الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ ۔ اغراض ومقاصد اور سرگرمیاں

ادارہ

الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ ۱۹۸۹ء سے اسلام کی دعوت وتبلیغ، اسلام مخالف لابیوں کی نشان دہی اور ان کی سرگرمیوں کے تعاقب، اسلامی احکام وقوانین پر کیے جانے والے اعتراضات وشبہات کے ازالہ، دینی حلقوں میں باہمی رابطہ ومشاورت کے فروغ اور نوجوان نسل کی فکری وعلمی تربیت وراہ نمائی کے لیے مصروف کار ہے۔ مرکزی جامع مسجد گوجرانوالہ کے خطیب اور مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کے صدر مدرس مولانا زاہد الراشدی اکیڈمی کے ڈائریکٹر ہیں جبکہ حافظ محمد عمار خان ناصر (ایم اے انگلش پنجاب یونیورسٹی، مدرس مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ) ڈپٹی ڈائریکٹر اور حافظ محمد یوسف (فاضل مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ) ناظم کے طور پر ان کی معاونت کرتے ہیں۔ 

گزشتہ چار سال سے جی ٹی روڈ گوجرانوالہ پر کنگنی والا بائی پاس کے قریب سرتاج فین کے عقب میں ہاشمی کالونی میں ایک کنال زمین پر الشریعہ اکادمی کی تین منزلہ عمارت زیر تعمیر ہے جس کا کچھ حصہ مکمل ہونے پر اکادمی کی تعلیمی سرگرمیاں دو سال قبل زیر تعمیر عمارت میں منتقل کر دی گئی ہیں۔

اکادمی کے زیر اہتمام:

  • اکتوبر ۱۹۸۹ء سے علمی وفکری جریدہ ماہنامہ ’’الشریعہ‘‘ پابندی کے ساتھ شائع ہو رہا ہے جس میں ملت اسلامیہ کو درپیش مسائل ومشکلات اور جدید علمی وفکری چیلنجز کے حوالہ سے ممتاز اصحاب قلم کی نگارشات شائع ہوتی ہیں۔
  • اکادمی کے ڈائریکٹر مولانا زاہد الراشدی کے حالات حاضرہ کے حوالے سے معلوماتی اور فکر انگیز مضامین ہفتہ میں دو بار روزنامہ اسلام کراچی میں ’’نوائے حق‘‘ کے عنوان سے اور روزنامہ پاکستان لاہور میں ’’نوائے قلم‘‘ کے عنوان سے شائع ہوتے ہیں۔ روزنامہ پاکستان میں شائع ہونے والے مضامین www.dailypak.com پر کالم کے سیکشن میں پڑھے جا سکتے ہیں۔
  • ۲۰۰۲ء میں اردو زبان میں اسلامی ویب سائٹ www.alsharia.org لانچ کی گئی ہے جس پر ماہنامہ ’’الشریعہ‘‘ کے علاوہ مختلف اہم عنوانات پر منتخب مقالات ومضامین ملاحظہ کیے جا سکتے ہیں۔
  • اکادمی کی زیر تعمیر مسجد میں پانچ وقت نماز باجماعت اور مقامی بچوں اور بچیوں کے لیے ناظرہ قرآن کریم کی کلاسیں باقاعدگی سے جاری ہیں۔
  • مقامی طلبہ وطالبات کے لیے عربی گریمر کے ساتھ ترجمہ قرآن کریم اور ضروریات دین کے تعارف پر مبنی تین کلاسیں چل رہی ہیں۔
  • دینی مدارس کے طلبہ کے لیے انگریزی زبان اور کمپیوٹر ٹریننگ کے تین تین ماہ کے چار کورس اب تک ہو چکے ہیں اور ہر سال کم از کم دو کورس ہوتے ہیں۔
  • ۲۰۰۳ء میں دینی مدارس کے فضلا کے لیے ایک سالہ خصوصی تربیتی کورس کا اہتمام کیا گیا جس میں انہیں بین الاقوامی قوانین کا اسلامی احکام سے تقابلی مطالعہ، نفسیات، معاشیات، اور سیاسیات کا تعارفی مطالعہ، تقابل ادیان ومذاہب، تاریخ، عربی وانگریزی زبانیں، کمپیوٹر ٹریننگ اور مضمون نویسی کی تربیت کے علاوہ امام ولی اللہ دہلوی کی حجۃ اللہ البالغہ کے منتخب ابواب پڑھائے جاتے ہیں۔ اس سال پانچ فضلا نے سال بھر اکادمی میں قیام کر کے اس کورس کی تکمیل کی ہے۔ کورس کے شرکا سے کوئی فیس نہیں لی جاتی اور ان کے قیام وطعام اور تعلیمی اخراجات کی کفالت اکادمی کرتی ہے۔
  • دینی مدارس اور سکول وکالج کے اساتذہ کے لیے ۱۶ ۔ستمبر سے ۲۵۔ اکتوبر تک جدید عربی بول چال کے چالیس روزہ خصوصی کورس کا اہتمام کیا گیا۔
  • مقامی آبادی کو علاج معالجہ کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ’’الشریعہ فری ڈسپنسری‘‘ قائم ہے جو روزانہ شام کے اوقات میں مریضوں کی خدمت انجام دیتی ہے۔
  • ای میل کے ذریعے سے کسی دینی وعلمی فکری مسئلہ کے حوالے سے افہام وتفہیم کے لیے الشریعہ اکادمی سے رابطہ کیا جا سکتا ہے مگر مناظرانہ اسلوب اور بحث برائے بحث سے مکمل گریز کی درخواست ہے۔

