تعارف و تبصرہ

ادارہ

’’سوانح قائد ملت حضرت مولانا مفتی محمودؒ‘‘

معروف صاحب قلم عالم دین مولانا عبد القیوم حقانی نے مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی محمود قدس اللہ سرہ العزیز کے سوانح وخدمات کا ایک خوبصورت مجموعہ پیش کیا ہے جس میں حضرت مفتی صاحبؒ کی علمی وسیاسی خدمات اور مجاہدانہ کارناموں کا بھی دل نشین انداز میں ذکر کیا گیا ہے۔

خوب صورت ٹائٹل اور مضبوط جلد کے ساتھ مزین ۳۳۶ صفحات پر مشتمل یہ کتاب القاسم اکیڈمی، جامعہ ابو ہریرہؓ، خالق آباد، نوشہرہ نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت ۱۲۰ روپے ہے۔

مولانا سید ابو الحسن علی ندویؒ پر ’’القاسم‘‘ کی خصوصی اشاعت

مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندویؒ کی شخصیت اور خدمات کے حوالے سے ماہنامہ ’’القاسم‘‘ خالق آباد نوشہرہ نے اشاعت خاص کا اہتمام کیا ہے جو برصغیر کے نام ور اہل علم کی نگارشات وتاثرات پر مشتمل ہے۔

۵۶۰ صفحات کا یہ مجموعہ عمدہ طباعت، مضبوط جلد اور خوب صورت ٹائٹل کے ساتھ مزین ہے اور اس پر قیمت درج نہیں۔

’’قبر کی زندگی‘‘

مولانا نور محمد تونسوی قادری نے قبر کی زندگی اور برزخ کے حالات کے بارے میں اہل السنۃ والجماعۃ بالخصوص علماء دیوبند کے اس موقف کی دلائل کے ساتھ وضاحت کی ہے کہ قبر کا عذاب اور مرنے کے بعد عالم برزخ میں میت کے ساتھ روح کا تعلق ثابت ہے اور حضرات انبیاء کرام علیہم الصلوات والتسلیمات کی حیات برزخی اس حوالے سے سب سے اعلیٰ وارفع ہے۔ مناظرانہ انداز کی یہ تحقیقی کتاب اس موضوع سے دل چسپی رکھنے والے حضرات کے لیے گراں قدر تحفہ کی حیثیت رکھتی ہے۔

ساڑھے چھ سو کے لگ بھگ صفحات کی یہ مجلد کتاب انجمن خدام الاسلام باغبان پورہ لاہور نے شائع کی ہے جس کی قیمت ۲۴۰ روپے ہے اور اسے ظفر بک سنٹر، پاکستانی بازار، باغ بان پورہ، لاہور سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’ذوق بیاں‘‘

مجاہد ختم نبوت حضرت مولانا تاج محمود رحمہ اللہ تعالیٰ کے فرزند وجانشین صاحب زادہ طارق محمود صاحب تحریر وتقریر دونوں میدانوں میں اپنے والد محترم کی خدمات وروایات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور ان کی تحریروں اور خطبات کے متعدد مجموعے منظر عام پر آ چکے ہیں۔ زیر نظر کتاب ’’ذوق بیاں‘‘ ان کے خطبات جمعہ کا دوسرا مجموعہ ہے جو ان کے مخصوص ذوق واسلوب کا آئینہ دار ہے اور اس میں مختلف عنوانات پر تیس خطبات شامل ہیں۔

۳۸۴ صفحات کی یہ مجلد کتاب مکتبہ لولاک، مرکزی جامع مسجد محمود ، ریلوے اسٹیشن فیصل آباد نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت ۱۷۵ روپے ہے۔

’’مجاہد ملت مولانا حفظ الرحمن سیوہارویؒ ایک سیاسی مطالعہ‘‘

برصغیر پاک وہند وبنگلہ دیش کی برطانوی استعمار سے آزادی کی جدوجہد میں جن مجاہد علما نے نمایاں خدمات سرانجام دیں، ان میں جمعیۃ علماء ہند کے ناظم اعلیٰ حضرت مولانا حفظ الرحمن سیوہارویؒ بھی شامل ہیں۔ مجاہد عالم دین اور ممتاز پارلیمنٹیرین ہونے کے ساتھ ساتھ وہ ایک محقق اور دانش ور بھی تھے۔ ان کی خدمات، سیاسی افکار اور جدوجہد پر محترم ڈاکٹر ابو سلمان شاہجہان پوری نے قلم اٹھایا ہے اور نئی نسل کو ایک حق گو اور مجاہد عالم دین کے کارناموں سے متعارف کرانے کی کام یاب کوشش کی ہے۔

