تعارف و تبصرہ

ادارہ

تقصیراتِ تفہیم

مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ کے افکار و نظریات کے بارے میں علماء اہل سنت کو شروع سے یہ اعتراض رہا ہے کہ انہوں نے متعدد اسلامی عقائد و احکام کی تشریح و تعبیر میں اہل سنت کے مسلّمہ اصول و ضوابط کو ملحوظ نہیں رکھا اور آزادانہ روش اختیار کی ہے۔ اس حوالے سے ان کے مختلف افکار و نظریات پر سرکردہ علماء کرام نے نقد و جرح کی ہے اور اس سلسلہ میں اچھا خاصا لٹریچر موجود ہے۔ مولانا مودودی کی دیگر کتب و رسائل کی طرح ان کی تفسیرِ قرآنِ کریم ’’تفہیم القرآن‘‘ کے بہت سے مقامات پر بھی اہلِ علم نے گرفت کی ہے اور ان کی تعبیرات و تشریحات کو ہدفِ تنقید بنایا ہے۔ بھارت کے بزرگ عالمِ دین حضرت مولانا مفتی عزیز الرحمان بجنوریؒ نے اسی پس منظر میں ’’تفہیم القرآن‘‘ کا تفصیلی جائزہ لے کر اس کے قابلِ اعتراض مقامات پر ایک تبصرہ تحریر فرمایا تھا جو مندرجہ بالا عنوان کے ساتھ انڈیا سے شائع ہوا اور اب اسے زمزم پبلشرز اردو بازار کراچی نے شائع کرنے کا اہتمام کیا ہے۔ دو سو ستر صفحات پر مشتمل یہ کتاب معیاری کتابت و طباعت اور مضبوط جلد کے ساتھ پیش کی گئی اور اس کی قیمت ایک سو روپے ہے۔

تحقیقات و تاثرات

ڈاکٹر سید رضوان علی ندوی ملک کے معروف صاحبِ قلم اور محقق و مؤرخ دانشور ہیں، تاریخ ان کا خاص موضوع ہے۔ تاریخی واقعات کے بارے میں پائی جانے والی غلطیوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کا تحقیقی جائزہ لیتے رہتے ہیں، اور ان کے تنقیدی مضامین ملک کے علمی حلقوں میں اہمیت کے ساتھ پڑھے جاتے ہیں۔ ان کے اسی نوعیت کے چالیس سے زائد مضامین کا مجموعہ مندرجہ بالا عنوان کے ساتھ ادارہ علم و فن ۱۰۸۔۱۸ الفلاح، ملیرہالٹ، کراچی ۷۵۲۱۰ نے شائع کیا ہے۔ جس میں تاریخ و سیاست، شخصیات و سوانح، دینی افکار اور دیگر حوالوں سے مختلف تاریخی واقعات و مسائل کا تحقیقی و تنقیدی جائزہ لیا گیا ہے۔ ڈاکٹر صاحب کا انداز تحقیقی اور زبان شستہ ہے اور ان کے یہ مضامین بلاشبہ اہلِ علم کے مطالعہ اور استفادہ کے لیے قابلِ قدر تحفہ ہیں۔ صفحات ۵۴۴، کتابت و طباعت معیاری، خوبصورت ٹائٹل، مضبوط قیمت ۲۵۰ روپے۔

۔۔۔

قرآن مجید ایک عظیم نعمت

مبین ٹرسٹ پوسٹ بکس ۴۷۰ اسلام آباد کی طرف سے مختلف دینی موضوعات پر معلوماتی کتابچے خوبصورت انداز میں عمدہ کاغذ پر معیاری طباعت و کتابت کے ساتھ شائع کرنے کا سلسلہ جاری ہے اور زیر نظر رسالہ قرآن کریم کی عظمت اور اس کی برکات کے بارے میں چالیس منتخب احادیثِ نبویہ علیٰ صاحبہا التحیۃ والسلام پرمشتمل ہے جن کے ساتھ دیگر مفید معلومات بھی شامل ہیں۔ آرٹ پیپر پر شائع ہونے والے پچاس سے زائد صفحات کے اس رسالہ کا ہدیہ صدقہ جاریہ کے طور پر صرف پندرہ روپے رکھا گیا ہے۔

صبح صادق و شفق کی تحقیق

برطانیہ میں ایک عرصہ سے علماء کرام میں یہ علمی بحث جاری ہے کہ وہاں سال کے جن مہینوں میں غروبِ آفتاب کے بعد شفق خاصی دیر سے غائب ہوتی ہے یا سرے سے غائب ہی نہیں ہوتی، ان مہینوں میں نمازِ عشا، نمازِ فجر اور سحری وغیرہ کے اوقات کے تعین کے لیے کیا صورت اختیار کی جائے؟ اس سلسلہ میں معروف محقق عالمِ دین حضرت مولانا محمد یعقوب قاسمی زید مجدہم آف ڈیوزبری نے شرعی دلائل اور ممتاز مفتیان کرام کے فتاوٰی کی روشنی میں اس مسئلہ کا تحقیقی جائزہ لیا ہے اور آفتاب کے طلوع و غروب کے حوالے سے مختلف ممالک کی واقعاتی صورتحال کی وضاحت کرتے ہوئے متعلقہ مسائل کا شرعی حل پیش کیا ہے۔

مصنف کی کاوش قابلِ دید ہے اور اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والے علماء و طلباء کے لیے یہ کتاب گراں قدر افادیت کی حامل ہے۔ صفحات ۳۲۴، کتابت و طباعت معیاری، مضبوط جلد، قیمت درج نہیں۔ ملنے کا پتہ: مجلسِ تحقیقاتِ شرعیہ

34 Warren Street Savile Town Dewsbury WF129LX (U.K.)


تعارف و تبصرہ

(جولائی ۲۰۰۰ء)

تلاش

Flag Counter