حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ ان مجددین علماء کرام میں سے تھے جنہوں نے دین کے مختلف شعبوں میں تجدید و اجتہاد کا عظیم کام کیا اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ ان کے منہجِ بیان اور طرزِ تحقیق کی اہمیت بڑھتی جا رہی ہے۔ حضرت شاہ ولی اللہؒ کی سعی و کاوش کے کئی دائرے ہیں مگر آج کی دنیا میں ان کی خدمات کو جو زیادہ اہمیت دی جا رہی ہے وہ اس حوالے سے ہے کہ انہوں نے اسلامی عقائد، شرعی احکام اور نصوص کی ایسی حکیمانہ تشریح کی ہے کہ سماج کے خیر و شر کی بنیادوں کو واضح کیا ہے۔
حضرت شاہ ولی اللہؒ کی کتابوں کو پڑھتے ہوئے مشکل یہ پیش آتی ہے کہ حضرت شاہ ولی اللہؒ علمیت اور تحقیق کے ثریا پر ہوتے ہیں اور فلسفہ و حکمت کے طالب علم کا پرواز ادراک وہاں پہنچنے سے قاصر رہتا ہے۔ اس لئے فلسفہ شاہ ولی اللہ کی تسہیل کی کوشش ہر دور میں علماء کرام کرتے رہے ہیں۔
اس سلسلہ کی تازہ کاوش ہمارے برادر زادہ محترم مولانا محمد خزیمہ خان سواتی زید مجدہم کا مقالہ "شرائع الٰہیہ اور انسانی تمدن کا باہمی تعلق: فکر شاہ ولی اللہ کی روشنی میں" ہے جس کو ماہنامہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کی خصوصی اشاعت بعنوان "فکرِ شاہ ولی اللہ نمبر" کے طور پر شائع کیا گیا ہے۔
مولا نا محمد خزیمہ خان سواتی ہمارے برادر کبیر مولانا محمد فیاض خان سواتی کے بیٹے اور مولانا صوفی عبد الحمید خان سواتیؒ کے پوتے ہیں۔ ان کے دادا کو اللہ تعالیٰ نے فکرِ شاہ ولی اللہ سے خصوصی مناسبت، الفت اور شغف نصیب فرمائی تھی، آپ ماضی قریب کے اکابر علماء میں فلسفہ شاہ ولی اللہ کے بہترین شارح اور نقیب تھے۔
مولانا محمد خزیمہ خان سواتی صاحبِ سعادت مند ہیں کہ انہوں نے اپنی شناخت و پہچان بنانے کے لئے کوئی نئی راہ نہیں نکالی بلکہ اپنے بزرگوں کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے عصرِ حاضر اور عہدِ جدید کے تقاضوں کے مطابق اسلاف کے علوم کی تسہیل و تشریح میں مصروفِ عمل ہیں۔
زیر تبصرہ مقالے میں آپ نے انسانی تمدن کے آغاز، ارتقاء اور اس میں بگاڑ کے اسباب، شرائع الٰہیہ کی حقیقت اور اس میں اختلاف کے اسباب، بعثتِ انبیاء کرام کے تمدنی مقاصد اور ان کے منہجِ اصلاح، اسلامی تعلیمات کی تمدنی جہات اور سیاستِ مدن کی بابت اسلامی تعلیمات کو حضرت شاہ ولی اللہؒ کے فلسفہ کے تناظر میں انتہائی آسان تعبیرات کے ساتھ بیان کیا ہے جس سے فکر و نظر کی نئی راہیں کھلتی ہیں اور معاشرے کے موجودہ بگاڑ کے اسباب اور ان کے سد باب کی مختلف جہات سامنے آتی ہیں۔
یہ تحقیقی مقالہ ۱۶۰ صفحات پر مشتمل ہے۔ کاغذ اعلیٰ، طباعت عمدہ اور کتابت صاف ہے۔
برائے رابطہ: اداره نشر و اشاعت جامعہ نصرۃ العلوم فاروق گنج گوجرانوالہ 03026693479