تعارف و تبصرہ

ادارہ

’’احکام فقہیہ قرآن کریم کی روشنی میں‘‘

جامعہ عربیہ مفتاح العلوم حیدر آباد سندھ کے نائب مہتمم مولانا ڈاکٹر عبد السلام قریشی نے سندھ یونیورسٹی جام شورو میں ڈاکٹریٹ کے لیے مقالہ تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے قرآن کریم کے احکام کو فقہی ترتیب کے ساتھ مرتب کیا ہے۔ اردو میں احکام قرآن کو سمجھنے کے لیے یہ ایک اچھا مجموعہ ہے جس سے جدید تعلیم یافتہ حضرات زیادہ سے زیادہ استفادہ کر سکتے ہیں۔

چار سو سے زائد صفحات کی مجلد کتاب کی صورت میں یہ مقالہ مکتبہ الولی، بالمقابل ہوم اسٹیڈ ہال، فاطمہ جناح روڈ، پکا قلعہ، حیدر آباد سندھ نے شائع کیا ہے اور اس پر قیمت درج نہیں ہے۔

’’الکتاب المقبول فی صلوٰۃ الرسول ﷺ‘‘

مولانا حکیم محمود احمد ظفر نے اس ضخیم کتاب میں نماز کے مسائل تفصیل کے ساتھ بیان کیے ہیں اور اس بات کا بطور خاص اہتمام کیا ہے کہ احناف جس ترتیب اور کیفیت کے ساتھ نماز ادا کرتے ہیں، اس کی تمام تفصیلات اور جزئیات حدیث نبوی سے ثابت ہیں اور احناف کی نماز کو سنت رسول کے خلاف کہنے والے خود سنت وحدیث سے بے خبر ہیں۔ علماء کرام اور ائمہ مساجد کے لیے یہ کتاب خصوصی طور پر لائق مطالعہ واستفادہ ہے۔

ساڑھے سات سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب المکتبۃ الاشرفیہ، جامعہ اشرفیہ، فیروز پور روڈ، لاہور نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت درج نہیں ہے۔

’’قرآن، سائنس اور تہذیب وتمدن‘‘

معروف دانش ور ڈاکٹر حافظ حقانی میاں قادری نے اپنی اس ضخیم تصنیف میں اس بات پر روشنی ڈالی ہے کہ قرآن کریم، سائنس اور تہذیب وتمدن کا مخالف نہیں بلکہ کائنات کے مطالعہ وتحقیق اور تسخیر کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور یورپ نے سائنس اور تہذیب وتمدن میں جو پیش رفت کی ہے، اس کی اصل اساس قرآنی تعلیمات اور مسلم دانش وروں کی تحقیقات پر ہے۔

سوا پانچ سو کے لگ بھگ صفحات کی یہ مجلد کتاب دار الاشاعت، اردو بازار، ایم اے جناح روڈ، کراچی نے شائع کی ہے اور قیمت درج نہیں ہے۔

’’فرہنگ سیرت‘‘

معروف روحانی پیشوا حضرت مولانا سید زوار حسین شاہ صاحب رحمہ اللہ تعالیٰ کے فرزند جناب سید فضل الرحمن کو اللہ تعالیٰ نے اس دور میں سیرت نگاری کا خاص ذوق عطا فرمایا ہے اور وہ سیرت نبوی ﷺ پر ایک علمی وتحقیقی شش ماہی مجلہ کی ادارت کے فرائض سرانجام دینے کے علاوہ سیرت پر ایک جامع کتاب کے مصنف ہیں۔ زیر نظر کتاب میں انہوں نے سیرت نبوی میں مذکور ہونے والی اصطلاحات، اسما اور مقامات وغیرہ کی وضاحت کی ہے جو سیرت نبوی کا مطالعہ کرنے والوں کے لیے گراں قدر تحفہ ہے۔ 

