تعارف و تبصرہ

ادارہ

دروس الحدیث

حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی دامت برکاتہم کو اللہ رب العزت نے حکمتِ ولی اللٰہی کی روشنی میں اسلامی عقائد و احکام کی وضاحت کا جو خصوصی ذوق عطا فرمایا ہے وہ اس دور میں دینی مطالعہ کے شائقین کے لیے نعمتِ خداوندی ہے، اور مدرسہ نصرۃ العلوم کے طلبہ اور گوجرانوالہ کے شہریوں کے علاوہ ملک بھر کے ہزاروں علماء کرام اور دیگر مسلمان اس چشمۂ فیض سے سیراب ہو رہے ہیں۔

حضرت صوفی صاحب مدظلہ کا درسِ قرآن کریم ’’معالم العرفان فی دروس القرآن‘‘ کی صورت میں مرتب ہو چکا ہے جس کی بیشتر جلدیں شائع ہو کر باذوق حضرات کے زیر مطالعہ ہیں۔ اور معالم العرفان کے مرتب الحاج لعل دین ایم اے نے اسی طرز پر حضرت صوفی صاحبؒ کے دروسِ حدیث کو مرتب کرنے کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔ جامع مسجد نور مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ میں حضرت صوفی صاحب مدظلہ کا معمول رہا ہے کہ جب تک صحت نے اجازت دی ہے وہ نمازِ فجر کے بعد ہفتہ میں چار دن قرآن کریم اور دو دن حدیثِ نبویؐ کا درس دیتے رہے ہیں اور قرآن کریم کی طرح حدیث کی مختلف کتابوں کا بھی تسلسل اور ترتیب کے ساتھ درس ہوتا رہا ہے۔ یہ دروس ریکارڈ ہو چکے ہیں جنہیں الحاج لعل دین صاحب مرتب کر کے ’’دروس الحدیث‘‘ کے نام سے سامنے لانے کا عزم رکھتے ہیں۔ اس وقت ہمارے سامنے دروس الحدیث کی تین جلدیں ہیں جو ’’مسند امام احمد بن حنبل‘‘ کی ساڑھے چار سو سے زائد روایات پر مشتمل ہیں، جبکہ ان کی مجموعی ضخامت ایک ہزار صفحات کے لگ بھگ ہے اور تینوں جلدیں عمدہ کتابت و طباعت اور مضبوط جلد کے ساتھ مزین ہیں۔

حضرت صوفی صاحب مدظلہ کا اندازِ بیان عام مجالس میں سادہ اور عام فہم ہوتا ہے اور ان کی کوشش ہوتی ہے کہ دقیق علمی اور تحقیقی مباحث سے گریز کرتے ہوئے سامعین کو زندگی کے مختلف شعبوں کے بارے میں مسائل و احکام ذہن نشین کرائے جائیں۔ یہ رنگ دروس الحدیث میں بھی جھلکتا ہے جس کی وجہ سے یہ مجموعۂ احادیث علماء و خطباء کے ساتھ ساتھ عام پڑھے لکھے حضرات کے لیے بھی بھرپور افادیت کا حامل ہے۔

دروس الحدیث کی دو سو تیس صفحات پر مشتمل پہلی جلد کی قیمت پچھتر روپے، چار سو سے زائد صفحات پر مشتمل دوسری جلد کی قیمت نوے روپے، اور اسی ضخامت کی تیسری جلد کی قیمت بھی نوے روپے ہے، جو کاغذ اور کتابت و طباعت کے ہوشربا اخرجات کے اس دور میں بہت واجبی ہے اور ’’مکتبہ دروس القران مدرسہ نصرۃ العلوم محلہ فاروق گنج گوجرانوالہ‘‘ کے احباب کی طرف سے کسی منفعت کے بغیر دروس القرآن اور دروس الحدیث کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے عزم کا عملی اظہار ہے۔ (مدیر اعلٰی)

