تعارف و تبصرہ

ادارہ

’’میزان‘‘

سپریم کورٹ آف پاکستان کے سابق جسٹس محترم وجیہ الدین احمد ان محترم جج صاحبان میں شامل ہیں جنہوں نے سودی قوانین کے خاتمہ کے بارے میں تاریخی فیصلہ دیا تھا اور وہ ان بااصول ججوں میں سے ہیں جنہوں نے پی سی او کے تحت نیا حلف اٹھانے سے اس لیے انکار کر دیا تھا کہ وہ دستور پاکستان کے تحت حلف اٹھانے کے بعد اس سے متصادم کوئی اور حلف نہیں اٹھا سکتے۔ جسٹس صاحب موصوف نے مختلف تقاریر، بیانات اور انٹرویوز میں دونوں حوالوں سے اپنے موقف کی تفصیل سے وضاحت کی ہے اور اس کے ساتھ پاکستان کی دستوری تاریخ کے بعض اہم حصوں کی بھی نقاب کشائی کی ہے۔

مولانا عبد الرشید انصاری نے ادارہ نور علیٰ نور کے تحت ان تقاریر، بیانات اور انٹرویوز کا ایک جامع انتخاب ’’میزان‘‘ کے عنوان سے شائع کیا ہے۔ نفاذ اسلام کی جدوجہد سے شعوری تعلق رکھنے والے علماء کرام، ارباب سیاست اور کارکنوں کے لیے اس کا مطالعہ انتہائی ضروری ہے۔ 

قیمت:۲۰۰ روپے۔ ملنے کا پتہ: پاکستان لا ہاؤس، پاکستان چوک، کراچی۔

’’ضرورت رسالت‘‘ او ر ’’تحفہ پاکستان‘‘

شیخ الحدیث حضرت مولانا سلطان محمود رحمہ اللہ تعالیٰ آف کٹھیالہ شیخاں ہمارے بزرگ علماء کرام میں سے تھے۔ انہوں نے ایک عرصہ تک مدرسہ عالیہ فتح پوری دہلی میں صدر مدرس کی حیثیت سے فرائض سرانجام دیے۔ منقولات اور معقولات میں ید طولیٰ رکھتے تھے اور مشکل سے مشکل مسائل کو عام فہم انداز میں پیش کرنا ان کا خصوصی ذوق تھا۔ انہوں نے اس دور میں مختلف دینی موضوعات پر رسائل تحریر فرمائے جن سے علماء کرام اور جدید تعلیم یافتہ حضرات دونوں نے استفادہ کیا۔ اب ان کے پوتے مولانا قاری اسد اللہ (فاضل مدرسہ نصرۃ العلوم) نے ان رسائل کی دوبارہ طباعت کا سلسلہ شروع کیا ہے۔ ان میں سے ’’ضرورت رسالت‘‘ اور ’’تحفہ پاکستان‘‘ کے نام سے دو رسالے اس وقت ہمارے سامنے ہیں۔ 

اول الذکر میں رسالت کی ضرورت، انبیاء کرام علیہم السلام کی بشریت، معجزات اور دیگر ضروری امور کی وضاحت کی گئی ہے۔ ایک سو بار ہ صفحات پر مشتمل اس کتابچہ کی قیمت پچاس روپے ہے۔ جبکہ ’’تحفہ پاکستان‘‘ میں اسلامی سیاست کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی گئی ہے اور چونسٹھ صفحات کے اس کتابچہ پر اس کی قیمت ۶۵ روپے درج ہے۔ یہ دونوں کتابچے مدرسہ خادم علوم نبوت، کٹھیالہ شیخاں، ضلع گجرات سے طلب کیا جا سکتے ہیں۔ 