سوا تین سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب زوار اکیڈمی پبلی کیشنز، اے، ۴/۱۷ ، ناظم آباد نمبر ۴، کراچی ۱۸نے شائع کی ہے۔

’’پیش گوئیوں کی حقیقت اور دور حاضر میں ان کی تعبیر کا صحیح منہج‘‘

جناب سرور کائنات ﷺ نے قیامت سے قبل رونما ہونے والے متعدد واقعات کی امت کو پیشگی اطلاع دی ہے۔ ہر دور میں علماء امت اپنے زمانے کے حالات کی روشنی میں پیش گوئیوں کے مصداق اور تعبیرات کے بارے میں گفتگو کرتے چلے آئے ہیں۔ حافظ مبشر حسین لاہوری صاحب نے آج کے حالات کو سامنے رکھتے ہوئے ان پیش گوئیوں کے حوالہ سے بحث کی ہے اور مختلف تعبیرات کا جائزہ لے کر اپنے نقطہ نظر کو وضاحت کے ساتھ پیش کیا ہے۔

پونے چار سو کے لگ بھگ صفحات کی یہ مجلد کتاب نعمانی کتب خانہ، حق سٹریٹ، اردو بازار لاہور نے شائع کی ہے۔

’’قیامت کی نشانیاں صحیح احادیث کی روشنی میں‘‘

یہ بھی حافظ مبشر حسین لاہوری صاحب کی تصنیف ہے جس میں انہوں نے احادیث نبویہ کی روشنی میں قیامت کی نشانیوں کو ترتیب کے ساتھ بیان کیا ہے اور متعلقہ احادیث کی تخریج وتحقیق بھی کر دی ہے۔ 

سوا چار سو کے لگ بھگ صفحات پر مشتمل یہ کتاب مبشر اکیڈمی لاہور نے شائع کی ہے اور اسے نعمانی کتب خانہ، حق سٹریٹ، اردو بازار، لاہور سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’جنات کا پوسٹ مارٹم قرآن وسنت کی روشنی میں‘‘

کہانت، نجوم، رمل، جفر، فال، جادو، جنات، دست شناسی اور عملیات کے حوالے سے استعمال ہونے والی دیگر اصطلاحات، فنون اور ذرائع پر سیر حاصل بحث کرتے ہوئے حافظ مبشر حسین صاحب لاہوری نے قرآن وسنت کی روشنی میں ان کی اصلیت کو واضح کیا ہے اور اس کے ساتھ ہی قرآن وسنت کی رو سے امراض کے روحانی علاج کے صحیح طریقہ کی بھی وضاحت کی ہے۔

ساڑھے چار سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب بھی نعمانی کتب خانہ نے شائع کی ہے۔

’’اسلام میں تصور جہاد اور دور حاضر میں عمل جہاد‘‘

اس کتاب میں حافظ مبشر حسین صاحب لاہوری نے جہاد کی تاریخ، اس کے احکام اور جہاد کے اسلامی تصور کا جائزہ لیتے ہوئے دور حاضر کی جہادی تحریکات کے بارے میں اپنے نقطہ نظر کی وضاحت کی ہے اور عالم اسلام کی موجودہ صورت حال کا تحقیقی انداز میں تجزیہ کیا ہے۔

پونے پانچ سو صفحات پر مشتمل یہ کتاب بھی نعمانی کتب خانہ سے طلب کی جا سکتی ہے۔

’’فتنہ جمہوریت‘‘

مولانا حکیم محمود احمد ظفر نے یورپ کے جمہوری نظام اور اسلام کے شورائی نظام میں فرق کو علمی انداز میں واضح کرتے ہوئے اس کتاب میں یہ نقطہ نظر پیش کیا ہے کہ عالم اسلام میں یورپی انداز کی جمہوریت کے نفاذ وترویج کی کوشش ایک فتنہ ہے جس کی اسلامی تعلیمات کی رو سے گنجائش نہیں ہے۔

