اخبار و آثار

ادارہ

پروفیسر خلیق احمد نظامی سے فورم کے راہنماؤں کی ملاقات

ورلڈ اسلامک فورم کے راہنماؤں مولانا زاہد الراشدی، مولانا محمد عیسٰئ منصوری اور مولانا سید اسد اللہ طارق گیلانی نے ۳۱ اگست ۱۹۹۴ء کو آکسفورڈ سنٹر فار اسلامک اسٹڈیز میں بھارت کے ممتاز محقق، مصنف اور دانشور پروفیسر ڈاکٹر خلیق احمد نظامی سے ملاقات کی اور ان سے مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا۔ پروفیسر خلیق احمد نظامی کا شمار برصغیر کے چوٹی کے ماہرینِ تعلیم اور محققین میں ہوتا ہے اور وہ ’’شاہ ولی اللہ کے سیاسی مکتوبات‘‘، ’’تاریخِ مشائخِ چشت‘‘ اور ’’سلاطینِ دہلی کے مذہبی رجحانات‘‘ جیسی متعدد علمی اور تحقیقی کتابوں کے مصنف ہیں۔

فورم کے راہنماؤں نے پروفیسر نظامی کو فورم کے پروگرام اور سرگرمیوں سے آگاہ کیا جس پر انہوں نے مسرت کا اظہار کیا اور کہا کہ فکری بیداری اور ذہنی تربیت کا یہ پروگرام وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ماہنامہ الشریعہ کے چند شمارے دیکھ چکے ہیں جو ایک معیاری جریدہ ہے اور اہم مقصد کے لیے  مفید کام کر رہا ہے۔

یاد رہے کہ آکسفورڈ میں اسلامک اسٹڈیز کا سنٹر جو مفکر اسلام مولانا سید ابوالحسن علی ندوی کی نگرانی میں تعلیمی و تحقیقی خدمات سرانجام دے رہا ہے اس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر فرحان احمد نظامی، پروفیسر ڈاکٹر خلیق احمد نظامی کے فرزند ہیں اور مغربی دنیا کو اسلام کے بارے میں ضروری معلومات سائنٹفک بنیادوں پر مہیا کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہیں۔

مولانا منصوری کی والدہ محترمہ انتقال فرما گئیں

ورلڈ اسلامک فورم کے سیکرٹری جنرل مولانا محمد عیسٰی منصوری کی والدہ محترمہ کا گزشتہ دنوں انڈیا میں انتقال ہو گیا، انا للہ وانا الیہ راجعون۔ فورم کے راہنماؤں مولانا زاہد الراشدی، مولانا مفتی برکت اللہ، پروفیسر عبد الجلیل ساجد، مولانا سید اسد اللہ طارق گیلانی، مولانا فیاض عادل فاروقی اور مولانا قاری محمد عمران خان جہانگیری نے مرحومہ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جوارِ رحمت میں جگہ دیں اور پسماندگان کو صبرِ جمیل کی توفیق سے نوازیں۔ اور کہا کہ ہم مولانا منصوری اور ان کے خاندان کے اس غم میں شریک ہیں اور مرحومہ کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا گو ہیں، آمین یا رب العالمین۔

حضرت درخواستیؒ کی یاد میں گلاسگو میں تعزیتی جلسہ

عالمِ اسلام کی ممتاز دینی شخصیت اور جمعیت علماء اسلام پاکستان کے امیر حضرت مولانا محمد عبد اللہ درخواستی رحمتہ اللہ علیہ کی وفات حسرتِ آیات پر گزشتہ روز گلاسگو کی مرکزی جامع مسجد میں ایک تعزیتی جلسہ منعقد ہوا جس کی صدارت پاکستان اسلامائزیشن فورم کے چیئرمین مولانا مفتی مقبول احمد نے کی اور اس میں مختلف طبقات کے مسلمانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر حضرت درخواستیؒ  کی دینی و قومی خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے کہا کہ مولانا محمد عبد اللہ درخواستیؒ اپنے دور کے ولیٔ کامل اور مجاہد عالمِ دین تھے جنہوں نے ساری زندگی نفاذِ شریعت اور تحفظ ختم نبوت کی جدوجہد کے لیے وقف کر دی اور بڑھاپے کے باوجود وہ علماء اور کارکنوں کو نفاذِ اسلام کی جدوجہد کے لیے مسلسل تیار کرتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت درخواستیؒ کی وفات سے ہم ایک خدا ترس بزرگ اور شفیق راہنما سے محروم ہو گئے ہیں۔ وہ ہمارے عظیم اسلاف کی نشانی تھے اور علم و فضل کی قدیم روایات کے امین تھے۔ حضرت درخواستیؒ اپنی طرز کے واحد بزرگ تھے اور اب مدتوں ان کا ثانی نہیں مل سکے گا۔

اس موقع پر حضرت مولانا محمد عبد اللہ درخواستیؒ اور تحریکِ ختمِ نبوت گلاسگو کے کارکن جناب محمد علی جاوید مرحوم کو ایصالِ ثواب کے لیے قرآن کریم ختم کیا گیا اور ان کے لیے دعائے مغفرت کی گئی۔

گلاسگو میں ’’پاکستان اسلامائزیشن فورم‘‘ کا قیام

برطانیہ کے شہر گلاسگو میں پاکستانی کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے متعدد راہنماؤں نے پاکستان میں نفاذِ اسلام کی جدوجہد سے تعاون، اور عالمی سطح پر اسلام اور پاکستان کے خلاف پھیلائی جانے والی غلط فہمیوں کے ازالہ کے لیے ’’پاکستان اسلامائزیشن فورم‘‘ قائم کیا ہے۔ اس سلسلہ میں گزشتہ روز مرکزی جامع مسجد گلاسگو میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت ورلڈ اسلامک فورم کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی نے کی۔ 

اجلاس میں وطنِ عزیز پاکستان میں نفاذِ اسلام کے سلسلہ میں اب تک کیے جانے والے اقدامات کے خاتمہ کے لیے مغربی لابیوں کے دباؤ کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور طے پایا کہ مغربی ممالک میں مقیم مسلمانوں بالخصوص پاکستانیوں کو اس سلسلہ میں صحیح حالات سے باخبر رکھنے اور اسلام اور پاکستان کے بارے میں مخالف لابیوں کے منفی پراپیگنڈا کا جواب دینے کے لیے منظم جدوجہد کی جائے گی اور پاکستان کی دینی و سیاسی جماعتوں کو نفاذِ اسلام کی مشترکہ جدوجہد کے لیے تیار کرنے کی محنت کی جائے گی۔

اس مقصد کے لیے مولانا مفتی مقبول احمد کی سربراہی میں ’’پاکستان اسلامائزیشن فورم‘‘ قائم کیا گیا جس کا ہیڈکوارٹر گلاسگو میں ہو گا اور اس کے بنیادی ارکان میں مولانا زاہد الراشدی، چوہدری محمد یعقوب، فضل اکبر محمود، حاجی محمد صادق، حاجی صابر علی اور حاجی غلام مصطفٰی وائیں شامل ہیں۔ فورم کے سربراہ مولانا مفتی مقبول احمد نے اس موقع پر بتایا کہ اس سلسلہ میں گلاسگو میں ستمبر کے آخر میں نظامِ شریعت کانفرنس منعقد کی جائے گی جس میں نفاذِ اسلام کی جدوجہد کو آگے بڑھانے کے لیے تجاویز اور سفارشات کو عملی شکل دی جائے گی، ان شاء اللہ تعالٰی۔

اخبار و آثار

(اکتوبر ۱۹۹۴ء)

تلاش

Flag Counter