’’معجم اصطلاحات حدیث‘‘

ادارۂ تحقیقات اسلامی، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی، فیصل مسجد، اسلام آباد کے شعبہ علوم القرآن والحدیث کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر سہیل حسن صاحب نے حدیث نبوی علیٰ صاحبہا التحیۃ والسلام کے حوالہ سے علم حدیث کے وسیع اور متنوع ذخیرہ میں استعمال ہونے والی سینکڑوں اصطلاحات کو حروف تہجی کی ترتیب اور مفید وضاحت کے ساتھ یکجا کر دیا ہے جو علم حدیث کے اساتذہ اور طلبہ کے لیے بطور خاص ایک گراں قدر تحفہ ہے۔

۴۲۴ صفحات پر مشتمل یہ کتاب عمدہ کتابت وطباعت سے مزین ہے اور اس کی قیمت ۳۲۵ روپے ہے۔

’’اسلام اور عصر حاضر کے مسائل وحل‘‘

پروفیسر عبد الماجد صاحب نے عصر حاضر کے متعدد فکری وتہذیبی مسائل کا مختلف مقالات میں اسلامی نقطہ نظر سے جائزہ لیا ہے۔ ان میں سے بعض مقالات وہ ہیں جو اہم کانفرنسوں میں پڑھے گئے اور ان پر مقتدر شخصیات کی طرف سے ایوارڈ بھی دیے گئے۔ ہمارے خیال میں جدید تعلیم یافتہ حضرات کے لیے یہ بطور خاص افادیت کی حامل ہے اور نوجوانوں کی فکری تربیت کے نصاب میں شامل کیے جانے کے لائق ہے۔

مقالات کا یہ مجموعہ ہزارہ سوسائٹی فار سائنس ریلیجن ڈائیلاگ مانسہرہ نے شائع کیا ہے اور ۲۷۰ صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت ۱۰۰ روپے ہے۔ 

’’خطبات شورش‘‘

مجاہد تحریک آزادی اور مجاہد تحریک ختم نبوت آغا شورش کاشمیری مرحوم کا شمار برصغیر کے چوٹی کے خطبا میں ہوتا ہے۔ ملت اسلامیہ میں آزادی کی روح بیدار کرنے اور عقیدۂ ختم نبوت کی اہمیت کو اجاگر کرنے میں آغا شورش کاشمیری مرحوم کی تحریر وتقریر دونوں کا بہت نمایاں حصہ ہے۔

شیخ حبیب الرحمن بٹالوی نے آغا صاحب مرحوم کے بعض اہم خطبات اور ان کے بارے میں مختلف اصحاب دانش کے تاثرات کا خوبصورت انتخاب پیش کیاہے جو ہر باذوق شخص کے لیے تحفہ کی حیثیت رکھتا ہے۔

۳۳۶ صفحات کی اس مجلد کتاب کی قیمت دو سو روپے ہے اور اسے مکتبہ احرار، 69/C، حسین سٹریٹ، نیو مسلم ٹاؤن، لاہور سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’مولانا سید ابو الحسن علی ندویؒ ‘‘

مفتی محمود اکیڈمی کراچی نے مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندوی کی حیات وخدمات پر ایک سیمینار منعقد کیا جس میں ممتاز علماء کرام اور اہل دانش نے مقالات وخطبات کے ذریعہ حضرت مرحوم کی ملی خدمات پر خراج عقیدت پیش کیا۔ ہمارے فاضل دوست جناب محمد فاروق قریشی نے ان مقالات وخطبات کو کتابی صورت میں جمع کر دیا ہے، اس میں حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندوی کے بعض اہم مکتوبات کا اضافہ کیا ہے، اور حضرت مرحوم کی چند نادر تحریریں بھی شامل کر دی ہیں۔

۲۱۶ صفحات کی اس مجلد کتاب کی قیمت ۱۳۰ روپے ہے اور اسے جمعیۃ پبلی کیشنز، مسجد پائلٹ سکول، وحدت روڈ لاہور سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’حجیت حدیث‘‘

