تعارف و تبصرہ

ادارہ

’’انکشاف حقیقت‘‘

ایک اہل حدیث عالم نے ’’احناف کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اختلاف‘‘ کے عنوان سے کتاب لکھی جس میں انھوں نے بزعم خویش یہ ثابت کرنے کی کوشش کی کہ فقہ حنفی کے بیشتر مسائل احادیث نبویہ کے خلاف ہیں، حالانکہ اہل علم جانتے ہیں کہ فقہ حنفی کی بنیاد قرآن کریم، سنت نبوی اور آثار صحابہ پر ہے اور احناف کا کوئی مسئلہ ایسا نہیں ہے جس کی بنیاد ان مآخذ پر نہ ہو۔ استنباط واستدلال یا احادیث وآثار میں ترجیحات میں اختلاف کی بات ہو سکتی ہے اور یہ ہر فقہ میں موجود ہے، لیکن یہ کہنا کہ فقہ حنفی یا دوسرے ائمہ کرام کی فقہیں نعوذ باللہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے اختلاف پر مبنی ہیں، نری جہالت اور ہٹ دھرمی کی بات ہے۔

مولانا عبد القدوس قارن، استاذ الحدیث مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ نے زیر نظر کتاب میں اسی جہالت کو بے نقاب کیا ہے اور دلائل وتحقیق کے ساتھ مذکورہ بالا کتاب کے مصنف کے اعتراضات کا مسکت جواب دیا ہے۔ 

چار سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب عمر اکادمی، نزد مدرسہ نصرۃ العلوم فاروق گنج گوجرانوالہ نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت ۱۵۰ روپے ہے۔

’’فتنہ قادیانیت کو پکڑیے‘‘

قادیانیت کے تعاقب کے حوالے سے مختلف ارباب علم کی نگارشات کو محمد طاہر عبد الرزاق صاحب نے مرتب کیا ہے جو اس بارے میں مفید معلومات اور ہدایا ت پر مشتمل ہے۔ 

دو سو سے زائد صفحات کی یہ کتاب عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت حضوری باغ روڈ ملتان نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت ۹۰ روپے ہے۔

’’فلسفہ اذان مع فضائل ومسائل‘‘ 

زیر نظرکتاب مولانا شمس الحق مشتاق کی تالیف ہے جس میں انھوں نے اذان کی اہمیت ،فضائل، مسائل واحکام اور مختلف واقعات کو جمع کیا ہے۔ عام قارئین کے لیے کتاب کا مطالعہ مفید ہوگا۔

ناشر: مکتبہ معہد القرآن متصل جامع مسجد اللہ والی، پرانا گولیمار، کراچی ۱۶۔ صفحات ۱۸۵۔ قیمت درج نہیں۔

تعارف و تبصرہ

(جولائی ۲۰۰۶ء)

تلاش

Flag Counter