سوا دو سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب بخاری اکیڈمی، دار بنی ہاشم، مہربان کالونی، ملتان نے شائع کی ہے اور اس کی قیمت ایک سو پچیس روپے ہے۔

’’محسن انسانیت اور انسانی حقوق‘‘

ڈاکٹر حافظ محمد ثانی صاحب نے جناب نبی اکرم ﷺ کے خطبہ حجۃ الوداع کو سامنے رکھتے ہوئے انسانی حقوق کی وضاحت کی ہے اور تاریخی حوالوں کی روشنی میں اس حقیقت کو بیان کیا ہے کہ جناب نبی اکرم ﷺ ہی انسانی حقوق کے سب سے بڑے علم بردار ہیں اور انسانی حقوق کے بارے میں متوازن اور معتدل موقف وہی ہے جو اسلام نے پیش کیا ہے۔

پانچ سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب دار الاشاعت، اردو بازار، ایم اے جناح روڈ، کراچی نے شائع کی ہے۔

’’مہر جہاں فروز ‘‘ (نعتیہ کلام)

گوجرانوالہ کے بزرگ استاذ پروفیسر محمد عبد اللہ جمال ادب وشعر کا عمدہ ذوق رکھتے ہیں اور جناب نبی اکرم ﷺ کی مدح ونعت کے ساتھ انہیں خصوصی شغف ہے۔ زیر نظر کتاب ان کے نعتیہ کلام کا مجموعہ ہے جو بارگاہ رسالت مآب ﷺ کے ساتھ ان کے حسن عقیدت کا آئینہ دار ہے۔

یہ مجلد مجموعہ دو سو چالیس صفحات پر مشتمل ہے، اس کی قیمت دو سو روپے ہے اور اسے جمال پبلشرز، ۲۔ نور باوا گوجرانوالہ سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’ماہنامہ ترجمان القرآن ‘‘ (اشاعت خاص بیاد سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ )

جماعت اسلامی کے بانی مولانا سید ابو الاعلیٰ مودودیؒ کی ولادت کو ایک سو برس گزرنے پر ماہنامہ ترجمان القرآن لاہور نے ان کی زندگی، خدمات اور جدوجہد پر ایک خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا ہے۔ تین سو چونتیس صفحات کی اس ضخیم اشاعت میں جناب قاضی حسین احمد، پروفیسر خورشید احمد اور دیگر ممتاز اہل قلم کی نگارشات شامل ہیں جن میں جماعت اسلامی کے قائدین نے مولانا مودودیؒ کے ساتھ اپنی محبت وعقیدت کے اظہار کے ساتھ ساتھ ان کی جدوجہد کے مختلف پہلوؤں کا بھی احاطہ کیا ہے۔

اس خصوصی شمارہ کی قیمت ۶۰ روپے ہے اور اسے ۵۔اے، ذیل دار پارک، اچھرہ، لاہور سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’واقعات حیرت انگیز امام اعظم ابو حنیفہؒ ‘‘

معروف صاحب قلم مولانا عبد القیوم حقانی نے ’’امام اعظم ابو حنیفہؒ کے حیرت انگیز واقعات‘‘ کے نام سے امام اعظمؒ کی حسین یادوں کا ایک گلدستہ پیش کیا ہے جس نے خاصی قبولیت حاصل کی۔ اسی کا فارسی ترجمہ مولانا پائندہ محمد عظیم بدخشانی نے کیا ہے اور القاسم اکیڈمی، جامعہ ابو ہریرہؓ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ، صوبہ سرحد نے اسے شائع کیا ہے۔

’’سوانح مجاہد ملت حضرت مولانا غلام غوث ہزارویؒ ‘‘

تحریک آزادی کے نامور مجاہد اور تحریک ختم نبوت ونفاذ شریعت کے عظیم داعی حضرت مولانا غلام غوث ہزارویؒ کے حالات زندگی اور خدمات کا مولانا عبد القیوم حقانی نے اس کتاب میں اپنے مخصوص انداز میں تذکرہ کیا ہے اور سوا دو سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب بھی القاسم اکیڈمی نے شائع کی ہے۔