حجیت حدیث پر معروف محدث الشیخ ناصر الدین الالبانی رحمہ اللہ تعالیٰ کے رسالہ کا حافظ عبد الرشید اظہر صاحب نے اردو میں ترجمہ کیا ہے جس میں حدیث وسنت کی حجیت واہمیت پر مفید بحث کے ساتھ تقلید کے جواز اور عدم جواز کی بحث کو بھی شامل کر دیا گیا ہے۔ اس سے ہٹ کر حجیت حدیث کے حوالے سے یہ رسالہ خاصا معلوماتی ہے۔

۸۸ صفحات پر مشتمل یہ رسالہ مجلس التحقیق الاسلامی، 99/J، ماڈل ٹاؤن، لاہور نے شائع کیا ہے اور اس کی قیمت ۹ روپے درج ہے۔

’’زیارۃ القبور‘‘

شیخ الاسلام ابن تیمیہؒ نے ایک سوال کے جواب میں قبروں کے حوالے سے مختلف شرعی احکام کی وضاحت کی ہے اور قبروں پر ہونے والی رسوم وبدعات کی اپنے مخصوص انداز میں تردید کی ہے۔ اس میں توسل بالذات کے بارے میں ان کا مخصوص مسلک بھی شامل ہے۔ اس کا اردو ترجمہ المکتبۃ السلفیۃ شیش محل روڈ لاہور نے شائع کیا ہے اور اس کی قیمت درج نہیں ہے۔

’’ذبح کرنے کا طریقہ اسلام اور سائنس کی روشنی میں‘‘

ڈاکٹر شفیق الرحمن صاحب نے جانور کو ذبح کرنے کے اسلامی طریقے کی شرعی اور سائنسی اصولوں کی روشنی میں وضاحت کی ہے اور اس سے متعلقہ مسائل کو عام فہم انداز میں پیش کیا ہے۔ 

۲۰ صفحات کا یہ رسالہ مجلس التحقیق الاسلامی، 99/J، ماڈل ٹاؤن لاہور نے شائع کیا ہے۔

’’دعوت وتبلیغ کی چھ صفات پر منتخب آیات‘‘

تبلیغی جماعت کے مبلغین عام طور پر اپنی گفتگو کا دائرہ ۱۔ کلمہ طیبہ، ۲۔ نماز، ۳۔ علم وذکر، ۴۔ اکرام مسلم، ۵۔ اخلاص نیت اور ۶۔ دعوت وتبلیغ کے چھ نکات تک محدود رکھتے ہیں۔ مولانا حافظ مومن خان عثمانی فاضل مدرسہ نصرۃ العلوم نے ان نکات کے حوالے سے قرآن کریم کی آیات کا ایک جامع انتخاب کیا ہے اور ترجمہ کے ساتھ ساتھ مختلف تفاسیر سے ان کی وضاحت بھی درج کر دی ہے۔

دو سو چالیس صفحات پرمشتمل اس مجلد کتاب کی قیمت ۹۰ روپے ہے اور اسے دار الکتاب، عزیز مارکیٹ، اردو بازار لاہور سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’روئیداد اسلام آباد فقہی سیمینار‘‘

المرکز الاسلامی بنوں کے تحت مولانا سید نصیب علی شاہ ایم این اے کی نگرانی میں ۱۵، ۱۶ مارچ ۲۰۰۳ء کو جامع مسجد دار السلام اسلام آباد میں ’’اسلام کا مالیاتی نظام‘‘ کے عنوان پر علمی سیمینار منعقد ہوا جس میں عنوان سے متعلقہ بہت سے اہم پہلوؤں پر فاضل علما اور اہل دانش نے مقالات پیش کیے۔ اس کی روداد المرکز الاسلامی ڈیرہ روڈ بنوں کی طرف سے شائع کی گئی ہے اور مختلف مقالات وخطابات کے اہم نکات بھی اس میں شامل کر دیے گئے ہیں۔

۲۴ صفحات کی رپورٹ مندرجہ بالا ایڈریس سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

