تعارف و تبصرہ

ادارہ

خطباتِ سواتی (جلد ششم)

حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی دامت برکاتہم مہتمم مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کے دروس القرآن اور خطبات سے علماء کرام، خطباء اور دیگر پڑھے لکھے حضرات جس طرح استفادہ کر رہے ہیں وہ بارگاہِ ایزدی میں ان کی قبولیت کی علامت ہے اور بحمد اللہ تعالیٰ اس کا دائرہ دن بدن وسیع ہوتا جا رہا ہے۔

’’خطباتِ سواتی‘‘ کے نام سے حضرت صوفی صاحب کے خطباتِ جمعہ کا چھٹا مجموعہ اس وقت ہمارے سامنے ہے جو جناب نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرتِ طیبہ کے متعدد اہم عنوانات پر معلوماتی اور پُر اَثر خطبات پر مشتمل ہے اور خطابت و تدریس سے متعلقہ حضرات کے لیے بطور خاص قابلِ قدر تحفہ ہے۔

صفحات ۴۸۰ ۔ عمدہ طباعت و کتابت ۔ مضبوط جلد ۔ قیمت ایک سو تیس روپے ۔ ملنے کا پتہ: مکتبہ دروس القرآن، فاروق گنج، گوجرانوالہ۔

ہدایہ اور صاحبِ ہدایہ

جامعہ ابوہریرہؓ، خالق آباد، نوشہرہ، صوبہ سرحد کے مہتمم اور معروف مصنف مولانا عبد القیوم حقانی نے ہدایہ کی مسلسل تدریس کے دوران زیرِ بحث آنے والے اہم علمی نکات اور صاحبِ ہدایہ کی سیرت و سوانح کے بارے میں اہم معلومات کو مندرجہ بالا عنوان کے تحت ایک کتابچہ میں جمع کر دیا ہے جو مدرسین اور طلبہ کے لیے بہت فائدہ کی چیز ہے۔

صفحات ۸۰ ۔ کتابت و طباعت معیاری ۔ قیمت درج نہیں ۔ ملنے کا پتہ: القاسم اکیڈمی جامعہ ابوہریرہؓ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ، صوبہ سرحد۔

عقائدِ علماء دیوبند

علماء دیوبند کے عقائد کی وضاحت میں حضرت مولانا خلیل احمد سہارنپوریؒ کا تحریر فرمودہ کتابچہ ’’المہند علی المفند‘‘ ایک تاریخی دستاویز ہے جسے اکابر علماء دیوبند کے ساتھ ممتاز عرب علماء کی تصدیق بھی حاصل ہے۔ حضرت مولانا مفتی عبد الشکور ترمذی دامت برکاتہم نے اسی کی بنیاد پر اردو میں ’’عقائدِ علماء دیوبند‘‘ کے نام سے کتابچہ تحریر فرمایا ہے جسے علماء دیوبند کے علمی حلقوں میں پسند کیا گیا ہے۔ اب انہی کے فرزند مولانا مفتی عبد القدوس ترمذی نے اس کا خلاصہ خوبصورت پاکٹ سائز کتابچہ کی صورت میں عمدہ کتابت و طباعت کے ساتھ شائع کیا ہے جسے جامعہ حقانیہ ساہیوال ضلع سرگودھا سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

ہماری نماز (اردو و انگلش)

حضرت مولانا شاہ مسیح اللہ خان صاحبؒ کے خلیفہ مجاز حضرت مولانا محمد فاروق صاحبؒ نے ’’ہماری نماز‘‘ کے عنوان سے نماز اور اس سے متعلقہ مسائل اور ایمانیات وغیرہ ضروری معلومات پر مشتمل ایک جامع مجموعہ مرتب فرمایا تھا جسے مبین ٹرسٹ پوسٹ بکس ۴۷۰ اسلام آباد ۴۴۰۰۰ نے اردو اور انگلش میں الگ الگ کتابچوں کی صورت میں شائع کیا ہے۔ دونوں کی کتابت و طباعت عمدہ ہے اور انگلش ایڈیشن بطور خاص آرٹ پیپر پر شائع کیا گیا ہے اور مغربی ممالک میں مقیم مسلمان بچوں اور بچیوں کے لیے بہت کارآمد چیز ہے۔

جن حضرات کے رشتہ دار اور عزیز مغربی ممالک میں رہتے ہیں، ہم ان سے خصوصی طور پر گزارش کریں گے کہ وہ نماز، ضروری دعاؤں اور ایمانیات کے عربی متن اور ان کے انگلش ترجمہ پر مشتمل یہ کتابچہ اپنے ان عزیزوں کو بھجوانے کا اہتمام کریں تاکہ ان کے بچے نماز جیسے اہم فریضہ کی تعلیم آسانی کے ساتھ حاصل کر سکیں۔

اللہ تبارک و تعالیٰ کی نعمتیں اور ان کا شکر

حضرت مولانا محمد عبد اللہ شہیدؒ کے فرزند و جانشین اور مرکزی جامع مسجد اسلام آباد کے خطیب مولانا عبد العزیز صاحب نے انسان کے وجود اور اردگرد ماحول میں بکھری ہوئی اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتوں میں سے روزمرہ مشاہدہ میں آنے والی کچھ نعمتوں کو اس کتابچہ میں انتہائی دلنشین اور مؤثر انداز میں قلمبند کیا ہے، اور قرآن و سنت کے حوالوں کے ساتھ ساتھ مشاہدات و تاثرات کی صورت میں ان نعمتوں کی شکرگزاری کے احساس کو اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے۔

ایک سو سے زائد صفحات پر مشتمل یہ خوبصورت کتابچہ جامعہ فریدیہ، ای سیون، اسلام آباد سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

صدر کلنٹن کے نام مراسلہ اور اس کا جواب

مسیحیت کے ممتاز محقق جناب محمد اسلم رانا نے امریکی صدر کلنٹن کے نام پاکستان کی ایک مسیحی تنظیم کے مراسلہ کا تجزیہ کرتے ہوئے اس کا جواب تحریر کیا ہے اور یہ بات واضح کی ہے کہ پاکستان میں مسیحیوں کے حقوق کی  پامالی کے بارے میں عالمی سطح پر جو پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، حقائق کی دنیا سے اس کا کوئی تعلق نہیں ہے اور صرف پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے یہ شور مچایا جا رہا ہے۔

۳۲ صفحات پر مشتمل یہ کتابچہ دفتر ماہنامہ ’’المذاہب‘‘ ملک پارک، شاہدرہ، لاہور سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

میں ایک احمدی تھا

ایک معروف قادیانی دانشور پروفیسر منور احمد ملک نے کچھ عرصہ قبل قادیانیت کو خیرباد کہتے ہوئے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا ہے، اور ایک مضمون میں اپنے قبولِ اسلام کے اسباب و وجوہ اور قادیانی جماعت کے ناگفتہ بہ اندرونی حالات پر روشنی ڈالی ہے۔ یہ مضمون روزنامہ اوصاف اسلام آباد میں شائع ہوا تھا اور اب اسے ہمارے محترم دوست جناب عبد الرشید ارشد نے رائٹرز فورم، جوہر پریس بلڈنگ، جوہر آباد، ضلع خوشاب کی طرف سے پمفلٹ کی صورت میں شائع کیا ہے جو احباب میں تقسیم کے لیے ان سے منگوایا جا سکتا ہے۔

تعارف و تبصرہ

(جون ۲۰۰۰ء)

جون ۲۰۰۰ء

جلد ۱۱ ۔ شمارہ ۶

تلاش

Flag Counter