آئندہ تعلیمی سال کے پروگرام

دسمبر ۲۰۰۳ء میں اکادمی میں دینی مدارس کے اساتذہ کے لیے ایک مشاورتی وتربیتی ورک شاپ کا اہتمام کیا جا رہا ہے جس میں دینی مدارس میں طریقہ تدریس وتعلیم اور طلبہ کی فکری وذہنی تربیت کے حوالہ سے ضروری امور کا جائزہ لیا جائے گا۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

سال ۲۰۰۴ء کے لیے خصوصی تربیتی کورس کا آغاز جنوری سے ہوگا جبکہ داخلے کی درخواستیں دسمبر میں وصول کی جائیں گی۔ 

انٹر نیٹ پر Pal Talk پروگرام کے تحت (www.paltalk.com) تقاریر، خطبات اور لیکچرز کی براہ راست نشریات کا اہتمام کر لیا گیا ہے اور رمضان المبارک کے بعد پہلے مرحلہ میں ماہانہ فکری وعلمی نشست کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

آئندہ سال کے دوران میں ضروری دینی وتعلیمات پر مشتمل انٹرنیٹ کورس زیر ترتیب ہے۔ انتظامات مکمل ہونے پر اس کا آغاز کر دیا جائے گا۔ ان شاء اللہ تعالیٰ

الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ خالصتاً ایک تعلیمی اور رفاہی ادارہ ہے جس کی کوئی مستقل آمدنی نہیں ہے اور اس کے تمام تر اخراجات اصحاب خیر کے رضاکارانہ تعاون سے پورے ہوتے ہیں۔ اکادمی کے سالانہ تعلیمی اخراجات کا تخمینہ آٹھ لاکھ روپے ہے جبکہ تعمیری اخراجات اس کے علاوہ ہیں۔ اکادمی کے تہہ خانہ اور پہلی منزل کا بنیادی ڈھانچہ تعمیر ہو چکا ہے جبکہ مکمل تیاری کا کام باقی ہے۔ بالخصوص مسجد، لائبریری اور مدرسۃ البنات کی فوری تکمیل ضروری ہے جس کے اخراجات کا اندازہ بارہ لاکھ روپے ہے۔ 

احباب سے درخواست ہے کہ اس کار خیر میں مندرجہ ذیل صورتوں میں سے کسی صورت میں ہاتھ بٹائیں:

۱۔ پروگرام کی کام یابی اور قبولیت کے لیے بارگاہ ایزدی میں خصوصی دعا فرمائیں۔

۲۔ پروگرام کی کام یابی اور بہتری کے لیے اپنے مفید مشوروں، تجاویز اور راہ نمائی سے نوازیں۔

۳۔ اس میں علمی وفکری تعاون اور اشتراک کی کوئی صورت نکالیں۔

۴۔ خود ذاتی طور پر اور دوسرے اصحاب خیر کو توجہ دلا کر اکادمی کے تعلیمی وتعمیراتی اخراجات میں جتنا ممکن ہو سکے، تعاون کریں۔

۵۔ زیادہ سے زیادہ دوستوں کو الشریعہ ویب سائٹ کا ایڈریس دیں تاکہ وہ ماہنامہ ’’الشریعہ ‘‘ اور دیگر مضامین کا مطالعہ کر سکیں۔

۶۔ لائبریری کے لیے مختلف موضوعات پر کتابیں اور سی ڈیز مہیا کریں۔

۷۔اگر کوئی میگزین یا ویب سائٹ آپ کے زیر اثر ہے تو اس میں اکادمی کا تعارف شائع کرا دیں۔

۸۔ اپنے احباب اور متعلقین کو توجہ دلائیں تاکہ وہ اکادمی کے تعلیمی وتربیتی پروگراموں سے استفادہ کر سکیں۔

۹۔ اسلامی تعلیمات، احکام وقوانین اور تہذیب وثقافت کے حوالہ سے کوئی مخالفانہ سرگرمی، مواد یا پروگرام آپ کے علم میں آئے تو اس سے آگاہ کریں۔

۱۰۔ فضلا کے لیے ایک سالہ خصوصی کورس کے شرکا میں سے کسی کا خرچ اپنے ذمہ لے لیں۔

۱۱۔ الشریعہ فری ڈسپنسری کے لیے نقد عطیات یا دواؤں کی صورت میں تعاون فرمائیں۔

برائے تعاون و ترسیل زر

Alsharia

Current Account # 06820012601403

HBL, G.T. Road Branch

Gujranwala

Swift Code: HABBPKKA682


الشریعہ اکادمی

(نومبر ۲۰۰۳ء)

تلاش

Flag Counter