’’مفکر اسلام مولانا سید ابو الحسن علی ندویؒ ‘‘

حضرت مولانا سید ابو الحسن علی ندویؒ کی حیات وخدمات پر مولانا بلال عبد الحی حسنی ندوی کا معلوماتی مقالہ مولانا عبد القیوم حقانی کے پیش لفظ کے ساتھ القاسم اکیڈمی نے شائع کیا ہے۔

’’معجزات سرور عالم ﷺ‘‘

میجر فتح محمد صاحب نے جناب سرور کائنات ﷺ کے معجزات کا دل نشین انداز میں تذکرہ کیا ہے اور القاسم اکیڈمی، جامعہ ابو ہریرہ، خالق آباد، ضلع نوشہرہ، صوبہ سرحد نے اسے شائع کرنے کی سعادت حاصل کی ہے۔ ۸۰ صفحات کے اس کتابچہ کی قیمت تیس روپے ہے۔

’’قرآن اور اقلیم حیوان‘‘

انجینئر شفیع حیدر صدیقی صاحب نے اس کتابچہ میں قرآن کریم میں ذکر ہونے والے حیوانات کا دل چسپ انداز میں تذکرہ کیا ہے اور ان کے بارے میں مفید معلومات جمع کر دی ہیں۔

سوا سو سے زائد صفحات کا یہ کتابچہ دانش کدہ ،C-82، گلشن حدید فیز II ، بن قاسم کراچی نے شائع کیا ہے اور اس کی قیمت ۱۵۰ روپے ہے۔

’’سوانح فتحیہ‘‘

شیخ القراء عارف باللہ حضرت مولانا قاری فتح محمد پانی پتی رحمہ اللہ تعالیٰ کے حالات زندگی اور علمی ودینی خدمات پر استاذ القراء قاری محمد طاہر رحیمی صاحب نے قلم اٹھایا ہے اور حضرت شیخ کے حالات وخدمات اور علمی افادات کے ساتھ ساتھ پانی پت کے دیگر ممتاز علماء کرام اور قراء عظام کے بارے میں بھی معلومات کا ایک متنوع ذخیرہ جمع کر دیا ہے۔

ساڑھے چھ سو کے لگ بھگ صفحات کی یہ مجلد کتاب ادارہ کتب طاہریہ، مسجد باب رحمت، مغل آباد ملتان نے شائع کی ہے۔

’’مسئلہ حیات النبی ﷺ پر یادگار خطبات‘‘

مدرسہ نصرۃ العلوم گوجرانوالہ کے نوجوان فاضل اور مولانا حافظ مہر محمد میانوالوی کے فرزند مولانا محمد عمر فاروق صدیقی نے عقیدہ حیات النبی ﷺ کے بارے میں بزرگ علماء کرام کے خطبات کا ایک مجموعہ مرتب کیا ہے۔

سوا چار سو سے زائد صفحات کی اس مجلد کتاب کی قیمت ۱۸۰ روپے ہے اور اسے مکتبہ حنفیہ، بَن حافظ جی، ضلع میانوالی سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

’’بزم منور‘‘

لندن کے علاقہ بالہم کی مرکزی جامع مسجد کے خطیب مولانا سید منور حسین سورتی کے افادات کو مولانا عبد القیوم حقانی کی سرپرستی میں مرتب کیا جا رہا ہے اور یہ اس کی پانچویں جلد ہے جس کے مضامین کا زیادہ تر تعلق سیرت نبوی ﷺ سے ہے۔ اس مجلد کتاب کے صفحات ۱۷۴ ہیں اور اسے القاسم اکیڈمی نے شائع کیا ہے۔

تعارف و تبصرہ

(دسمبر ۲۰۰۳ء)

تلاش

Flag Counter