شاہ ولی اللہ یونیورسٹی گوجرانوالہ کی سالانہ تقریب

ادارہ

شاہ ولی اللہ یونیورسٹی اٹاوہ جی ٹی روڈ گوجرانوالہ کی سالانہ تقریب ۴ فروری ۱۹۹۴ء کو بعد نمازِ جمعہ یونیورسٹی کیمپس میں منعقد ہوئی جس میں عالمی مجلسِ تحفظِ ختمِ نبوت کے سربراہ حضرت مولانا خواجہ خان محمد مدظلہ العالی بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے، جبکہ دیگر مہمانانِ خصوصی میں سابق صوبائی وزیر چوہدری محمد اقبال ایم پی اے، جناب ایس اے حمید ایڈووکیٹ ایم پی اے، اور جناب عبد الرؤف مغل ایم پی اے شامل تھے۔ اور یونیورسٹی کے سرپرستِ اعلٰی شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر اور سرپرست حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی بھی علالت اور ضعف کے باوجود تقریب میں شریک ہوئے۔ تقریب کی صدارت شاہ ولی اللہ ٹرسٹ کے چیئرمین الحاج میاں محمد رفیق نے کی اور تعلیمی کونسل کے چیئرمین مولانا زاہد الراشدی اور ٹرسٹ کے سیکرٹری جنرل الحاج محمد اشرف شیخ کے علاوہ پروفیسر غلام رسول عدیم اور یونیورسٹی کے طلبہ حافظ عبد الجبار اور فیصل محبوب نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔

اس موقع پر سالانہ رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس سال شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کی طرف سے ایف اے کی پہلی کلاس نے گوجرانوالہ بورڈ سے امتحان دیا ہے اور امتحان دینے والے تقریباً تمام طلبہ پاس ہو گئے ہیں۔ اسی طرح درسِ نظامی کے فضلاء کی پہلی کلاس نے پنجاب یونیورسٹی سے بی اے کا امتحان دیا ہے اور اس میں بھی سب شرکاء پاس ہو گئے ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ کالج میں اس وقت فرسٹ ایئر، سیکنڈ ایئر اور تھرڈ ایئر کی تین کلاسیں زیر تعلیم ہیں، جبکہ درسِ نظامی کے فضلاء کی ایک کلاس ایم اے اور دوسری کلاس بی اے میں زیر تعلیم ہے۔ تمام طلبہ یونیورسٹی کے ہاسٹل میں رہائش پذیر ہیں جن میں سے تقریباً بیس فیصد طلبہ فیس ادا کر رہے ہیں، جبکہ باقی تمام طلبہ کے اخراجات کی کفالت یونیورسٹی کے ذمہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ طلبہ کی رہائش کے لیے جگہ کی تنگی کے باعث دو سو طلبہ کے لیے ہاسٹل کی تعمیر شروع کر دی گئی ہے جس پر تقریباً اسی لاکھ روپے لاگت آئے گی اور اس کا سالِ رواں کے دوران مکمل ہونا ضروری ہے۔ اسی طرح سولہ کنال پر مشتمل وسیع جامع مسجد فضل کی تعمیر کا آغاز بھی ہو گیا ہے جس کی تعمیر کے اخراجات گوجرانوالہ کے معروف تاجر الحاج شیخ سراج الدین برداشت کر رہے ہیں جو اس سے قبل قائد اعظم ڈویژنل پبلک اسکول اور گلشن اقبال (پارک) میں بھی مساجد تعمیر کرا چکے ہیں۔

تقریب میں امتحانات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو مہمانِ خصوصی حضرت مولانا خان محمد مدظلہ نے انعامات دیے۔

اس موقع پر حضرت مولانا خان محمد مدظلہ، حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر، اور حضرت مولانا صوفی عبد الحمید سواتی مدظلہ نے اپنے دستِ مبارک سے مسجد فضل کا سنگِ بنیاد رکھا اور یونیورسٹی کی جلد از جلد تعمیر اور مقاصد میں کامیابی کے لیے دعا فرمائی۔

تقریب میں شہر کے مختلف طبقات کے سرکردہ حضرات، علمائے کرام اور دانشوروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور شاہ ولی اللہ یونیورسٹی کے پروگرام پر مسرت کا اظہار کیا۔

اخبار و آثار

(اپریل ۱۹۹۴ء)

تلاش

Flag Counter