’’نور علیٰ نور‘‘ کا قرآن نمبر
کراچی سے مولانا عبد الرشید انصاری کی زیر ادارت ماہنامہ ’’نور علیٰ نور‘‘ نے قرآن کریم کے حوالہ سے ایک خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا ہے جس کا پہلا حصہ اس وقت ہمارے سامنے ہے جو ممتاز اہل قلم کی نگارشات پر مشتمل ہے اور قرآن کریم کی جمع و تدوین، ناموس رسالت، عقیدۂ ختم نبوت، عظمت صحابہؓ، قرآن کا نظام اور تجوید و قراءت کے ساتھ ساتھ عورتوں کے حقوق و فرائض کے بارے میں قرآن کریم کی تعلیمات جیسے اہم عنوانات کا احاطہ کرتا ہے۔
یہ نمبر معنوی اور صوری لحاظ سے مولانا عبد الرشید انصاری کے حسن ذوق کی نمائندگی کرتا ہے۔ عمدہ کمپوزنگ اور طباعت کے ساتھ پونے چار سو صفحات کے لگ بھگ اس خصوصی اشاعت کی قیمت ۲۵۰ روپے ہے اور اسے مسجد عائشہ صدیقہ، سیکٹر 11/B ، نارتھ کراچی سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’ڈاکٹر محمد حمید اللہؒ ‘‘
عالم اسلام کی ممتاز علمی شخصیت ڈاکٹر محمد حمید اللہؒ کی شخصیت، حالات اور خدمات پر مختلف جرائد میں شائع ہونے والے مضامین کا ایک جامع انتخاب جناب محمد راشد شیخ کی کاوش سے المیزان پبلشرز، ۲۳۴۔ المعصوم ٹاؤن، گلی ۷، ڈاک خانہ فوارہ چوک، فیصل آباد نے شائع کیا ہے جس میں ڈاکٹر صاحب مرحوم کی تصانیف کے تعارف کے ساتھ ساتھ ان کے متعدد مکتوبات بھی شامل اشاعت ہیں۔
۵۰۰ کے لگ بھگ صفحات پر مشتمل اس مجموعہ کی قیمت اڑھائی سو روپے ہے۔
’’بیسل سے بغداد تک‘‘
ممتاز مصنف اور صحافی جناب محمود جاوید نے اسرائیل کے قیام کے لیے ۱۸۹۷ء میں ترتیب دیے جانے والے منصوبہ سے ۲۰۰۳ء میں عراق پر امریکی قبضہ تک صہیونی سازشوں کو تاریخی دستاویزات کے حوالہ سے بے نقاب کیا ہے اور بتایا ہے کہ خلافت عثمانیہ کے خاتمہ سے مشرق وسطیٰ میں اسرائیل کے قیام اور اس کی بالادستی کے لیے مغربی استعمار نے کن مراحل میں کیا کردار ادا کیا ہے۔ اسرائیل کے قیام کے پس منظر اور موجودہ عرب اسرائیل کشمکش کو سمجھنے کے لیے اس کتاب کا مطالعہ انتہائی مفید بلکہ ضروری ہے۔
تین سو سے زائد صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت ۳۰۰ روپے ہے اور اسے حاصل کرنے کا پتہ یہ ہے: A-19، سرینہ ٹاورز، سخی حسن چورنگی، نارتھ ناظم آباد، کراچی
’’صدائے محبت‘‘
جناب محمد موسیٰ بھٹو عصر حاضر کے ان دانش وروں میں سے ہیں جو انتہائی خاموشی اور دل جمعی کے ساتھ فکری محاذ پر سرگرم عمل ہیں اور اردو اور سندھی میں اسلامی افکار و تعلیمات کو جدید اسلوب میں پیش کرنے کے علاوہ معاصر ارباب دانش اور اہل فکر کے ساتھ مراسلت اور تبادلہ افکار کا رابطہ بھی رکھتے ہیں۔ بہت سے ممتاز ارباب علم و فکر کے نام ان کے خطوط کا مجموعہ سندھ نیشنل اکیڈمی ٹرسٹ، ۴۰۰۔بی، لطیف آباد نمبر ۴، حیدر آباد سندھ نے شائع کیا ہے جو بیسیوں فکری مسائل اور علمی امور کی طرف اہل فکر و دانش کو توجہ دلاتے ہیں۔
