تعارف و تبصرہ

ادارہ

’’معارف اسلامی‘‘ (علمی وتحقیقی مجلہ)

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اسلام آباد کے کلیہ علوم عربی وعلوم اسلامیہ کی طرف سے ’’معارف اسلامی‘‘ کے نام سے ششماہی معیاری تحقیقی وعلمی مجلہ شائع کیا جاتا ہے جس کا جولائی تا دسمبر ۲۰۰۲ء کا شمارہ اس وقت ہمارے سامنے ہے۔ اڑھائی سو سے زائد صفحات کا یہ ضخیم مجلہ اردو اور عربی میں مختلف عنوانات پر گراں قدر علمی مقالات پرمشتمل ہے جو مدیر مسؤل جناب ڈاکٹر علی اصغر چشتی اور ان کے رفقا کے حسن ذوق کا آئینہ دار ہے۔ اس کی قیمت ۱۰۰ روپے ہے۔

’’اسلامی زندگی‘‘

جمعیۃ علماء ہند کے نامور راہ نما اور مورخ مولانا سید محمد میاں قدس سرہ العزیز کے مختلف دینی اور معاشرتی مسائل پر مضامین کا مجموعہ مندرجہ بالا عنوان سے جمعیۃ پبلی کیشنز، مسجد پائلٹ سکول، وحدت روڈ لاہور نے شائع کیا ہے۔ صفحات ۱۴۲، معیاری طباعت، خوبصورت ٹائٹل، قیمت ۶۰روپے

’’اسلام اور بنیادی انسانی حقوق‘‘

دعوہ اکیڈمی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، اسلام آبادکے ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد علوی نے انسانی حقوق کے حوالہ سے موجودہ عالمی مہم کا جائزہ لیا ہے اور اس سلسلہ میں اسلامی تعلیمات کو خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے۔ صفحات ۳۲، قیمت بیس روپے۔

’’حیلے اور بہانے‘‘

عام طور پر ہماری معاشرتی زندگی میں اسلامی احکام وتعلیمات پر عمل سے گریز کے لیے جو حیلے بہانے تراشے جاتے ہیں، حضرت مولانا عاشق الٰہی بلند شہری ؒ نے ان کا تفصیل کے ساتھ تذکرہ کیا ہے اور شرعی احکام کی وضاحت کی ہے ۔ صفحات ۱۲۰،کمپوزنگ وطباعت عمدہ، ملنے کا پتہ: مبین ٹرسٹ، پوسٹ بکس 470، اسلام آباد

’’حکیم عنایت اللہ نسیم سوہدروی‘‘

حکیم عنایت اللہ نسیم سوہدری ہمارے ملک کے نامور طبیبوں اور دانش وروں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے متعدد ملی تحریکات میں سرگرم کردار ادا کیا۔ محترم ڈاکٹر انور سدید نے حکیم صاحب مرحوم کے حالات زندگی اور فکروجدوجہد کو اس کتاب میں خوبصورت انداز میں پیش کیا ہے۔ صفحات ۲۵۰، قیمت ۱۲۰روپے، ناشر: حق پبلی کیشنز، 2-Aسید پلازہ چیٹرجی روڈ، اردوبازار لاہور ۔

’’راز سخن‘‘

پسرور کے معروف استاد جناب قاضی عطاء اللہ نے قرآن کریم کا اردو میں منظوم ترجمہ ومفہوم پیش کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اس کا پارۂ عم اس وقت ہمارے سامنے ہے جو ’’راز سخن‘‘ کے عنوان سے شائع ہوا ہے۔ صفحات ۹۰، قیمت ۶۰روپے، ناشر: ادبی سبھا، ریلوے روڈ، پسرور 

’’فضائل دعا‘‘ (جلد اول)

برطانیہ کے معروف بزرگ الحاج ابراہیم یوسف باوا رنگونی مختلف تبلیغی واصلاحی موضوعات پر وقتاً فوقتاً عام فہم تالیفات پیش کرتے رہتے ہیں۔ زیر نظر کتاب میں انہوں نے دعا کی فضیلت واہمیت اور اس کے آداب وشرائط کے علاوہ اہم علمی نکات اور واقعات پر مبنی قابل قدر مواد یکجا کر دیا ہے۔ صفحات ۴۲۰، کتابت وطباعت عمدہ، پاکستان میں ملنے کاپتہ:حافظ عبد الرحیم میاں، ۱۱۱/ ایف ۳۔۲، ناظم آباد نمبر ۳، کراچی ۱۸

’’مستورات کی تبلیغی جماعت‘‘

تبلیغی جماعت کے جو بعض اقدامات اہل علم کے ہاں زیر بحث ہیں، ان میں سے ایک مستورات کی تبلیغی جماعت کا مسئلہ بھی ہے۔ اس کے جواز اور عدم جواز کے بارے میں معاصر اہل علم میں اختلاف رائے پایا جاتا ہے۔ جناب ابراہیم یوسف باوا اس کے عدم جواز کے قائل ہیں اور زیر نظر کتابچے میں انہوں نے اس موضوع پر اپنے نقطہ نظر کے حق میں دلائل اور اہل علم کی آرا وفتاویٰ کو جمع کیا ہے۔ صفحات۸۸، عمدہ طباعت وکتابت، ناشر:ادارہ اشاعت الاسلام، P.O. Box 36, Manchester M16 7AN (UK)

تعارف و تبصرہ

(مئی و جون ۲۰۰۳ء)

تلاش

Flag Counter