’’خطبات شورش‘‘
آغا شورش کاشمیریؒ کا شمار برصغیر کے نامور خطباء میں ہوتا ہے جنھوں نے خطابت کی رزم گاہ میں خطابت کی جولانیاں دکھائیں اور اس خطہ کے لوگوں کو حریت کے جذبہ سے روشناس کرایا۔ ان کے خطبات کا ایک مجموعہ جناب شیخ حبیب الرحمن بٹالوی نے مرتب کیا ہے اور احرار فاؤنڈیشن لاہور نے اسے شائع کیا ہے۔ اس مجلد مجموعہ کی ضخامت سوا تین سو صفحات سے زائد ہے اور اس کی قیمت ۲۰۰ روپے ہے۔
’’اقبال اور قادیانیت‘‘
محترم پروفیسر خالد شبیر احمد نے قادیانیت کے بارے میں علامہ اقبالؒ کے افکار و تعلیمات اور اس سلسلے میں ایک عرصہ سے چلی آنے والی بحث کو آج کی نئی نسل کے لیے ازسرنو جامع انداز میں مرتب کیا ہے اور اس سلسلے میں مختلف شکوک و شبہات کا جواب دیا ہے۔
دو سو سے زائد صفحات کی یہ مجلد کتاب بھی احرار فاؤنڈیشن پاکستان نے شائع کی ہے۔
ماہنامہ ’’القاسم‘‘ کا تعلیم وتربیت نمبر
جامعہ ابو ہریرہ کے ترجمان ماہنامہ ’’القاسم‘‘ نے تعلیم و تربیت کے مختلف مسائل پر ایک خصوصی اشاعت کا اہتمام کیا ہے جو مختلف اہل علم کی گراں قدر نگارشات پر مشتمل ہے۔
’’بزم منور‘‘ (جلد ۶)
مرکزی جامع مسجد بالہم لندن کے خطیب مولانا منور حسین سورتی کے دروس و خطبات اور افادات کو جامعہ ابو ہریرہؓ کے حافظ محمد قاسم مرتب کر رہے ہیں اور یہ اس کی چھٹی جلد ہے جو تین سو سے زائد صفحات پر مشتمل ہے اور اس مجلد کتاب کی قیمت درج نہیں ہے۔
’’ماں کی عظمت‘‘
شاہی مسجد سرائے عالمگیر ضلع گجرات کے خطیب مولانا جمیل احمد بالاکوٹی نے ماں کی عظمت کے بارے میں قرآن کریم کی آیات، جناب نبی اکرم ﷺ کے فرمودات، بزرگوں کے ارشادات اور نصیحت آموز واقعات کے ذریعے معلومات کا ایک اچھا ذخیرہ مرتب کر دیا ہے جو آج کے دور میں خاص طور پر مفید ہے جبکہ ماں باپ اور بزرگوں کی خدمت و احترام کی معاشرتی اقدار مغرب کی ثقافتی یلغار کی زد میں ہیں۔ ڈیڑھ سو سے زائد صفحات کے اس کتابچہ کی قیمت ۶۰ روپے ہے اور اسے بک کارنر، مین بازار جہلم سے طلب کیا جا سکتا ہے۔