ ’’المذاہب‘‘ کے مطالعہ کو معمول بنائیں اور اس مشن میں جناب محمد اسلم رانا کی زیادہ سے زیادہ حوصلہ افزائی کریں۔

تعارف و تبصرہ

(مارچ ۱۹۹۰ء)

مارچ ۱۹۹۰ء

جلد ۲ ۔ شمارہ ۳

اسلامی بیداری کی لہر اور مسلم ممالک
مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

احادیثِ رسول اللہؐ کی حفاظت و تدوین
شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر

مولانا عزیر گلؒ
عادل صدیقی

مجھے قرآن میں روحانی سکون ملا
مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

نظامِ خلافت کا احیاء
مولانا ابوالکلام آزاد

حرکۃ المجاہدین کا ترانہ
سید سلمان گیلانی

عیسائی مذہب کیسے وجود میں آیا؟
حافظ محمد عمار خان ناصر

اخلاص اور اس کی برکات
الاستاذ السید سابق

چاہِ یوسفؑ کی صدا
پروفیسر حافظ نذر احمد

شمس الائمہ سرخسی رحمۃ اللہ علیہ
ڈاکٹر حافظ محمد شریف

عصرِ حاضر کی پیشانی پر کلنک کا ٹیکہ
حافظ محمد اقبال رنگونی

اسلامی نظامِ تعلیم کے خلاف فرنگی حکمرانوں کی سازش
شریف احمد طاہر

حدودِ شرعیہ کی مخالفت - فکری ارتداد کا دروازہ
مولانا سعید احمد عنایت اللہ

تعارف و تبصرہ
ادارہ

قافلۂ معاد
ادارہ

آپ نے پوچھا
ادارہ

وعظ و نصیحت کے ضروری آداب
حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ

قرآنی احکام کا نفاذ آج بھی ممکن ہے
حضرت مولانا عبید اللہ سندھیؒ

شہیدِ اسلام مولانا سید شمس الدین شہیدؒ نے فرمایا
ادارہ

تلاش

Flag Counter