ضخامت : ۳۹۶ صفحات۔ قیمت : ۱۲۰ روپے۔
’’مولانا مفتی محمودؒ ۔ درویش سیاست دان‘‘
ملک کے معروف صحافی اور کالم نگار سید انور قدوائی نے حضرت مولانا مفتی محمود قدس اللہ سرہ العزیز کی شخصیت اور کردار پر قلم اٹھایا ہے اور ان کے بارے میں اپنی خوب صورت یادیں قلم بند کی ہیں جن سے قومی سیاست میں حضرت مفتی صاحب کی مسلمہ حیثیت کا اندازہ ہوتا ہے۔ کتاب میں سید انور قدوائی کے تاثرات کے علاوہ نواب زادہ نصر اللہ خانؒ، میاں طفیل محمد، حضرت مولانا عبید اللہ انورؒ، سردار محمد عبد القیوم خان، محمد صلاح الدین اور جناب مصطفی صادق کی نگارشات بھی شامل ہیں۔
۲۰۰ صفحات کی اس مجلد کتاب کی قیمت ۱۲۰ روپے ہے اور اسے جمعیۃ پبلیکیشنز، متصل مسجد پائلٹ ہائی اسکول، وحدت روڈ، لاہور نے شائع کیا ہے۔
’’حیات بخاریؒ ‘‘
امیر شریعت سید عطاء اللہ شاہ بخاریؒ کی حیات و خدمات پر ان کے پرانے رفیق خان غازی کابلی مرحوم نے ایک عرصہ قبل قلم اٹھایا تھا مگر یہ کتاب مدت سے ناپید تھی۔ احرار فاؤنڈیشن، 69/C، حسین اسٹریٹ، نیو مسلم ٹاؤن، وحدت روڈ، لاہور نے نئے انداز سے اسے شائع کیا ہے اور جناب شاہد بخاری نے اس میں مزید معلومات کا بھی اضافہ کیا ہے۔
دو سو سے زائد صفحات پر مشتمل اس کتاب کی قیمت ایک سو بیس روپے ہے۔
’’اقبالیات شورشؒ ‘‘
مفکر پاکستان علامہ محمد اقبالؒ کے شارحین اور پیروکاروں میں آغا شورش کاشمیریؒ کا مقام بہت بلند ہے۔ انہوں نے نہ صرف اقبال کی شخصیت، کلام اور افکار سے نئی نسل کو متعارف کرایا بلکہ اقبال کے نام کو اپنے اپنے غلط افکار کے لیے استعمال کرنے والوں کا بھی زندگی بھر تعاقب کیا۔ ہمارے فاضل دوست مولانا مشتاق احمد مدرس جامعہ عربیہ چنیوٹ نے آغا شورش کاشمیریؒ کی تحریروں کو کھنگال کر ان میں سے علامہ اقبالؒ کے بارے میں ان کی منتخب تحریروں کو مرتب کیا ہے جو آج کے دور کی اہم ضرورت تھی۔
احرار فاؤنڈیشن پاکستان کی شائع کردہ اس مجلد کتاب کے صفحات ۳۸۴ اور قیمت ۱۶۰ روپے ہے۔ اسے مذکورہ بالا پتہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
’’خطبات بنگلور‘‘
یہ دار العلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ کے استاذ حدیث حضرت مولانا سید سلمان حسینی ندوی کے خطبات سیرت کا مجموعہ ہے جو انہوں نے بنگلور میں جناب نبی اکرم ﷺ کی سیرت طیبہ اور تعلیمات کے مختلف پہلوؤں پر ارشاد فرمائے۔
صفحات : ۲۰۸ مجلد۔ قیمت : ۶۰ روپے۔ ملنے کا پتہ : مکتبہ ندویہ، پوسٹ بکس ۹۳، ندوۃ العلماء، لکھنؤ، انڈیا
ماہنامہ ’’القاسم‘‘ (تذکرہ و سوانح مولانا سید سلیمان ندویؒ )
