ورلڈ اسلامک فورم کا قیام

مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

پاکستان سے میری طویل غیر حاضری اور لندن میں قیام کے مقاصد میں سے ایک اہم مقصد کی طرف بحمد اللہ تعالیٰ پیشرفت ہوئی ہے اور چند اصحاب فکر نے راقم الحروف کی دعوت پر لبیک کہتے ہوئے ”ورلڈ اسلامک فورم‘‘ کے نام سے ایک نیا فکری حلقہ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

’’الشریعہ‘‘ کے قارئین گواہ ہیں کہ راقم الحروف نے علمائے کرام اور دینی تحریکات کے قائدین کی خدمت میں ہمیشہ یہ عرض کیا ہے کہ اسلام کے غلبہ و نفاذ کی جدوجہد میں مؤثر پیش قدمی کے لیے ضروری ہے کہ اسلام کے حوالہ سے مغربی فلسفہ کا مکمل ادراک حاصل کیا جائے، مغرب کے چیلنج کی نوعیت اور سنگینی کو پوری طرح سمجھا جائے، اور مغربی میڈیا کے مزاج اور طریق واردات سے کماحقہ واقفیت حاصل کی جائے۔ کیونکہ مغربی فلسفہ پوری قوت اور وسائل کے ساتھ اسلام اور مسلمانوں پر حملہ آور ہے اور دشمن کی جنگی تکنیک اور ہتھیاروں سے واقفیت حاصل کیے بغیر محض جذبات کے سہارے خم ٹھونک کر میدان میں کود پڑنے کا نتیجہ ہلاکت کے سوا کچھ نہیں ہوتا۔ لیکن اس کے لیے ضروری تھا کہ دینی تحریکات کے قائدین، دانشوروں اور کارکنوں میں احساس کو اجاگر کرنے کے لیے فکری کام کو منظم کیا جائے، اور اس کام کے لیے سب سے زیادہ موزوں مقام لندن ہے۔ اس لیے بھی کہ لندن مغربی تہذیب اور میڈیا کا ہیڈ کوارٹر ہے، اور اس لیے بھی کہ دنیا بھر کے مختلف ممالک اور اقوام کے ساتھ رابطہ کے لیے یہ سب سے بہتر مرکز ہے۔ 

راقم الحروف نے گذشتہ پانچ ماہ کے قیامِ برطانیہ کے دوران بیسیوں اجتماعات اور علماء و دانشوروں کے ساتھ سینکڑوں ملاقاتوں میں اس احساس کو اجاگر کرنے کی کوشش کی اور بحمد اللہ کچھ سنجیدہ اصحاب فکر و دانش کو تلاش کر لیا جو اپنے اپنے مقام پر اسی اضطراب اور بے چینی کا شکار تھے، لیکن انہیں کسی اجتماعی عمل کی راہ سجھائی نہیں دے رہی تھی، چنانچہ اس سلسلہ میں پہلا اجلاس ۲۲ نومبر ۹۲ء کو لیٹن سٹون لندن میں جناب غلام قادر کی رہائش گاہ پر بزرگ عالم دین حضرت مولانا مفتی عبد الباقی صاحب مدظلہ العالی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بنیادی طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اس مقصد کے لیے ’’ورلڈ اسلامک فورم‘‘ کے نام سے ایک فکری حلقہ قائم کیا جائے۔ 

دوسرا اجلاس ۵ دسمبر ۹۲ء کو ختم نبوت سنٹر لندن میں ہوا، اس کی صدارت بھی حضرت مولانا مفتی عبد الباقی مدظلہ نے کی اور اجلاس میں تیس کے قریب سرکردہ علمائے کرام اور دانشوروں نے شرکت فرمائی، اجلاس میں جو اہم فیصلے کیے گئے ان کا خلاصہ درج ذیل ہے: 

