تعارفِ کتب

ادارہ

’’مسند الامام ابی حنیفۃؒ‘‘

بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے شعبہ ’’ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی‘‘ نے امامِ اعظم حضرت امام ابوحنیفہ قدس اللہ سرہ العزیز کی روایاتِ حدیث کا مجموعہ ’’مسند الامام ابی حنیفۃ للامام ابی نعیم الاصفہانی‘‘ شائع کرنے کا اہتمام کیا ہے اور ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی کے ڈائریکٹر محترم ڈاکٹر ظفر اسحاق انصاری نے اس کا تعارف ان الفاظ کے ساتھ کرایا ہے کہ

’’امام ابوحنیفہؒ (م ۱۵۰ھ) بطور فقیہ بلکہ فقہی مکتبِ فکر کے بانی کی حیثیت سے تو معروف ہیں، ان کی ایک حیثیت محدث کی بھی تھی۔ ان کی مرویات متعدد  محدثین نے مرتب کی ہیں اور کم و بیش پندرہ (مسانید الامام ابی حنیفہؒ‘‘ سے دنیائے علم متعارف ہے۔ ان سب مسانید کو امام خوارزمیؒ نے ’’جامع المسانید‘‘ کے نام سے مرتب کر دیا تھا۔

ماضی قریب کے ایک بالغ نظر عالم مولانا محمد علی صدیقی کاندھلویؒ نے اپنی تصنیف ’’امام اعظم اور علم الحدیث‘‘ میں ’’مسانید الامام ابی حنیفہؒ‘‘ کے ذکر کے بعد لکھا تھا ’’افسوس ہے کہ یہ سارا ذخیرہ آج آثارِ قدیمہ کی نذر ہے۔ اللہ کرے کوئی صاحبِ علم بزرگ اس علمی خدمت کے لیے آمادہ ہو جائیں۔‘‘

ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی اسلام آباد نے الحمد للہ امام حافظ ابو نعیم اصفہانیؒ (م ۴۳۰ھ) کی مرتبہ ’’مسند امام ابی حنیفہؒ‘‘ پہلی بار (ڈاکٹر عبد الشہید نعمانی، ڈائریکٹر شیخ زید اسلامک سنٹر کراچی یونیورسٹی کی) تحقیق و تخریج کے ساتھ شائع کی ہے۔ اس اہم کتاب کا واحد نسخہ مکتبہ احمد ثالث استانبول میں محفوظ ہے۔ ڈاکٹر عبد الشہید نعمانی نے یہ بلند پایہ علمی کام اپنے والد ماجد اور حدیث کے استاذ مولانا عبد الرشید نعمانی مرحوم کی راہنمائی میں انجام دیا ہے اور اس پر کراچی یونیورسٹی نے انہیں ڈاکٹریٹ کی سند کا مستحق قرار دیا ہے۔‘‘

محترم ڈاکٹر ظفر اسحاق انصاری صاحب کے اس تعارفی نوٹ کے بعد ہم اس سلسلے میں مزید کچھ عرض کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کرتے اور ملک بھر کے علمی اداروں، مراکز اور شخصیات سے ہماری گزارش ہے کہ وہ اس عظیم علمی ورثہ اور ذخیرہ سے استفادہ کی طرف توجہ دیں اور اس کی زیادہ سے زیادہ اشاعت و تقسیم کا اہتمام فرمائیں۔

’’مسند الامام ابی حنیفۃ‘‘ عربی زبان میں پونے چھ سو کے قریب صفحات پر مشتمل ہے جس کی قیمت تین سو روپے ہے اور ادارۂ تحقیقاتِ اسلامی پوسٹ بکس ۱۰۳۵ اسلام آباد سے طلب کی جا سکتی ہے۔

امام محمدؒ کی ’’کتاب الکسب‘‘ کا اردو ترجمہ

امام اعظم حضرت امام ابوحنیفہؒ کے مایہ ناز شاگرد اور حضرت امام شافعیؒ کے استاذ محترم حضرت امام محمد بن حسن شیبانیؒ کی تصانیف میں ’’کتاب الکسب‘‘ صنعت و حرفت اور کسبِ حلال کی اہمیت و ضرورت اور اس کے احکام و مسائل کے حوالے سے ایک اہم کتاب ہے جس سے اہلِ علم ہمیشہ استفادہ کرتے چلے آ رہے ہیں۔

ایک عرصہ سے اس کی ضرورت محسوس ہو رہی تھی کہ کوئی صاحبِ ذوق اس کا اردو میں ترجمہ کر دیں تاکہ اردو دان طبقہ بھی اس سے مستفید ہو سکے۔ اللہ تعالیٰ جزائے خیر سے نوازیں حضرت مولانا ولی اللہ مظاہری صدیقی مہاجر مدنی کو کہ انہوں نے اس کا اردو ترجمہ ’’کسبِ حلال اور راہِ اعتدال‘‘ کے عنوان سے پیش کیا ہے اور اس میں حاشیہ اور فوائد کے طور پر بہت سی قیمتی معلومات کا اضافہ بھی کیا ہے۔ البتہ اصل کتاب اور حاشیہ و فوائد میں امتیاز کی کوئی واضح صورت اختیار نہیں فرمائی جس سے عام قاری کو الجھن ہو سکتی ہے۔ تاہم یہ ایک قابلِ قدر کاوش ہے اور اس کی زیادہ سے زیادہ اشاعت کی ضرورت ہے۔