چند معلوماتی اور مفید رسائل

جناب محمد عطاء اللہ صدیقی ہمارے ملک کے معروف صاحب قلم ہیں جو وقتاً فوقتاً مختلف موضوعات پر اخبارات وجرائد میں معلوماتی مضامین لکھتے ہیں اور خاص طور پر مغرب کی فکری اور تہذیبی یلغار کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہیں۔ ’’ویلنٹائن ڈے‘‘، ’’نور جہاں فتور جہاں‘‘، ’’بسنت‘‘ اور ’’پنجابی کانفرنس‘‘ کے بارے میں ان کے مضامین کو الگ الگ رسالوں کی صورت میں اسلامک ہیومن رائٹس فورم، 99/J، ماڈل ٹاؤن، لاہور نے شائع کیا ہے۔

’’سرکار کے قدموں میں ‘‘

معروف نعت گو شاعر سید صبیح الدین رحمانی کے حمد باری تعالیٰ اور نعت رسول مقبول ﷺ پر مشتمل کلام کا ایک مختصر اور خوب صورت انتخاب بزم غوثیہ نعت انٹر نیشنل جامع مسجد غوثیہ اے ایریا ملیر کالا بورڈ کراچی نے شائع کیا ہے۔

۳۲ صفحات کے اس جیبی سائز کے کتابچہ کی قیمت دس روپے ہے۔

ادارہ اشاعت الاسلام مانچسٹر کی مطبوعات

ادارہ اشاعت الاسلام مانچسٹر محترم الحاج ابراہیم یوسف باوا کی سرپرستی اور ان کے لائق فرزند مولانا حافظ محمد اقبال رنگونی کی ادارت میں تعلیمی، اصلاحی اور اشاعتی محاذ پر گراں قدر دینی خدمات سرانجام دے رہا ہے اور اس کی مختلف مطبوعات اب تک سامنے آ چکی ہیں۔ ان میں سے چند کا ایک تعارف درج ذیل ہے:

  • ’’فضائل عید‘‘: اس میں الحاج ابراہیم یوسف باوا نے عید کے فضائل واحکام کا ذکر کیا ہے۔
  • ’’پچاس قرآنی اعمال‘‘: مختلف امراض کے روحانی علاج کے حوالے سے پچاس قرآنی دعاؤں اور اعمال کا مجموعہ الحاج ابراہیم یوسف باوا نے مرتب کیا ہے۔
  • ’’دین وایمان کی دو باتیں‘‘: رسول اللہ ﷺ کے جن ارشادات میں دو دو باتوں کا ذکر کیا گیا ہے، ان کا ایک خوب صورت انتخاب الحاج ابراہیم یوسف باوا نے پیش کیا ہے۔
  • ’’معارف طیب‘‘: حکیم الاسلام حضرت مولانا قاری محمد طیبؒ کے ارشادات وفرمودات میں سے چند اہم امور کا انتخاب حافظ محمد اقبال رنگونی نے کیا ہے جن میں عیسائی دنیا کے نام ایک اہم پیغام بھی شامل ہے۔
  • ’’حضرت امیر معاویہؓ‘‘: امیر المومنین حضرت امیر معاویہؓ کے بارے میں اہل سنت کے عقائد کی روشنی میں حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ کے ارشادات میں سے اہم باتوں کا انتخاب حافظ محمد اقبال رنگونی نے پیش کیا ہے۔
  • ’’فضائل واعمال رمضان المبارک‘‘: الحاج ابراہیم یوسف باوا کے قلم سے رمضان المبارک کے فضائل اور اعمال کا ایک مختصر انتخاب شائع کیا گیا ہے۔

خوب صورت ٹائٹل اور عمدہ کتابت وطباعت سے مزین یہ کتابچے مندرجہ ذیل پتہ سے طلب کیے جا سکتے ہیں:

IDARA ISHA'AT-UL-ISLAM, P.O. Box 36, Manchester, M16 7AN (UK)

تعارف و تبصرہ

(جولائی ۲۰۰۳ء)

تلاش

Flag Counter