تعارف و تبصرہ

ادارہ

عالمِ اسلام کی اخلاقی صورتحال

بھارت کے ممتاز دانشور جناب اسرار عالم موجودہ عالمی تناظر میں ملتِ اسلامیہ کو درپیش چیلنجز اور اسلام کے خلاف کام کرنے والی عالمی تحریکات سے مسلمانوں کو آگاہ کرنے میں جس تندہی کے ساتھ مصروفِ عمل ہیں، اسے اللہ تعالیٰ کی خصوصی توفیق اور عنایت سے ہی تعبیر کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلہ میں ان کی متعدد تحقیقی و تجزیاتی کاوشیں منظر عام پر آ کر اہلِ علم و دانش سے داد وصول کر چکی ہیں، جن میں سے ساڑھے چار سو صفحات کی ایک ضخیم تصنیف مندرجہ بالا عنوان کے ساتھ اس وقت ہمارے سامنے ہے۔ بزرگ عالم دین حضرت مولانا قاضی مجاہد الاسلام قاسمی کے بقول:

’’ماضی میں اور دور حاضر میں چلنے والی سری (خفیہ) تحریکات اور مستقبل پر پڑنے والے ان کے اثرات پر جیسی نظر اس کتاب کے مصنف کی ہے، اس کی مثال اس دور میں ملنا مشکل ہے۔ موصوف نے اس ذیل میں اسلامی نظام پر روشنی ڈالتے ہوئے عہد جدید میں یہودی سازش، صلیبی جنگوں کے اثرات، ہیومنزم اور ریشنلزم (عقلیت) کی شناخت اور ان کے اثرات، پھر تاریخی پس منظر، مسلم فلاسفہ اور متکلمین کے کارناموں پر روشنی ڈالتے ہوئے سترہویں صدی سے بیسویں صدی تک کے حالات کا جائزہ لیا ہے۔ پھر انہوں نے ماڈلز (سانچوں) پر گفتگو کی ہے اور اس ذیل میں سیکولرازم کے نظریہ، اس کی تاریخ، اس کے اصل مقاصد، اصول اور عالمِ اسلام میں سیکولرائزیشن کے اثرات کا تفصیلی جائزہ لیا ہے۔‘‘

ہمارے خیال میں اسلام اور مغربی فلسفہ و تہذیب کی موجودہ کشمکش کو صحیح تناظر میں سمجھنے کے لیے ہر عالم دین اور دینی کارکن کو اس کتاب کا ضروری مطالعہ کرنا چاہیے۔ عمدہ کتابت و طباعت اور مضبوط جلد کے ساتھ یہ کتاب ’’قاضی پبلشرز اینڈ ڈسٹربیوٹرز، ب۔۳۵ بیسمنٹ، حضرت نظام الدین ویسٹ، نئی دہلی ۱۳، انڈیا‘‘ نے شائع کیا ہے اور قیمت درج نہیں ہے۔

حکیم الامت حضرت تھانویؒ کے خطبات و مواعظ

حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانوی قدس اللہ سرہ کی تصانیف کے ساتھ ساتھ ان کے مواعظ و خطبات بھی عام مسلمانوں کے عقائد و اخلاق کی اصلاح اور دینی و روحانی تربیت کے لیے بے پناہ افادیت و تاثیر کے حامل ہیں، اور امت کا ایک بڑا حصہ ان سے مسلسل استفادہ کر رہا ہے۔ ان مواعظ کو عام لوگوں کے لیے قدرے آسان زبان میں پیش کرنے کا سلسلہ حضرتؒ کی زندگی میں ہی ان کی نظرثانی کے ساتھ شروع کیا گیا تھا۔ ’’تسہیل المواعظ‘‘ کے نام سے ان کا مجموعہ کئی جلدوں میں شائع ہو چکا ہے۔

اب انہی مواعظ کو الگ الگ عنوانات کے ساتھ چھوٹے کتابچوں کی صورت میں شائع کرنے کا سلسلہ ’’انجمن احیاء السنہ نفیر آباد، باغبان پورہ، لاہور‘‘ نے شروع کیا ہے۔ اور ان میں سے (۱) تکبر کا علاج (۲) پاکیزہ زندگی (۳) آخری عشرہ کے احکام (۴) رمضان کا خالص رکھنا (۵) حاضری کا خوف (۶) ایصال ثواب اور اس کے احکام و مسائل (۷) التہذیب (۸) نگاہ کی حفاظت اور (۹) صوم اور عید کی تکمیل، کے عنوان سے خطبات اس وقت ہمارے سامنے ہیں، اور انہیں عمدہ کتابت و طباعت اور خوبصورت ٹائٹل کے ساتھ دیدہ زیب بنانے میں اچھے ذوق کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ یہ خطبات ’’یادگار خانقاہ امدادیہ اشرفیہ، جامع مسجد قدسیہ، نزد چڑیا گھر، لاہور‘‘ سے بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

