تعارف و تبصرہ

ادارہ

ماہنامہ ’’القاسم‘‘ کا مفتی کفایت اللہ نمبرؒ

مفتی اعظم ہند حضرت مولانا مفتی کفایت اللہ دہلویؒ جنوبی ایشیا کے دینی، سیاسی اور علمی حلقوں میں کسی تعارف کے محتاج نہیں اور ان کی خدمات اس خطہ کی ملی تاریخ میں ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے جنوبی ایشیا کے مسلمانوں کی علمی ودینی راہ نمائی کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کی جرات مندانہ قیادت کی اور علماء حق کی قیادت میں ممتاز اور نمایاں مقام پر سرفراز ہوئے۔ انہیں اپنے دور میں جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے مفتی کی حیثیت سے یاد کیا جاتا تھا اور ان کے فتاوی ایک عرصہ تک اہل علم کی راہ نمائی کے لیے مشعل راہ کا کام دیتے رہیں گے۔

حضرت مفتی صاحبؒ کی وفات پر ہفت روزہ ’’الجمعیۃ‘‘ دہلی نے ان کی خدمات اور حالات زندگی پر ایک ضخیم نمبر شائع کیا تھا جس میں ممتاز اصحاب قلم اور ارباب دانش نے ان کی علمی، سیاسی اور دینی جدوجہد کے مختلف گوشوں کو آشکار کیا ہے اور نئی نسل کو ان کے حوالے سے تاریخ کے ایک پورے دور سے متعارف کرایا ہے۔ جامعہ ابو ہریرہ خالق آباد نوشہرہ صوبہ سرحد کے ترجمان ماہنامہ ’’القاسم‘‘ کے سرپرست اعلی مولانا عبد القیوم حقانی نے الجمعیۃ کے اس ’’مفتی اعظم نمبر‘‘ کو جدید اضافوں اور ترتیب کے ساتھ ’’القاسم‘‘ کی خصوصی اشاعت کی شکل میں پیش کیا ہے جو آج کے نوجوان علماء کرام اور دینی کارکنوں کے لیے گراں قدر تحفہ ہے اور قافلہ حق کے ہر کارکن کے لیے اس کا مطالعہ ضروری ہے۔

عمدہ کتابت وطباعت اور مضبوط جلد کے ساتھ بڑے سائز کے سوا دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل یہ ضخیم نمبر مذکورہ بالا پتہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’پاکستان میں اسلام کا نظام کیسے قائم ہو؟‘‘

ہمارے محترم اور فاضل دوست مولانا حافظ مہر محمد میانوالوی کا خصوصی ذوق یہ ہے کہ وہ اہل السنۃ والجماعۃ کے عقائد وافکار کی وضاحت اور ان پر کیے جانے والے اعتراضات وشبہات کے جوابات کے ساتھ اصلاح معاشرہ اور ملک میں نفاذ اسلام کی جدوجہد کے حوالہ سے بھی کچھ نہ کچھ لکھتے رہتے ہیں۔ زیر نظر کتابچہ اس سلسلہ میں ان کے دو مضامین پر مشتمل ہے جن میں انہوں نے اسلامی نظام کی اہمیت اور خوبیوں کو بیان کرتے ہوئے اس کے عملی نفاذ کے سلسلہ میں حکومت کے سامنے مختلف تجاویز پیش کی ہیں۔ چھوٹے سائز کے ۶۴ صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ پاکستان شریعت کونسل ضلع میانوالی نے شائع کیا ہے اور اسے جامعہ توحید وسنت ‘ بن حافظ جی تحصیل وضلع میانوالی سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’ڈاڑھی ہماری‘‘

ڈاڑھی جناب نبی اکرم ﷺ اور دیگر انبیاء کرام علیہم السلام کی سنت اور ہمارا دینی شعار ہے جس کی اہمیت وافادیت پر بہت سے علماء کرام نے قلم اٹھایا ہے۔ مبین ٹرسٹ پوسٹ بکس ۴۷۰ اسلام آباد ۴۴۰۰۰ نے اس سلسلہ میں حضرت مولانا محمد یوسف لدھیانوی شہیدؒ کے چند مضامین کا ایک جامع انتخاب مذکورہ بالا عنوان کے تحت شائع کیا ہے۔ آرٹ پیپر پر ۴۴ صفحات پر مشتمل یہ خوبصورت کتابچہ صدقہ جاریہ کے طور پر پیش کیا گیا ہے اور اسے مندرجہ بالا پتہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

تعارف و تبصرہ

(مارچ ۲۰۰۱ء)

تلاش

Flag Counter