جنوبی ایشیا کی علمی و سیاسی دنیا میں حضرت مولانا سید سلیمان ندویؒ کی شخصیت تعارف کی محتاج نہیں۔ جامعہ ابو ہریرہ، خالق آباد نوشہرہ کے سربراہ مولانا عبد القیوم حقانی نے حضرت السیدؒ کے سوانح و افکار پر ماہنامہ ’’القاسم‘‘ کی خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا ہے جس میں حضرت رحمہ اللہ تعالیٰ کی حیات و خدمات کے اہم پہلوؤں کا احاطہ کیا گیا ہے۔
یہ مجلد نمبر ۴۵۶ صفحات پر مشتمل ہے اور اس کی قیمت درج نہیں ہے۔
’’قرآن پاک کا مطالعہ کیسے کیا جائے؟‘‘
مفکر انقلاب حضرت مولانا عبید اللہ سندھیؒ برصغیر میں آزادی کی جدوجہد کے ساتھ ساتھ قرآن فہمی کی تحریک میں بھی حضرت شاہ ولی اللہ دہلویؒ اور شیخ الہند حضرت مولانا محمود حسن دیوبندیؒ کی جماعت کے اہم مفکر اور راہ نما ہیں اور بعض تفردات کے باوجود قرآن فہمی کی جدوجہد میں ان کی حیثیت مسلمہ ہے۔ ان کا گراں قدر مقالہ ’’قرآن کریم کا مطالعہ کیسے کیا جائے؟‘‘ سندھ ساگر اکادمی، ۲۱ عزیز مارکیٹ، اردو بازار لاہور نے شائع کیا ہے جس کے صفحات ۱۱۲ اور قیمت ۶۰ روپے ہے۔
’’انجیل بارناباس کا تحلیلی جائزہ‘‘
حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے حواریوں میں حضرت بارناباسؓ کی شخصیت کا تذکرہ مستند تاریخ میں ملتا ہے اور ان کی مرتب کردہ انجیل بھی تاریخ کے ریکارڈ میں موجود ہے مگر بہت سے مسیحی حلقے ان کی شخصیت اور ان کی مرتب کردہ انجیل کے بارے میں شکوک وشبہات کا اظہار کرتے ہیں۔ محترم بشیر محمود اختر نے اس سلسلے میں اصل صورت حال کا تجزیاتی جائزہ لیا ہے جو اس موضوع سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے بہت مفید کاوش ہے۔
۱۱۲ صفحات کا یہ تحقیقی مقالہ مجلس علم و ادب، قاضی ہاؤس، منصور ٹاؤن، ایبٹ آباد نے شائع کیا ہے اور اس کی قیمت ۶۰ روپے ہے۔
’’حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت امام مہدیؒ ‘‘ (تین اہم رسائل)
سیدنا حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے نزول اور حضرت امام مہدیؒ کے ظہور کے بارے میں امت کے دو نامور محققین و محدثین امام جلال الدین سیوطیؒ اور امام ابن حجر مکی ہیتمیؒ کے گراں قدر رسالوں کو ہمارے فاضل دوست مولانا قاری قیام الدین الحسینی نے اردو کے قالب میں ڈھالا ہے اور الطاف اینڈ سنز، پوسٹ بکس ۵۸۸۲، کراچی ۷۴۰۰۰ نے معیاری انداز میں اسے شائع کیا ہے۔ سوا تین سو سے زائد صفحات کی اس کتاب کی قیمت درج نہیں ہے۔
’’تذکرہ اراکان برما‘‘
میانمار (برما) کے مسلم اکثریت کے صوبہ اراکان کے مسلمان اس وقت اپنے دینی تشخص اور آزادی کے لیے جو جاں گسل محنت کر رہے ہیں اور مصائب و آلام کے جن صبر آزما مراحل سے گزر رہے ہیں، اس سے ہمارے ملک کے اکثر مسلمان بلکہ علمائے کرام تک آگاہ نہیں ہیں۔ مولانا حافظ محمد صدیق اراکانی نے اس سلسلے میں تاریخی حقائق اور موجودہ صورت حال کو بڑی محنت کے ساتھ مرتب کیا ہے اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو اراکان کے مظلوم مسلمانوں کی حالت زار کی طرف توجہ دلائی ہے۔ نیز اراکان کے تاریخی پس منظر اور وہاں کے مسلمانوں کی جدوجہد پر روشنی ڈالی ہے۔