  • راقم الحروف کو ’’ورلڈ اسلامک فورم‘‘ کے چیئرمین کی حیثیت سے ذمہ داری سونپی گئی، جبکہ مولانا محمد عیسیٰ منصوری کو سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا۔ مولانا منصوری کا تعلق گجرات (انڈیا) سے ہے لیکن ایک مدت سے لندن میں مقیم ہیں۔ کچھ عرصہ لندن کے تبلیغی مرکز کے امام رہے ہیں، صاحبِ مطالعہ، صاحبِ قلم اور صاحبِ دانش عالمِ دین ہیں، با صلاحیت اور سرگرم راہنما ہیں۔ ہمارے ساتھ جناب غلام قادر، جناب عبد الرحمٰن باوا، جناب انور شریف، حاجی ولی آدم پٹیل، مولانا کلام احمد، ایم افتخار احمد اور محمد الطاف رانا پر مشتمل ورکنگ کونسل تشکیل دی گئی۔
  • حضرت مولانا مفتی عبد الباقی صاحب مدظلہ العالی نے فورم کی سرپرستی قبول فرمائی۔ مفتی صاحب صوبہ سرحد کے بزرگ علماء میں سے ہیں، حضرت السید مولانا محمد یوسف بنوری رحمہ اللہ تعالیٰ کے رفقاء میں سے ہیں، طویل عرصہ سے لندن میں مقیم ہیں اور لندن میں انہیں مفتئ شہر کی حیثیت حاصل ہے۔
  • علماء اور دانشوروں کو مغربی میڈیا کے مزاج اور طریق واردات سے روشناس کرانے کے لیے لندن میں اکیڈمی طرز کا تربیتی ادارہ قائم کیا جائے گا اور کچھ انگلش جاننے والے علماء کو بطور خاص اس کام کے لیے ٹریننگ دی جائے گی۔
  • لندن میں ایک ماہانہ فکری نشست کا اہتمام کیا جائے گا جس میں مختلف مکاتب فکر کے اصحابِ علم و دانش کو اہم موضوعات پر اظہار خیال کی دعوت دی جائے گی۔
  • یورپ میں مقیم مسلمانوں کے تعلیمی و معاشرتی مسائل کا دینی نقطۂ نظر سے جائزہ لیا جائے گا۔ اور اس مقصد کے لیے اگلے سال ۱۹۹۳ء میں جولائی کے دوران لندن میں ایک بڑی کانفرنس کا اہتمام کیا جائے گا۔
  • عالم اسلام کی دینی تحریکات کے درمیان باہمی روابط اور اشتراک و مشاورت کی فضا قائم کرنے کے لیے منظم کوشش کی جائے گی۔
  • مشرقی یورپ کے کمیونزم سے آزاد ہونے والے ممالک میں مقیم مسلمانوں کے لیے بطور خاص ان کی علاقائی زبانوں میں دینی لٹریچر کی اشاعت کا اہتمام کیا جائے گا۔
  • نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں کو دینی معلومات مہیا کرنے کے لیے خط و کتابت اور آڈیو کورسز کا اجراء کیا جائے گا۔
  • اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ علمی و فکری مسائل میں اہل السنت والجماعت کے مسلّمات کی پابندی کی جائے گی اور ائمہ اربعہ رحمہم اللہ تعالیٰ کے قائم کردہ اصولِ اجتہاد سے کسی صورت میں خروج نہیں کیا جائے گا۔
  • تمام دینی جماعتوں اور حلقوں کے ساتھ یکساں روابط کی پالیسی اختیار کی جائے گی اور ان کے باہمی تنازعات میں فریق بننے سے گریز کیا جائے گا۔
  • مسلم حکومتوں کی معروف لابیوں میں سے کسی ایک کے ساتھ وابستگی سے مکمل احتراز کیا جائے گا۔
  • مختلف موضوعات پر مختلف زبانوں میں لٹریچر کی اشاعت کے علاوہ اردو اور انگلش میں ایک ماہنامہ جریدہ فورم کے ترجمان کی حیثیت سے شائع کیا جائے گا، ان شاء اللہ العزیز۔