اقوالِ سلف

بھارت کے بزرگ عالم دین حضرت مولانا محمد قمر الزمان الٰہ آبادی نے محنتِ شاقہ کے ساتھ ’’اقوالِ سلف‘‘ کے نام سے سلف صالحین رحمہم اللہ تعالیٰ کے ہزاروں اقوال کو جمع فرمایا ہے جو ان بزرگانِ دین کی زندگی بھر کے مطالعہ و تجربات کا نچوڑ ہیں، اور اصلاح و تربیت کے لیے بے پناہ افادیت کے حامل ہیں۔ حصہ اول میں حضراتِ صحابہ کرامؓ، تابعینؒ اور اتباع تابعینؒ میں سے نمایاں شخصیات سمیت تیسری صدی تک کے اہم بزرگوں کے اقوال جمع کیے گئے ہیں، جو سوا تین سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہیں۔ ’’قاسم اکیڈمی جامعہ ابوہریرہ، خالق آباد، نوشہرہ، صوبہ سرحد‘‘ نے پاکستان میں اس روحانی ذخیرہ کی اشاعت کی سعادت حاصل کی ہے۔ اور انڈیا میں اسے ’’مکتبہ دارالمعارف ۴۰۷/۴۶۶ بخشی بازار، الٰہ آباد‘‘ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

معرفتِ الٰہیہ مع اضافات جدیدہ

حکیم الامت حضرت مولانا اشرف علی تھانویؒ کے خلیفہ مجاز اور بزرگ عالم دین حضرت مولانا شاہ عبد الغنی پھول پوریؒ کے حالاتِ زندگی، دینی و روحانی خدمات اور افادات کو حضرت مولانا حکیم محمد اختر صاحب مدظلہ نے اپنے مخصوص والہانہ انداز میں مرتب کیا ہے، اور سوا چھ سو کے لگ بھگ صفحات کا یہ روحانی خزینہ ’’کتب خانہ مظہری، گلشن اقبال، پوسٹ بکس ۱۱۱۸۲ کراچی‘‘ نے شائع کیا ہے۔

نامور خطباء کے خطیبانہ شہہ پارے

جامعہ اشرفیہ لاہور کے فاضل مولانا ابو طلحہ محمد اظہار الحسن محمود نے جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم اور خلفاء راشدینؓ سمیت امت کے اکابر کے خطبات میں سے شہہ پاروں کا انتخاب کیا ہے اور انہیں اس مجموعہ کی صورت میں پیش کر دیا ہے۔ اس میں سلف صالحین کے ساتھ ساتھ دور حاضر کے نامور خطباء کے مواعظ و خطبات میں سے بھی اقتباسات دیے گئے ہیں اور مصنف کی یہ محنت قابل داد ہے۔ سوا دو سو سے زائد صفحات کا یہ مجموعہ ’’القلم پبلشرز ۱۶۵ حبیب پارک ملتان چونگی لاہور ۱۸‘‘ نے شائع کیا ہے اور اس کی  قیمت ایک سو روپے ہے۔

چہل حدیث

مفتی اعظم حضرت مولانا مفتی محمد شفیع قدس اللہ سرہ العزیز نے چالیس احادیث نبویہ علیٰ صاحبہا التحیہ والسلام کا ایک جامع انتخاب کیا تھا جو عام مسلمانوں کے روز مرہ مسائل اور ضروریات کے متعلق ہے۔ اسے ’’مبین ٹرسٹ، پوسٹ بکس ۴۷۰، اسلام آباد ۴۴۰۰۰‘‘ نے شائع کیا ہے اور تقسیم کے لیے وہاں سے طلب کیا جا سکتا ہے۔


تعارف و تبصرہ

(ستمبر ۲۰۰۰ء)

ستمبر ۲۰۰۰ء

جلد ۱۱ ۔ شمارہ ۹

تلاش

Flag Counter