’’نوادرات ام الکتاب‘‘
حافظ الحدیث والقرآن حضرت مولانا محمد عبد اللہ درخواستی دامت برکاتہم کے نوااسے اور علمی جانشین حضرت مولانا شفیق الرحمٰن درخواستی کو اللہ تعالیٰ نے بہت سی خوبیوں سے نوازا ہے، وہ ایک اچھے مدرس، با عمل عالم اور بے باک خطیب و واعظ ہیں۔ حضرت درخواستی مدظلہ العالی کی صحبت و تربیت کا رنگ ان پر غالب ہے۔ موصوف ماڈل ٹاؤن خانپور کی جامع مسجد میں روزانہ فجر کے بعد قرآن کریم کا درس دیتے ہیں اور زیرنظر رسالہ ان کے سورۃ الفاتحہ پر چالیس دروس کا مجموعہ ہے جسے جامعہ عبد اللہ بن مسعودؓ خلافتِ راشدہ کالونی خانپور ضلع رحیم یارخان کی طرف سے شائع کیا گیا ہے۔ سورۂ فاتحہ کے علوم و معارف اور اس سے متعلقہ احکام و مسائل کو عام فہم انداز میں ان دروس میں پیش کیا گیا ہے اور علماء و ائمہ کے لیے بالخصوص ان کا مطالعہ بہت مفید ہے۔ایک سو چالیس صفحات کے اس رسالہ کی قیمت بیس روپے ہے۔
’’خطبات و مواعظ جمعہ‘‘
از: مولانا مشتاق احمد عباسی
صفحات ۵۸۴ قیمت ۱۲۰ روپے
ناشر: ادارہ صدیقیہ، نزد حسین ڈی سلوا بلڈنگز، ویسٹ نشتر روڈ، کراچی۔
خطباء کرام کے لیے ہر جمعہ پر کسی موضوع کی تلاش اور اس کے لیے مناسب مواد کی فراہمی ایک مستقل مسئلہ ہوتا ہے۔ اس سلسلہ میں مختلف زبانوں میں مشاہیر خطباء کرام کے خطبات وقتاً فوقتاً شائع ہوتے رہے ہیں اور اردو زبان میں بھی خطبات کے بعض مجموعے منظر عام پر آ چکے ہیں۔ زیر نظر ’’مجموعہ خطبات‘‘ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے جسے ہمارے فاضل دوست مولانا حافظ مشتاق احمد عباسی نے مرتب کیا ہے اور ہجری سال کے بارہ مہینوں کی مناسبت سے ہر ماہ کے لیے پانچ خطبات مرتب کر دیے ہیں۔ اندازِ بیان عام فہم ہے اور موضوعات کے مطابق معلومات کا معتمد بہ ذخیرہ جمع کر دیا گیا ہے۔ خطباء کرام کے لیے یہ مجموعہ ایک اچھا تحفہ ہے جو ان کے لیے موضوع اور مواد کی تلاش میں خاصی آسانی پیدا کر دے گا۔
’’احسان الباری لفہم البخاری‘‘
از: شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر
صفحات ۱۳۲ قیمت ۱۸ روپے۔
شیخ الحدیث مولانا محمد سرفراز خان صفدر مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ میں بخاری شریف کے آغاز میں حجیت حدیث اور کتاب الایمان کے بعض علمی مباحث دورۂ حدیث کے طلباء کو املا کراتے ہیں۔ حضرت الشیخ مدظلہ کے فرزند مولانا رشید الحق عابد مدرس مدرسہ نصرۃ العلوم نے انہیں مرتب کیا ہے اور مکتبہ حنفیہ اردو بازار گوجرانوالہ نے علماء اور طلبہ کے عمومی استفادہ کے لیے یہ مجموعہ شائع کر دیا ہے۔