چار سو کے لگ بھگ صفحات پر مشتمل یہ مجلد کتاب مولانا محمد مدنی نے شائع کی ہے جو پاکستان میں مکتبہ سید احمد شہیدؒ، الکریم مارکیٹ، اردو بازار، لاہور سے طلب کی جا سکتی ہے۔

’’آخری صلیبی جنگ‘‘

محترم جناب عبد الرشید ارشد آف جوہر آباد ہمارے ملک کے باہمت اور باذوق دانشور ہیں جو امتِ مسلمہ کے خلاف صہیونی سازشوں اور سیکولر لابیوں کی معاندانہ سرگرمیوں کی نشاندہی اور ان کے مضمرات و نقصانات سے اہلِ اسلام کو آگاہ کرنے کی مہم میں مسلسل مصروف رہتے ہیں۔ ان کے متعدد کتابچے اور مضامین اس سلسلے میں منظر عام پر آ چکے ہیں اور حال ہی میں انہوں نے ’’آخری صلیبی جنگ ۔ وثائقِ یہودیت کے علمی اور عملی پہلو‘‘ کے عنوان سے ایک کتاب دو جلدوں میں شائع کی ہے جس میں یہود و نصارٰی، ہنود اور کمیونسٹ حلقوں کی خلافِ اسلام سرگرمیوں اور موجودہ عالمی تناظر میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف بین الاقوامی سازشوں، بالخصوص سیکولرازم اور مغربی ثقافت کی ہمہ گیر یلغار کا جائزہ لیا ہے اور اہلِ علم کو ان کے تعاقب کی طرف توجہ دلائی ہے۔ پہلا حصہ ۱۹۲ صفحات اور دوسرا حصہ ۳۷۲ صفحات پر مشتمل ہے۔ جبکہ دونوں کی مجموعی قیمت ۲۲۵ روپے ہے۔

ہمارے خیال میں دینی محاذ پر کام کرنے والے علماء کرام اور کارکنوں کو اسلام اور مغرب کی کشمکش کے موجودہ عالمی تناظر سے آگاہی اور دینی ذمہ داریوں سے باخبر ہونے کے لیے اس کتاب کا ضرور مطالعہ کرنا چاہیے۔ یہ کتاب النور ٹرسٹ، جوہر پریس بلڈنگ، جوہر آباد سے طلب کی جا سکتی ہے۔

ماہنامہ ’’نور علیٰ نور‘‘ (خطیبِ دین و ملت نمبر)

مولانا عبد الرشید انصاری کی زیرادارت کراچی سے شائع ہونے والے ماہنامہ ’’نور علیٰ نور‘‘ نے خطیبِ اہلِ سنت حضرت مولانا محمد ضیاء القاسمی رحمہ اللہ تعالیٰ کی حیات و خدمات اور دینی مساعی کے تذکرہ کے لیے ’’خطیبِ دین و ملت نمبر‘‘ کے عنوان سے ڈیڑھ سو سے زائد صفحات پر مشتمل خصوصی نمبر کی اشاعت کا اہتمام کیا ہے جس میں مختلف اصحابِ علم و دانش نے اپنے اپنے انداز میں حضرت مولانا ضیاء القاسمی کی ملی و دینی خدمات پر روشنی ڈالی ہے۔

اس خصوصی اشاعت کی قیمت ۵۰ روپے ہے اور اسے مسجد عائشہ صدیقہ، سیکٹر ۱۱ بی، نارتھ کراچی سے طلب کیا جا سکتا ہے۔

چند اہم اور مفید رسالے

ہمارے محترم دوست اقبال احمد خان صاحب ایک عرصہ تک عجمان (متحدہ عرب امارات) میں مقیم رہے ہیں اور مختلف دینی موضوعات پر ممتاز اربابِ علم کی نگارشات شائع کر کے تقسیم کرتے رہے ہیں، جن میں شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد سرفراز خان صفدر دامت برکاتہم کا رسالہ ’’درود شریف پڑھنے کا شرعی طریقہ‘‘، حضرت ابو عبیدہ بن الجراحؓ کے حالات و خدمات پر جناب طالب ہاشمی کا رسالہ ’’حضرت ابو عبیدہؓ‘‘ اور مولانا محمد عبد المعبود کا رسالہ ’’مسواک کی فضیلت‘‘ بھی شامل ہیں۔ حاجی صاحب موصوف آج کل گوجرانوالہ میں مقیم ہیں اور ’’ابوعبیدہ ٹرسٹ‘‘ کے زیر اہتمام مختلف تعلیمی و تبلیغی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مذکورہ رسائل دس روپے کے ڈاک ٹکٹ بھجوا کر پوسٹ بکس ۲۵۰ گوجرانوالہ کے پتے سے طلب کیے جا سکتے ہیں۔


تعارف و تبصرہ

(ستمبر ۲۰۰۱ء)

تلاش

Flag Counter