یہ سب امور ابھی عزائم ہیں، انہیں عمل کے دائرہ میں داخل ہونے کے لیے خدا جانے ابھی کتنے مراحل سے گزرنا ہے۔ اور ہمارے پاس ان مسائل کی سنگینی کا احساس اور ان کے لیے کچھ کر گزرنے کی تڑپ کے سوا اور کچھ بھی نہیں ہے، مگر اللہ تعالیٰ کی بارگاہ سے ناامیدی نہیں ہے۔ اس ذاتِ عالی نے اگر کچھ دلوں کو ایک عرصہ تک احساس اور اضطراب کی تپش سے گرمائے رکھا ہے اور پھر چند سلگتے دلوں کو یکجا کر دیا ہے تو اس کے دربار سے کچھ کر گزرنے کی توفیق بھی ضرور ملے گی۔ بس اسی ایک امید کے سہارے پر ’’ورلڈ اسلامک فورم‘‘ نے اپنے سفر کا آغاز کیا ہے۔ بے شک ہماری نیتیں اور ارادے اس کی بارگاہ میں پیش کیے جانے کے قابل نہیں ہیں لیکن جب اس کے سوا دامن میں کچھ ہے ہی نہیں تو حضرت یوسف علیہ السلام کے بھائیوں کی طرح ’’جئنا ببضاعۃ مزجاۃ‘‘ کے اعتراف کے سوا اور کیا کر سکتے ہیں؟ اللہ تعالیٰ خلوصِ نیت نصیب فرمائیں، توفیقِ عمل سے نوازیں اور مذکورہ بالا عزائم کی تکمیل آسان کر دیں کہ اس کی عطا کردہ توفیق ہی سب پونجیوں سے بڑی پونجی ہے اور تمام قوتوں سے بالاتر قوت ہے، آمین یا الہ العالمین۔

(مطبوعہ الشریعہ جنوری ۱۹۹۳ء)


ورلڈ اسلامک فورم

(اکتوبر ۱۹۹۶ء)

اکتوبر ۱۹۹۶ء

جلد ۷ ۔ شمارہ ۴

ورلڈ اسلامک فورم کی چار سالہ کارگزاری
مولانا محمد عیسٰی منصوری

فورم کے پہلے باضابطہ اجلاس کا دعوت نامہ
مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

ورلڈ اسلامک فورم کا قیام
مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

لندن میں ماہانہ فکری نشست کا آغاز: مولانا سعید احمد پالنپوری کا فکر انگیز خطاب
ادارہ

ورلڈ اسلامک فورم کا پہلا سالانہ سیمینار
ادارہ

مغربی ممالک میں مسلمان بچوں کی دینی تعلیم
ادارہ

ورلڈ اسلامک فورم کا دوسرا سالانہ تعلیمی سیمینار
ادارہ

ورلڈ اسلامک فورم کی مرکزی کونسل کا سالانہ اجلاس
مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

مغربی میڈیا اور عالمِ اسلام
ادارہ

ورلڈ اسلامک فورم کا تیسرا سالانہ سیمینار
ادارہ

ورلڈ اسلامک فورم کا دوسرا سالانہ میڈیا سیمینار
ادارہ

ڈاکٹر سید سلمان ندوی کا دورہ برطانیہ
ادارہ

اقوامِ متحدہ کی قاہرہ کانفرنس اور عالمِ اسلام
ادارہ

آزادیٔ صحافت کے عالمی دن کے موقع پر گوجرانوالہ میں مجلسِ مذاکراہ
ادارہ

مولانا محمد عیسیٰ منصوری کا دورۂ جنوبی افریقہ
ادارہ

انسانی حقوق اور سیرتِ نبویؐ
مولانا مفتی محمد تقی عثمانی

علماء کو مولانا ابو الحسن علی ندوی کی تلقین
حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندویؒ

ورلڈ اسلامک فورم کے قیام پر مہتمم دارالعلوم دیوبند کی مبارکباد
مولانا مرغوب الرحمٰن بجنوری

پاکستان شریعت کونسل کے قیام کی ضرورت کیوں پیش آئی؟
مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

پاکستان شریعت کونسل کی مرکزی مجلس شورٰی کا تاسیسی اجلاس
مولانا ابوعمار زاہد الراشدی

تلاش

Flag Counter