پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں کا دریائے سوات میں سیاحوں کے ڈوبنے کے المناک واقعہ پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے حکومتی غفلت، غیر سنجیدگی اور عوامی تحفظ سے مجرمانہ لاپرواہی کا نتیجہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ ہر سال سیاحتی علاقوں میں اس نوعیت کے حادثات کا تسلسل حکومتی اداروں کی نااہلی اور غیر ذمہ داری کی واضح دلیل ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانیں ضائع ہو رہی ہیں اور ریاستی رٹ کا شدید فقدان نظر آتا ہے۔
پاکستان شریعت کونسل کے امیر مولانا زاہد الراشدی، جنرل سیکرٹری مولانا عبدالرؤف فاروقی، ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا عبدالرؤف محمدی، سیکرٹری اطلاعات پروفیسر حافظ منیر احمد اور دیگر قائدین نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ دریائے سوات میں ڈوبنے والے سیاحوں کا واقعہ نہ صرف ایک انسانی المیہ ہے بلکہ انتظامی غفلت اور سیاحتی مقامات پر حفاظتی اقدامات کی عدم موجودگی کا ناقابل تردید ثبوت ہے۔ حکومت اور متعلقہ ادارے محض بیانات اور رسمی دوروں سے آگے نہیں بڑھ رہے جبکہ ہر سال ایسے دلخراش حادثات کے بعد بھی نہ کوئی پالیسی وضع کی جاتی ہے اور نہ ہی کسی ذمہ دار کو جوابدہ ٹھہرایا جاتا ہے۔
رہنماؤں نے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ سیاحتی علاقوں میں حفاظتی تدابیر لائف گارڈز، وارننگ بورڈز اور ایمرجنسی سروسز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے حادثات سے بچا جا سکے، اور اس واقعے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فوری مالی امداد اور انصاف مہیا کیا جائے۔
پاکستان شریعت کو نسل کے قائدین نے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے، زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے اور پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے واقعات کے خلاف آواز بلند کرے تاکہ ریاست شہریوں کے تحفظ کی اپنی ذمہ داری کو سنجیدگی سے قبول کرے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کے تحفظ میں کوتاہی ناقابل معافی جرم ہے، اور اس کی روک تھام ریاست کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
دریں اثناء پاکستان شریعت کونسل کے رہنماؤں مولانا مفتی رویس خان ایوبی، مولانا عبد القیوم حقانی، مولانا عبدالرزاق، مولانا رشید احمد درخواستی، مولانا تنویر الحق تھانوی، مولانا شبیر احمد کشمیری، چوہدری خالد محمود ایڈووکیٹ، مولانا رمضان علوی، مولانا قاری اللہ داد مفتی محمد نعمان پسروری، مولانا عبدالحفیظ محمدی، مولانا ثناء اللہ غالب، مولانا عبد الحسیب خوستی، مولانا محمد امین، مولانا قاسم عباسی، مولانا حافظ علی محی الدین، مولانا قاری عثمان رمضان، سعید احمد اعوان، مولانا امجد محمود معاویہ، مولانا صاحبزادہ حافظ نصر الدین خان عمر، مفتی جعفر طیار، مولانا عطاء اللہ علوی، مولانا ڈاکٹر سیف الرحمن آرائیں، مولانا عبید الرحمٰن معاویہ، ذوالفقار گل ایڈووکیٹ اور دیگر نے بھی اس افسوسناک واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اور مستقل بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