تعارف و تبصرہ

ادارہ

’’شرح شمائل ترمذی‘‘ (جلد دوم)

زیر نظر کتاب جناب نبی اکرم ﷺ کی سنن وشمائل پر امام ترمذیؒ کی معروف کتاب کی اردو میں شرح کا دوسرا حصہ ہے جو ممتاز صاحب علم مولانا عبد القیوم حقانی کے قلم سے ہے اور اس میں جناب نبی اکرم ﷺ کی مبارک عادات وشمائل کی دل نشیں انداز میں وضاحت کی گئی ہے۔

چھ سو کے لگ بھگ صفحات پر مشتمل یہ مجلد کتاب القاسم اکیڈمی، جامعہ ابو ہریرہ، خالق آباد، نوشہرہ، صوبہ سرحد نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت درج نہیں ہے۔

’’صحابہ کرام کا اسلوب دعوت وتبلیغ‘‘

ہمارے فاضل رفیق کار پروفیسر محمد اکرم ورک کے اس تحقیقی مقالہ کے بیشتر حصے ’الشریعہ‘ میں قارئین کی نظر سے گزر چکے ہیں۔ یہ مقالہ کتابی صورت میں مکتبہ جمال کرم لاہور نے شائع کیا ہے۔ 

ساڑھے تین سو سے زائد صفحات پر مشتمل اس مجلد کتاب کی قیمت ۱۳۵ روپے ہے اور اسے الشریعہ اکادمی، ہاشمی کالونی، کنگنی والا گوجرانوالہ سے بھی طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’مشاہیر اراکان برما اور برمی حکومت کے دل خراش مظالم‘‘

جامعہ احتشامیہ جیکب لائن کراچی کے استاذ مولانا حافظ محمد صدیق نے، جو اراکان برما سے تعلق رکھتے ہیں، اس خطے کے مظلوم مسلمانوں کی حالت زار کی تفصیل بیان کی ہے اور برمی حکومت کے مظالم کو بے نقاب کیا ہے۔ برما کے مسلمانوں کی مظلومیت اور بے بسی سے آگاہی کے لیے اس کتاب کا مطالعہ ضروری ہے۔

پونے چار سو صفحات کی یہ ضخیم معلوماتی کتاب مصنف سے مندرجہ بالا پتہ پر طلب کی جا سکتی ہے۔

’’تجزیہ قادیانیت‘‘

ہمارے فاضل دوست اور ماہنامہ الہلال مانچسٹر کے مدیر مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی نے قادیانی نبوت اور مرزا غلام احمد قادیانی کے اخلاق وعادات کا جائزہ لیا ہے اور مستند حوالوں سے قادیانیت کے فریب کا پردہ چاک کیا ہے۔

سوا دو سو سے زائد صفحات کی یہ کتاب جناب عبد الرحمن باوا نے ختم نبوت اکیڈمی لندن سے شائع کی ہے اور پاکستان میں اسے مکتبہ حکیم الامت، ۳۔ ایف ۳/۲، ناظم آباد نمبر ۳، کراچی ۱۸ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’لمحہ لمحہ پھسلتے قدم‘‘

بزرگ دانش ور جناب عبد الرشید ارشد آف جوہر آباد نے اپنے متعدد مضامین میں پاکستان کے نظام تعلیم کو سیکولر بنانے کی کوششوں کا جائزہ لیا ہے اور اس سلسلے میں مغرب کی خواہشات کو بے نقاب کیا ہے۔ اس میں دیگر بعض اہم عنوانات بھی ان کے معلوماتی مضامین میں شامل ہیں۔

پونے دو سو کے لگ بھگ صفحات کی اس کتاب کی قیمت ۷۵ روپے ہے اور اسے النور ٹرسٹ، جوہر پریس بلڈنگ، جوہر آباد سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’مکتوبات افغانی‘‘

بزرگ عالم دین حضرت مولانا قاضی عبد الکریم صاحب مدظلہ آف کلاچی کے نام شیخ التفسیر حضرت مولانا علامہ شمس الحق افغانی کے مکاتیب کو مولانا عبد القیوم حقانی نے کتابی شکل میں مرتب کیا ہے جن میں علامہ افغانی نے اپنے مخصوص انداز میں مختلف مسائل کی وضاحت کی ہے۔

دو سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب القاسم اکیڈمی، خالق آباد، نوشہرہ سے طلب کی جا سکتی ہے۔ 

’’رنگ برنگی بیاض گڑنگی‘‘

مدرسہ نصرۃ العلوم کے فاضل مولانا قاضی محمد اسرائیل گڑنگی نے اپنی بیاض میں مختلف حوالوں سے درج کردہ معلومات کو کتابی شکل میں شائع کیا ہے جو متنوع واقعات اور معلومات پر مشتمل ہے۔

صفحات: ۱۵۸۔ قیمت: ۷۰ روپے۔ ملنے کا پتہ: مکتبہ انوار مدینہ، جامع مسجد صدیق اکبر، محلہ صدیق آباد (اپر چنئی) مانسہرہ۔

تعارف و تبصرہ

(اگست ۲۰۰۴ء)

تلاش

Flag Counter