ورلڈ اسلامک فورم کے سیکرٹری جنرل اور ابراہیم کمیونٹی کالج لند ن کے استاد حدیث وفقہ مولانامفتی برکت اللہ گزشتہ ماہ پاکستان تشریف لائے اور ادارہ علوم اسلامی اسلام آباد میں مولانا فیض الرحمن عثمانی اورا ن کے رفقا کے ساتھ مختلف امور پر تبادلہ خیالات کے علاوہ الشریعہ اکادمی گوجرانوالہ میں ’’عصر حاضر میں تدریس حدیث کے تقاضے‘‘ کے عنوان پر منعقد ہونے والے سیمینار میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی، نیز لاہور میں اپنے شیخ حضرت سید نفیس شاہ الحسینی ؒ کی خانقاہ میں حلقہ احباب اور رفقا سے ملاقاتیں کیں۔ مولانا مفتی برکت اللہ نے، جو دارالعلوم دیوبند کے فضلا میں سے ہیں اور حضرت سید نفیس شاہ الحسینی ؒ کے خلیفہ مجاز ہیں، پاکستان میں ورلڈ اسلامک فورم کے حلقہ کے قیام کے لیے فورم کے سرپرست مولانا زاہدالراشدی کے مشورہ سے دو سال کے لیے مندرجہ ذیل تنظیمی ڈھانچہ تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے:
چیئرمین: مولانا فیض الرحمن عثمانی (ادارہ علوم اسلامی، اسلام آباد)
ڈپٹی چیئرمین: مولانا محمد رمضا ن علوی (مسجد عثمان غنی ،جی ٹین مرکز، اسلام آباد)
سیکرٹری جنرل: پروفیسر عبدالماجد (شعبہ عربی پنجاب یونیورسٹی، لاہور)
ڈپٹی سیکرٹری جنرل: حافظ محمدعمار خان ناصر ( الشریعہ اکادمی، گوجرانوالہ)
سیکرٹری اطلاعات: پروفیسر خباب احمد خان (راولپنڈی)
رابطہ سیکرٹری: مولانا قاری جمیل الرحمن اختر (مسجد امن باغبانپورہ ، لاہور)
جبکہ مجلس عاملہ کے ارکان کا اعلان چیئرمین مولانا فیض الرحمن عثمانی بعد میں کریں گے۔
مولانا مفتی برکت اللہ نے کہا ہے کہ ورلڈاسلامک فورم ایک نظریاتی، علمی اور فکری فورم ہے جو اسلامی تعلیمات کے فروغ، عالمی تہذیبی کشمکش کے تناظر میں اسلامی احکام وقوانین کی وضاحت اور دینی حلقوں میں فکری بیداری کے لیے گزشتہ دوعشروں سے سرگرم عمل ہے۔ اس کے چیئرمین مولانا محمد عیسیٰ منصوری ہیں اور ہیڈ آفس لندن میں ہے، جبکہ برطانیہ کے علاوہ بھارت اور بنگلہ دیش میں اس کے باقاعدہ حلقے کام کر رہے ہیں۔