صفحات : ۴۱۰۔ ملنے کا پتہ: مکتبہ فیضیہ، برمی کالونی، ۳۶/جی، لانڈھی، نزد دار العلوم کراچی۔ قیمت درج نہیں۔
جناب محمد طاہر رزاق کی تصانیف
جناب محمد طاہر رزاق قادیانیت کے رد اور عقیدۂ ختم نبوت کے تحفظ کے محاذ پر مسلسل سرگرم عمل رہتے ہیں اور اس حوالے سے ان کی متعدد تصانیف منظر عام پر آ چکی ہیں۔
’’قادیانی افسانے‘‘: جناب محمد طاہر رزاق نے قادیانیت کے حوالہ سے مختلف حقائق کو افسانوی انداز میں بے نقاب کیا ہے اور نئی نسل کو قادیانیوں کے دجل وفریب سے روشناس کرانے کی کوشش کی ہے۔ اس مجلد کتابچہ کے صفحات ۱۳۴ اور قیمت ۵۰ روپے ہے۔
’’قادیانیت‘‘ : یہ مختلف مضامین کا مجموعہ ہے جس میں قادیانیت کے متعدد پہلوؤں کو بے نقاب کرتے ہوئے مسلمانوں کو اس فتنہ سے خبردار کیا گیا ہے۔ صفحات: ۳۵۸۔ قیمت: ۱۰۰ روپے
’’قادیانیت شکن‘‘ : اس مجموعے میں بھی مذکورہ موضوع پر مختلف مضامین کو جمع کیا گیا ہے اور پونے تین سو سے زائد صفحات کی اس مجلد کتاب کی قیمت ۷۵ روپے ہے۔
مذکورہ تمام کتب عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت، حضوری باغ روڈ ملتان سے حاصل کی جا سکتی ہیں۔
’’موذن کا مقام اور اذان کی اہمیت و فضیلت‘‘
مولانا حبیب الرحمن ہاشمی نے اذان کے بارے میں احادیث کے ذخیرہ سے بہت سی مفید معلومات خوب صورت انداز میں جمع کی ہیں اور اذان کی فضیلت و اہمیت کے ساتھ ساتھ مؤذن کے مقام پر روشنی ڈالی ہے۔
۱۲۸ صفحات کی یہ مجلد کتاب مکتبہ قاسمیہ ملتان نے شائع کی ہے۔ اس کی قیمت ۶۰ روپے ہے اور اسے بخاری اکیڈمی، مہربان کالونی، ملتان سے طلب کیا جا سکتا ہے۔
ماہنامہ ’’التبلیغ‘‘ راولپنڈی
ادارۂ غفران راولپنڈی نے ماہنامہ ’’التبلیغ‘‘ کے نام سے ایک دینی و اصلاحی جریدہ کا آغاز کیا ہے جس کا پہلا شمارہ اس وقت ہمارے سامنے ہے۔ مولانا مفتی محمد رضوان اس کے مدیر ہیں اور اس میں مختلف عنوانات پر علمی اور اصلاحی مضامین کو شامل اشاعت کیا گیا ہے۔ کمپوزنگ اور طباعت معیاری ہے۔ فی شمارہ پندرہ روپے اور سالانہ زر مبادلہ ڈیڑھ سو روپے ہے۔ ملنے کا پتہ: ماہنامہ ’’التبلیغ‘‘، ادارہ غفران، پوسٹ بکس ۹۵۹، راولپنڈی
’’اوراد ووظائف‘‘
ہمارے ملک کے معروف خطیب مولانا عبد الکریم ندیم نے قرآن و سنت کی روشنی میں دینی و دنیاوی پریشانیوں کے حل کے لیے ’’اوراد و وظائف‘‘ کے عنوان سے یہ مختصر مجموعہ مرتب کیا ہے اور روز مرہ ضروریات و معمولات کے حوالہ سے مسنون دعاؤں اور وظائف کی طرف راہ نمائی کی ہے۔
صفحات : ۶۴۔ ملنے کا پتہ: انجمن خدام الاسلام حنفیہ قادریہ، مسجد امن، جی ٹی روڈ، باغبانپورہ، لاہور۔