ریڈیائی تقریریں

تقاریر: مولانا کبیر الدین فاران مظاہری

ناشر: خلافتِ راشدہ اکادمی، اردو بازار، لاہور

صفحات: ۱۳۲

سیرۃ النبی صلی اللہ علیہ وسلم، ارکانِ اسلام، روزہ، عید، قربانی، داستانِ کربلا، مذہب اور انسان، اور انصاف وغیرہ کے عنوانات پر یہ مولانا کبیر الدین فاران مظاہری کی ان تقاریر کا مجموعہ ہے جو مختلف اوقات میں انڈیا کے مختلف ریڈیو اسٹیشنوں سے نشر ہوتی رہیں۔ کتاب کی افادیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ اس پر مقدمہ مفکر اسلام حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندوی نے تحریر فرمایا ہے۔ مستند حقائق و واقعات پر مشتمل یہ مجموعہ دینی ادب میں ایک قابلِ قدر اضافہ ہے۔

آئینہ عملیات

مصنف: صوفی عزیز الرحمٰن پانی پتی

ناشر: اسلامی کتب خانہ لاہور

صفحات: ۲۶۴

عملیات و تعویذات کی بے شمار کتب مارکیٹ میں بک رہی ہیں جو پیشہ ور عاملوں کے لیے تو روپیہ کمانے کی مشین ہیں مگر عوام الناس کے لیے قطعی غیر سنجیدہ بلکہ نقصان دہ ہیں۔ کیونکہ عملیات کے لیے جن شرائط کی ضرورت ہے وہ اکثر و بیشتر مفقود ہوتی ہیں، جس کی وجہ سے اثرات ظاہر نہیں ہوتے اور ان کی اعتقادی پوزیشن کمزور ہوتی ہے۔ اپنے مقام پر ان عملیات و تعویذات کی تاثیر سے انکار نہیں لیکن بہرحال یہ ہر ایک کے بس کی بات بھی نہیں۔ ایک طرف تو غلط مقاصد کے لیے ان کا استعمال بڑھ گیا ہے، اور دوسری طرف کتاب خریدنے والا ہر آدمی حُب اور دشمنی کے باب کھولے بیٹھا ہے۔

ان خطرات و نقائص کی بنا پر ہم عملیات و تعویذات کی کتب کے مارکیٹ میں لانے کے حق میں نہیں ہیں۔ ہاں البتہ وظائف و اوراد کی کتب میں کچھ مضائقہ نہیں۔ مذکورہ کتاب بھی عملیات کے موضوع پر ہے، بلاشبہ اس میں مستند و قابل اعتماد عملیات مذکور و منقول ہیں، لیکن بہرحال عوام خریدنے سے گریز کریں۔ البتہ کتاب کے صفحہ ۱۵ پر عملیات کے لیے جو قواعد منقول ہیں ان کو ملاحظہ کر لینے کے بعد اگر ان کی پابندی ممکن ہو تو بے شک خرید لیں۔

انتخابِ لاجواب (جلد اول)

مرتب: مولانا محمد امجد خان

ناشر: مکتبہ اشاعتِ اسلام، عبد الکریم روڈ، قلعہ گوجر سنگھ، لاہور

صفحات : ۲۴۰

یہ کتاب مولانا قاری محمد اجمل خان کے مرتبہ مضامین کا مجموعہ ہے جو ہفت روزہ خدام الدین اور ہفت روزہ ترجمان اسلام لاہور میں بالاقساط شائع ہو چکے ہیں۔ اس میں ایمان افروز واقعات بھی ہیں اور نصیحت آموز مشاہدات بھی۔ قرآنی و حدیثی وظائف و عملیات بھی ہیں اور طبی نسخہ جات بھی۔ مناقب و فضائل بھی ہیں اور اشعار و لطائف بھی۔ کتاب پڑھنے سے تعلق رکھتی ہے اور ذہن و فکر میں انقلاب پیدا کرنے والی ہے۔

تعارف و تبصرہ

(فروری و مارچ ۱۹۹۵ء)

تلاش

Flag Counter