پانچ سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب جمعیۃ پبلی کیشنز، متصل مسجد پائلٹ سکول، وحدت روڈ لاہور نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت ۲۰۰ روپے ہے۔

’’جہاد اسلامی اور دور حاضر کی جنگ‘‘

برصغیر کے ممتاز عالم دین، محدث اور حق گو سیاسی راہ نما حضرت مولانا سید محمد میاں رحمہ اللہ تعالیٰ نے دور حاضر کی جنگوں اور اسلامی جہاد کے فلسفہ پر روشنی ڈالی ہے اور دونوں کے فرق کو واضح کرتے ہوئے امام الہند حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ کے فلسفہ وتعلیمات کی روشنی میں جہاد کے فلسفہ اور احکام کی وضاحت کی ہے۔

ایک سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب بھی جمعیۃ پبلی کیشنز نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت ۵۰ روپے ہے۔

’’فتاویٰ مفتی محمودؒ جلد دوم‘‘

جمعیۃ پبلی کیشنز لاہور نے مفکر اسلام حضرت مولانا مفتی محمودؒ کے فتاویٰ کو مرتب شکل میں شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے اور ’’فتاویٰ مفتی محمود‘‘کے نام سے ان کی پہلی جلد منظر عام پر آنے کے بعد اہل علم کے استفادہ کا ذریعہ بنی ہوئی ہے۔ اب اس کی دوسری جلد سامنے آئی ہے جو امامت کے احکام ومسائل سے عیدین کے احکام تک کے ابواب پر مشتمل ہے اور ارباب علم وفتویٰ کے لیے گراں قدر تحفہ ہے۔

سوا پانچ سو سے زائد صفحات پر مشتمل اس مجلد کتاب کی قیمت ۲۰۰ روپے ہے اور اسے مذکورہ بالا پتہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر مفتی عبد الواحد صاحب کے رسائل

جامعہ مدنیہ کریم پارک لاہور کے دار الافتا کے سربراہ ڈاکٹر مفتی عبد الواحد صاحب مختلف دینی موضوعات کے حوالے سے مفید مضامین تحریر کرتے رہتے ہیں۔ اس وقت ان کے تین رسائل ہمارے پیش نظر ہیں:

  • تحفہ خیر خواہی: اس میں کیپٹن (ر) ڈاکٹر مسعود الدین عثمانی کے افکار وخیالات کا ناقدانہ جائزہ لیا گیا ہے اور ان کے مغالطوں کا جواب دیا گیا ہے۔ صفحات ۵۶
  • ڈاکٹر اسرار احمد کے افکار ونظریات: اس میں تنظیم اسلامی پاکستان کے امیر محترم ڈاکٹر اسرار احمد کے بعض افکار ونظریات پر تنقیدی تبصرہ کیا گیا ہے۔ صفحات ۱۰۶
  • تحفہ غامدی: اس میں محترم جاوید احمد غامدی کے افکار پر تنقیدی نظر ڈالی گئی ہے۔ صفحات ۶۴

یہ رسائل جامعہ مدنیہ کریم پارک، راوی روڈ لاہور کے دار الافتا سے طلب کیے جا سکتے ہیں۔

مفتی محمد رضوان صاحب کے رسائل

ادارہ غفران چاہ سلطان راول پنڈی کے سربراہ مولانا مفتی محمد رضوان مختلف دینی عنوانات پر مفید عام کتابچے شائع کرتے رہتے ہیں جن میں زیادہ تر رسوم وبدعات اور غلط قسم کی معاشرتی روایات پر تبصرہ ہوتا ہے اور قرآن وسنت کی روشنی میں عوام کی راہ نمائی کی جاتی ہے۔ اس وقت مندرجہ ذیل رسائل ہمارے سامنے ہیں جو مندرجہ بالا پتہ سے حاصل کیے جا سکتے ہیں:

(۱) حج کی غلطیاں (۲) ماہ ربیع الاول کے فضائل واحکام (۳) ماہ ربیع الثانی کے فضائل واحکام (۴) پانی کا بحران اور اس کا حل (۵) زلزلہ اور اس سے حفاظت

بریگیڈیر (ر) قاری ڈاکٹر فیوض الرحمن کی تصانیف

بریگیڈیر (ر) قاری ڈاکٹر فیوض الرحمن مستند اور معروف عالم دین ہیں جنہوں نے شیخ التفسیر حضرت مولانا احمد علی لاہوریؒ اور شیخ العلما حضرت مولانا بشیر احمد پسروریؒ جیسے بزرگوں سے خوشہ چینی کی ہے۔ وہ ایک عرصہ تک پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں شعبہ دینی تعلیمات کے انچارج رہے ہیں اور مختلف موضوعات پر تحریر وتصنیف کا سلسلہ بھی انہوں نے جاری رکھا ہے۔ اس وقت ان کی مندرجہ ذیل تصانیف ہمارے سامنے ہیں:

  • معاصرین اقبالؒ : اس میں شاعر مشرق علامہ محمد اقبالؒ کے معاصر علما کے طور پر اس دور کے پونے تین سو کے لگ بھگ علماء کرام کے مختصر سوانحی حالات کا تذکرہ کیا گیا ہے۔ صفحات ۱۲۰۴ ۔ قیمت درج نہیں۔
  • تعارف قرآن: یہ قرآن کریم سے متعلق ضروری معلومات اور اہم تراجم وتفاسیر کے تعارف پر مشتمل ہے۔ صفحات ۳۸۲
  • فیوض القرآن: اس میں حویلیاں ہزارہ کے معروف صاحب دل بزرگ حضرت مولانا قاضی عبد الحی چن پیر الہاشمیؒ کے سورہ بقرہ کے ابتدائی حصوں کے دروس کو قاری فیوض الرحمن صاحب نے مرتب کیا ہے۔ صفحات ۲۲۲
  • دینی مقالات : یہ مختلف دینی عنوانات پر قاری صاحب محترم کے معلوماتی مضامین کا مجموعہ ہے جس میں اسلام کے سیاسی، معاشی، معاشرتی، اعتقادی، اخلاقی اور عباداتی نظام بطور خاص قابل ذکر ہیں۔ صفحات ۳۵۰
  • علماء ہزارہ :ڈاکٹر قاری فیوض الرحمن صاحب کا تعلق ہزارہ سے ہے۔ اس مناسبت سے انہوں نے علماء ہزارہ کے تعارف پر بطور خاص قلم اٹھایا ہے اور اس کتاب میں دار العلوم دیوبند سے ۱۲۹۶ھ سے ۱۳۷۹ھ تک فارغ التحصیل ہونے والے پونے تین سو ہزاروی علماء کرام کی ترتیب وار فہرست اور ان کے سوانحی خاکے تحریر کیے ہیں۔ صفحات ۳۱۶
  • مشاہیر علما: سوانح نگاری محترم قاری صاحب کا خصوصی ذوق ہے اور انہوں نے کم وبیش تیرہ سو علما کرام کے سوانحی خاکے اس کتاب میں تحریر کیے ہیں جن میں پاکستان اور بھارت دونوں ملکوں کے علما کی ایک بڑی تعداد شامل ہے۔ جلد اول ۶۶۴، جلد دوم ۹۹۸ اور جلد سوم ۲۴۲ صفحات پر مشتمل ہے۔
  • کتاب الجہاد: قاری صاحب محترم نے چوتھی صدی ہجری کے معروف محدث امام ابو عبد اللہ العکبریؒ کی ’’کتاب الجہاد‘‘ کا اردو میں ترجمہ کیا ہے اور ترجمہ کے ساتھ اصل متن بھی شائع کیا گیا ہے۔ صفحات ۵۴

’’تیسیر المنطق‘‘

علم منطق پر حضرت مولانا عبد اللہ گنگوہیؒ کے معروف رسالہ ’’تیسیر المنطق‘‘ کو مولانا محمد سیف الرحمن قاسم نے تسہیل اور عام فہم مثالوں کے ساتھ مرتب کر کے شائع کیا ہے جو اس فن کی آسان تدریس کے لیے مفید ہے۔

صفحات ۸۸۔ ملنے کا پتہ: جامعۃ الطیبات، گلی نمبر ۴، محلہ کنور گڑھ، کالج روڈ، گوجرانوالہ

تعارف و تبصرہ

(اگست ۲۰۰۲ء)

تلاش

Flag Counter